کھیلوں میں کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی اس کے خاتمے کیلئے جو بھی کرنا پڑا کرینگے، میچ فکسنگ کم ہو گئی سپاٹ فکسنگ بڑھ گئی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو
دوحہ (این این آئی) کرکٹ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائےگی‘ فیصلہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دیا گیا اس پر مطمئن ہوں‘ محمد عامرسلمان بٹ اور آصف کا کرکٹ میں واپس آنا مشکل ہے‘ پی سی بی نے کرپشن کے خاتمے کے لئے بہت اچھا کردار ادا کیا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہاکہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا دینے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ٹریبونل کے فیصلے سے مطمئن ہوں۔ کھلاڑیوں کے مستقبل کاکوئی پتہ نہیں انہیں کیرئیر کے عروج میں ہی سزا کا سامنا کرنا پڑا تاہم ان کو اپیل کا حق حاصل ہے اور وہ اپیل کرسکتے ہیں۔ ہارون لورگاٹ نے کہا کیس کی جیوری تجربہ کار تھی اس نے متوازن فیصلہ کیا۔ کھیلوں میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ پی سی بی نے کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کئے اس کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے اور مشکلات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کریں گے۔ ہارون لورگاٹ نے کہاکہ تمام معاملے میں پی سی بی کا کردار اچھا رہا۔ چیف ایگزیکٹو آئی سی سی نے کہاکہ ہمیں میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ میں فرق کرنا ہو گا۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا وہ کریں گے میچ فکسنگ کم ہوگئی ہے جبکہ اسپاٹ فکسنگ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ سے کرپشن کے خاتمے کے لئے جو بھی اچھی تجاویز ملی ان پر غور کریں گے۔ اینٹی کرپشن یونٹ کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی