واپس چلیں   پاکستان کی آواز > حالات حاضرہ > خبریں



خبریں پاکستان اور دنیا بھر کی تمام نئی خبروں کے لیئے یہاں تشریف لائیں


آج کی تازہ ترین خبریں

short url
جواب
 
LinkBack موضوع کے اختیارات موضوع کی درجہ بندی ظاہری انداز
پرانا 09-09-08, 09:51 PM   #1
آج کی تازہ ترین خبریں
ابن جلال ابن جلال آف لائن ہے 09-09-08, 09:51 PM

آصف زرداری نے صدر کا حلف اٹھا کر ملکی سیاسی تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا
سسر کے بعد داماد بھی ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز ہو گئے
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) پاکستان کے گیارہویں صدر کی حیثیت سے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے منگل کو ایوان صدر میں حلف اٹھا کر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ سسر کے بعد داماد بھی صدر کے اعلیٰ عہدے پر فائر ہوا ہے۔ آصف علی زرداری کے سسر ذوالفقار علی بھٹو شہید 20 دسمبر 1971ءکو پاکستان کے صدر کے عہدہ پر فائز ہوئے تھے جبکہ آصف علی زرداری نے 6 ستمبر 2008ءکو صدر کے عہدے کا انتخاب بھاری اکثریت سے جیتا اور منگل 9 ستمبر کو صدر کا حلف اٹھایا۔
******** آئٹم نمبر 118 ********
آصف علی زرداری کے صدر کا حلف اٹھانے سے سویلین صدور کا پلڑا بھاری ہو گیا
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدر مملکت کی حیثیت سے منگل کو حلف اٹھانے سے پاکستان کی تاریخ میں تعداد کے لحاظ سے سویلین صدور کا پلڑا بھاری ہو گیا جن کی تعداد اب 6 ہو گئی ہے۔ قبل ازیں پاکستان کے 5 صدور کا تعلق فوج سے جبکہ 5 کا سیاسی جماعتوں سے تھا۔ فوجی صدور میں میجر جنرل سکندر مرزا، فیلڈ مارشل ایوب خان، جنرل محمد یحیٰ خان، جنرل ضیاءالحق اور جنرل پرویز مشرف شامل ہیں۔ فوجی صدور نے کل 31 سال پاکستان پر حکمرانی کی۔ سویلین صدور میں ذوالفقار علی بھٹو اور سردار فاروق خان لغاری اور فضل الٰہی چوہدری کا تعلق پیپلز پارٹی جبکہ غلام اسحاق خان اور جسٹس رفیق تارڑ کو مسلم لیگ کی حمایت حاصل تھی۔ آصف علی زرداری کو پاکستان پر سویلین صدور کی حکمرانی کی مدت فوجی صدور کی حکمرانی کی مدت سے بڑھانے کا اعزاز بھی حاصل ہو گا۔
******** آئٹم نمبر 119 ********
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے چوتھے صدر مملکت نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) پاکستان کے 11 ویں صدر آصف علی زرداری پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے چوتھے صدر ہیں۔ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور پاکستان کے پہلے سویلین صدر ذوالفقار علی بھٹو کے داماد اور عالم اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے شوہر ہیں۔ ان سے پہلے ذوالفقار علی بھٹو 20 دسمبر1971ءسے 14 اگست 1973ءتک پاکستان کے صدر رہے۔ اس کے بعد فضل الٰہی چوہدری 14 اگست 1973ءسے 16 ستمبر 1978ءتک صدر رہے۔پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے تیسرے صدر سردار فاروق احمد خان لغاری تھے جو 14 نومبر1993ءسے 2 دسمبر1997ءتک اس عہدے پر تعینات رہے۔ اس دوران انہوں نے کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی ہی پارٹی کی حکومت اس وقت برطرف کردی جب بے نظیر بھٹو وزیراعظم تھیں تاہم آصف علی زرداری کے بطور صدر حلف اٹھانے کے بعد ماضی کے برعکس پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت میں صدر ووزیراعظم کے درمیان اختیارات کی رسہ کشی کا اندیشہ نہ ہونے کے برابر ہے اور ملک میں سیاسی نظام میں استحکام کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
******** آئٹم نمبر 120 ********
صدر کا حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس سے مصافحہ، چیئرمین سینیٹ اور وزیراعظم سے معانقہ
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) صدر آصف علی زرداری نے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر سے مصافحہ کیا جبکہ چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو اور وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی سے سب سے پہلے معانقہ کیا۔ منگل کو حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی جیسے ہی مبارکباد دینے کیلے آگے بڑھے تو صدر آصف علی زرداری نے ان کو سینے سے لگایا اور ان کا بوسہ لیا۔
******** آئٹم نمبر121 ********
32 سال بعد ہم نے کسی مداخلت اور دباﺅ کے بغیر صدر کا انتخاب کیاہے، آمریت کی طرح دوسرے مسائل سے بھی نجات حاصل کی جائے گی، جمہوریت اپنی پٹڑی پر واپس آگئی ہے
قائمقام چیئرمین سینٹ جان محمد جمالی، قمر الزمان کائرہ اور سیدنوید قمر کی تقریب حلف برداری میں گفتگو
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) قائمقام چیئرمین سینٹ جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ 32 سال بعد کسی مداخلت اور دباﺅ کے بغیر ہم نے صدر کا انتخاب کیا ہے، اب جمہوریت اپنی پٹڑی پر واپس آگئی ۔ منگل کو یہاں ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم 1977ءکی طرف واپس لوٹ گئے ہیں۔2008ءمیں 32 سال بعدکسی مداخلت کے بغیر آصف علی زرداری صدر منتخب ہوئے ہیں۔ وزیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے ایک نئے باب میں داخل ہورہا ہے جس طرح ہم نے آمریت سے جان چھڑائی ہے اسی طرح ملک سے بھوک اور بیروزگاری اور دوسرے مسائل سے بھی نجات حاصل کرکے رہیں گے۔ وزیر خزانہ سید نوید قمر نے کہا کہ جمہوری نظام اب اپنی حتمی شکل کو پہنچ رہا ہے اور یہ ملک اور قوم کےلئے خوش آئند بات ہے۔
******** آئٹم نمبر122 ********
صدر آصف علی زرداری کے حلف اٹھاتے ہی ایوان صدر کا دربارہال جیئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) صدر آصف علی زرداری کے حلف اٹھاتے ہی ایوان صدر کا دربارہال جیئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ منگل کو جیسے ہی صدر آصف علی زرداری کے حلف کی عبارت ختم ہوئی دربار ہال میں موجود پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں اور کارکن فرط جذبات کے مغلوب ہوگئے۔ اس موقع پر وہ اپنی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کو یاد کر کے روتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جذباتی انداز میں جیئے بھٹو جیئے بھٹو اور زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے نعرے لگائے۔
******** آئٹم نمبر123 ********
صدر آصف علی زرداری حلف برداری کی تقریب کے بعد مہمانوں میں گھل مل گئے
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) صدر آصف علی زرداری حلف برداری کی تقریب ختم ہونے کے بعد مہمانوں میں گھل مل گئے۔اس موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، افغان صدر حامد کرزئی، مسلح افواج کے سربراہوں ، سفارتی نمائندوں اور مختلف سیاسی رہنماﺅں نے انہیں صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جس پر صدر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
******** آئٹم نمبر124 ********
ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر آویزاں کردی گئیں
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصاویر آویزاں کردی گئیں۔ منگل کو ایوان صدر میں نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب دربار ہال میں منعقد ہوئی جہاں نومنتخب صدر ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس عبدالحمید ڈوگر، قائمقام صدر محمد میاں سومرو اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کےلئے سٹیج کے دائیں جانب محترمہ بے نظیر بھٹو اور بائیں جانب ذوالفقار علی بھٹو کی تصویر آویزاں کی گئی تھی۔
******** آئٹم نمبر125 ********
سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بہن صنم بھٹو حلف برداری کی تقریب میں آبدیدہ ہوگئیں
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بہن صنم بھٹو حلف برداری کی تقریب میں آبدیدہ ہوگئیں۔ منگل کو ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کےلئے جب نومنتخب صدر آصف علی زرداری ہال میں داخل ہوئے تو صنم بھٹو کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے جبکہ ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے چہروں پر بھی بیک وقت خوشی اور غم کے تاثرات تھے۔
******** آئٹم نمبر 126 ********
متحارب فریقوں کے درمیان فائرنگ سے راہگیر گولی لگنے سے جاں بحق
صوابی (پاک نیٹ نیوز)مانکی ضلع صوابی میں دو فریق کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران راہ گیر گولی لگ جانے سے جاںبحق ہوگیا ۔ پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کی رپورٹ کے مطابق مانکی کے داﺅد خان نے بتایا کہ ان کا بھائی محمد حلیم خان نماز پڑھنے کے بعد رشتہ داروں کے ہمراہ اپنے گھر واپس آرہا تھا کہ راستے میں فریقین فواد اور محمد حلیم کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں محمد حلیم گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ چھوٹا لاہو پولیس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔ (ص ن/ج ق/س چ1450:0
٭٭٭٭٭٭
سپریم کورٹ نے شریف برادران کی نا اہلی کے مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی، نواز شریف ،شہباز شریف سمیت 8 دیگر فریقین کو عدالت میں خود یا بذریعہ وکیل جواب دینے کیلئے دوبارہ نوٹس جاری ،اٹارنی جنرل سردار لطیف کھوسہ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) سپریم کورٹ نے شریف برادران کی انتخابی نا اہلیوں سے متعلق مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر تے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف کو پہلی مرتبہ اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت 8 دیگر فریقین کو عدالت میں خود یا بذریعہ وکیل جواب دینے کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیئے جبکہ اٹارنی جنرل سردار لطیف کھوسہ کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔ منگل کو جسٹس موسیٰ کے لغاری، جسٹس سید زوار حسین جعفری اور جسٹس شیخ حاکم علی پر مشتمل بینچ نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی انتخابی اہلیوں سے متعلق فیڈریشن کی اپیلوں کی سماعت کی۔ مقدمہ کی سماعت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ میں پیش ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل افتخار شاہ نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کے خلاف درخواست گزار نور الہی کو قانونی طور پر نواز شریف کے خلاف اپیل کرنے کا حق نہیں کیونکہ قانونی طور پر اپیل کیلئے موزوں مدت پوری ہوچکی ہے جبکہ نور الہی کے وکیل ڈاکٹر محی الدین قاضی نے عدالت سے استدعا کی کہ فیڈریشن کی درخواست ناقابل سماعت ہے، پہلے اس نکتہ کا فیصلہ کیا جائے کیونکہ اس پر فیصلہ ہونے سے قبل نوازش شریف کے وکیل کے انتظار یا مہلت کی استدعا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم عدالت نے 45 منٹ کیلئے سماعت ملتوی کردی۔ مقدمہ کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو سپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل اشتر اوصاف علی نے عدالت کو بتایا کہ چیف جسٹس آ ف پاکستان کی عدالت میں مقدمہ کی سماعت تاحال جاری ہے اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وہاں مصروف ہیں۔ نواز شریف کے خلاف درخواست گزار خرم شاہ کے وکیل احمد رضا قصوری نے عدالت سے کہاکہ یہ میرے دوست اکرم شیخ ایڈووکیٹ کی حکمت عملی پر مبنی اقدام ہے۔ ان( نوازشریف وغیرہ کے وکلاء) کا اس عدالت کے روبرو کوئی قانونی استحقاق ہیں نہیں بنتا کیونکہ یہ لوگ تو عدالت میں ہیں ہی نہیں۔ عدالت تو اس فرد کی بات سن سکتی اور کوئی حکم دے سکتی ہے جواس کے روبرو موجود یا یا فریاد گزار ہو۔ یہ لوگ تو ابھی عدالت کے باہر ہیں اور جس قسم کی رعایتیں یہ مانگ رہے ہیں وہ ان لوگوں کو عدالت تب دے سکتی ہے جب وہ عدالت میں پیش ہوں۔ بینچ کے سربراہ جسٹس موسیٰ کے لغاری نے کہاکہ ہمیں اس حقیقت کا عتراف ہے لیکن معاملہ کی نزاکت کی وجہ سے یہ رعایتیں دے رہے ہیں۔ احمد رضا قصوری نے کہاکہ ہر تاریخ پر کوئی نہ کوئی عذر پیش ہوتا اور ملک کی صورتحال تبدیل ہو جاتی ہے، میں ذہنی طور پر اب تیار رہتا ہوں کہ کسی بھی لمحے کوئی بھی سنگین صورتحال جنم لے سکتی ہے تاہم میری عدالت سے استدعا ہوگی کہ سیاستدان اور پارلیمانی حالات کی تبدیلیوں کو پیش نظر رکھا کرتی ہے لیکن عدالت کا کام انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرنا ہوتا ہے کیونکہ مجھے علم نہیں کہ جب اگلی سماعت ہوگی تو اس وقت ملکی صورتحال کیا کروٹ لے چکی ہوگی۔ جسٹس موسیٰ کے لغاری نے کہاکہ انسان کو اس سے اچھی ہی توقع رکھنی چاہئے اور مثبت سوچ رکھنی چاہئے۔ احمد رضا قصوری نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ میں بھی اس کی مدد کرتا ہوں جو اپنی مدد کرتا ہے۔ جسٹس موسیٰ کے لغاری نے کہاکہ پھر بھی اﷲ تعالیٰ ہماری مدد کرتا ہے اگرچہ ہمارے جو کام ہیں، ہم کتنا کام کرتے ہیں وہ ہم سب جانتے ہی ہیں لیکن اﷲ تعالیٰ پھر بھی ہم سب پر اپنا فضل فرماتے ہیں۔احمد رضا قصوری نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ ہمیں اتنے فصل سے نواز تا ہے جس کے ہم حقدار نہیں۔ جسٹس موسیٰ کے لغاری نے کہاکہ اگلی تاریخ سماعت پر ہم اس مقدمہ میں کارروائی میں پیشرفت چاہتے ہیں او راس معاملہ میں اٹارنی جنرل بھی پیش ہوں۔ عدالت نے مقدمہ میں فریقین میاں نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، پنجاب حکومت ، سپیکر پنجاب اسمبلی، نور الہی، خرم شاہ، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔
٭٭٭٭سپورٹس ڈیسک٭٭٭٭
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جاری کردہ ویمنز کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں سرینا ولیمز پہلے نمبر پر آ گئیں
پیرس(پاک نیٹ نیوز) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ویمنز کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں امریکہ کی سرینا ولیمز پہلے نمبر پر ہیں۔ سال کے آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے اختتام پر جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق ویمنز سنگل مقابلوں میں امریکہ کی سرینا ولیمز تیسرے سے پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہیں جبکہ سربیا کی جیلینا جانکووچ دوسرے اور اینا آئیوانوچ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایلینا ڈیمنٹوا چوتھے، دینارا سافنا پانچویں، ماریا شیراپوا چھٹے، سوتیلانا کزنٹسوا ساتویں، وینس ولیمز آٹھویں، ویرازونا ریوا نویں، اگنسز کارڈوانسکا دسویں نمبر پر ہیں۔ ڈینیلا ہینچوا گیارہویں، اینا چیکویٹاڈز بارہویں، پیٹی شنائیڈر تیرہویں، مارین برٹولی چودھویں، وکٹوریا آزرنیکا پندرہویں، فلویا پینی یٹا سولہویں، کیرولین وزنیکی سترہویں، ایلز کارنیٹ اٹھارویں، اگنس سزوے انیسویں اور ڈومینیکا کیبلکوا بیسویں نمبر پر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا عالمی رینکنگ میں تنزلی کے بعد 91 ویں نمبر پر پہنچ گئیں
نئی دہلی(پاک نیٹ نیوز) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں ناکامیوں کے ساتھ ساتھ عالمی رینکنگ میں تنزلی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق ثانیہ مرزا 21 درجے تنزلی کے بعد 70 ویں سے 91 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ بھارتی ٹینس سٹار کلائی کی انجری کے باعث گذشتہ کچھ عرصہ سے ٹینس مقابلوں میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکیں اور بین الاقوامی مقابلوں میں مایوس کن کارکردگی کے باعث وہ ٹاپ 30 سے 91 ویں نمبر پر جا پہنچی ہیں جو رواں سال ان کی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تاہم ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ سخت محنت اور لگن سے کھیلتے ہوئے وہ ایک مرتبہ پھر ٹاپ ففٹی میں جگہ بنائیں گی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
امریکی سائیکلسٹ لانس آرم سٹرانگ نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
لاس اینجلس(پاک نیٹ نیوز) امریکی سائیکلسٹ لانس آرم سٹرانگ نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے آٹھویں ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لانس آرم سٹرانگ 18 ستمبر کو ایستانا ٹیم جوائن کریں گے اور پانچ روز مقابلوں ایمجن ٹور آف کیلی فورنیا، پیرس، نائس، ٹور ڈی جارجیا، ڈفنی لیری اور ٹور ڈی فرانس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے 2005ءمیں لیڈولی ٹرائل 100 کولوراڈو ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ وہ ان مقابلوں میں بلامعاوضہ شرکت کریں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
چاروں وزراءاعلیٰ کی آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد
جمہوریت کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ، ملک میں اب جمہوریت مضبوط ہوگی
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) چاروں وزراءاعلیٰ نے آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور مسائل کے حل کےلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار آئیں گی۔ منگل کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا کہ آصف علی زرداری کا انتخاب جمہوریت اور نظام کی فتح ہے اور 8 سال کی آمریت کے خلاف جدوجہد کے بعداس مقام تک پہنچے ہیں۔ آج کا دن مبارک ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان کے انتخاب سے جمہوریت فروغ پائے گی اور ادارے مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن عوام کےلئے خوشی کا دن ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی بارہ تیرہ سال بعد ایوان صدر میں آئی ہے اور شریک چیئرمین آئین کے تحت صدر منتخب ہوئے ہیں اور وہ چور دروازے یا دباﺅ کے نتیجے میں منتخب نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو بہت بڑا مینڈیٹ ملا اب ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وعدے کے مطابق حکومت آصف علی زرداری کی قیادت میں عوام کی خدمت کرے گی اور ان کے مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کی پاسداری کریںگے اور مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سرحد امیر حیدرخان ہوتی نے کہا ہے کہ آج انتہائی مبارک دن ہے ہم آصف علی زرداری کو صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کی قیادت میں ہم آگے بڑھیں گے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
******** آئٹم نمبر100 ********
عوام نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے امید ہے کہ نئے صدر ملک کو مسائل اور چیلنجوں سے نکالنے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے
ممتاز قومی رہنماﺅں اور ارکان پارلیمنٹ کی ایوان صدر میں نئے صدر کی حلف برداری کے موقع پر بات چیت
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) ممتاز قومی رہنماﺅں اور ارکان پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے بحیثیت صدر حلف اٹھانے سے جمہوریت کے قیام کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے، عوام نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے امید ہے کہ نئے صدر ملک کو مسائل اور چیلنجوں سے نکالنے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ منگل کو ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کے دوران جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج آئین کے مطابق عوام کی حکومت کا مرحلہ مکمل ہورہا ہے۔ منتخب لوگوں سے عوام کو بہت توقعات ہوتی ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نئے صدر آصف علی زرداری کو ان توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اب ملک میں جمہوری عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنج درپیش ہیں۔ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کےلئے مسلم لیگ (ن) حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔ سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ آج کا دن خوشی کا دن ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ماضی کا تلخ تجربہ کسی بھی سطح پر نہ دہرایا جائے گا۔ رکن قومی اسمبلی علی محمد مہر نے کہا کہ آج ایک جمہوری صدر نے حلف لیا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ وہ ملک کے نظام میں بہتری لائیں گے اور عوام کی بھلائی کےلئے اقدامات کریں گے۔ سینیٹر امین دادا بھائی نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں اور آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے سے جمہوری نظام مزید مستحکم ہوگا۔
******** آئٹم نمبر101 ********
حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی شرکت ، مبارکباد دینے والوں کا جمگھٹا لگا رہا
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی دونوں بہنوں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے گرد مبارکباد دینے والوں کا جمگھٹا لگا رہا۔ منگل کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کےلئے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری جب ایوان صدر کے ہال میں داخل ہوئے تو پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے جیئے بھٹو اور زندہ ہے بی بی کے زور دار نعرے لگائے۔ بلاول بھٹو زرداری ، بختاور اور آصفہ ایک ساتھ نشستوں پر بیٹھے تھے ۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ تقریب کے بہت سے شرکاءنے اپنی تصاویر بھی بنوائیں۔
******** آئٹم نمبر 102 ********
60 سالوں میں 34 سال جرنیلوں نے پاکستان پر حکومت کی ہے اسی باعث آٹا، بجلی اور توانائی کے دیگر وسائل کی قلت ہوئی ہے ،1973ءکے آئین کی بحالی اور سترویںترمیم کا خاتمہ ضروری ہے ۔ ججز کے دوبارہ حلف اٹھانے کونئی تقرری سمجھتے ہیں
میاں محمد نواز شریف کی لندن روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت
لاہور (پاک نیٹ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدمیاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بدحالی فوجی حکومتوں کے باعث ہے۔ 60 سالوں میں 34 سال جرنیلوں نے پاکستان پر حکومت کی ہے جس کے باعث آٹا، بجلی اور توانائی کے دیگر وسائل کی قلت ہوگئی۔ 1973ءکے آئین کی بحالی اور سترویںترمیم کا خاتمہ ضروری ہے ۔لندن روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ چین اور ہندوستان ترقی کر رہے ہیں جبکہ ہمارے ملک میں فوجی حکومتیں پسماندگی اور غربت کو فروغ دیتی رہی ہیں۔ صدارتی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اور آصف علی زرداری کے آئینی طریقہ کار کے ذریعے پاکستان کے صدر کی حیثیت سے منتخب ہونے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ججز کی بحالی کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں اور ججز تین نومبر کی پوزیشن پر بحال ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ججزکے دوبارہ حلف اٹھانے کونئی تقرری سمجھتے ہیں۔ پنجاب حکومت سے پیپلز پارٹی کی علیحدگی کے مسلم لیگی مطالبے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سے بات ہو چکی ہے، اب جو اقدامات کرنے ہیں وہ پیپلز پارٹی کو کرنے ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے اور سترہویں ترمیم کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کی منتقلی کا عمل انتخابات سے ہی ہونا چاہئے اور ان کی خواہش ہے کہ موجودہ آئینی حکومت اپنی مدت پورے کرے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم مارکٹائی ¾ تصادم یا الزام تراشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم صاف ستھری سیاست چاہتے ہیں لیکن یہ ذمہ داری صرف مسلم لیگ (ن) کی ہی نہیں تمام سیاسی پارٹیوں کی بھی ہے بالخصوص پیپلز پارٹی کی جو اس وقت حکومت میں ہے۔ ہم اپوزیشن میں بیٹھ کر بھی تعمیر کردار ادا کرتے رہے گے۔ معزول ججوں کی دوبارہ تقرری جنرل (ر) پرویزر مشرف کے بغیر آئینی اقدامات کی توثیق ہے۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ چونکہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) اپوزیشن بینچوں پر آ گئی ہے اس لئے پنجاب میں بھی یہی صورتحال ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے کچھ لوگ ایسا کردار ادا کر رہے ہیں جس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہو جائے۔ میرا خیال ہے کہ آصف علی زرداری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ یہ لوگ پیپلز پارٹی کے بھی وفادار نہیں۔ مشرف نے ہمیں بلیک میل کرنے کیلئے کیس ری اوپن کیا تھا اور اگر آج پیپلز پارٹی بھی پرویز مشرف کے اس ایجنڈے کو جاری رکھنا چاہتی ہے تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو ججوں کا امام کہا ہے تو پھر انہیں امام کو باعزت بحال کر دینا چاہیے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اے اللہ! میری مدد اور رہنمائی فرما
بحیثیت صدر ہر ایک کے ساتھ قانون کے مطابق انصاف کروں گا
ذاتی مفاد کو سرکاری کام یا سرکاری فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا
صدر کے حلف کا مکمل متن
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے گیارہویں صدر آصف علی زرداری نے منگل کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھایا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے صدر سے حلف لیا۔ صدر نے انگریزی میں حلف اٹھایا۔ حلف کا اردو میں مکمل متن درج ذیل ہے:
”بسم اللہ الرحمن الرحیم
میں آصف علی زرداری صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اور وحدت و توحید قادر مطلق اللہ تبارک تعالیٰ، کتب الٰہی جن میں قرآن پاک ختم الکتب ہے، نبوت حضرت محمدﷺ بحیثیت خاتم النبین جن کے بعد کوئی نبی نہیں ہو سکتا، روز قیامت اور قرآن پاک و سنت کی جملہ مقتضیات و تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں۔ کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا۔ کہ بحیثیت صدر پاکستان میں اپنے فرائض، کارہائے منصبی ایمانداری، اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت، استحکام، بہبود اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا۔ کہ میں اسلامی نظریہ کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے۔ کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا۔ کہ میں اسلامی جمہوری پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا۔ کہ میں ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلاخوف و رعایت اور بلارغبت و عناد قانون کے مطابق انصاف کروں گا۔ اور یہ کہ میں کسی شخص کی بلاواسطہ یا بالواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا اور نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت صدر پاکستان میرے سامنے غور کیلئے پیش کیا جائے گا یا میرے علم میں آئے گا بجز جبکہ بحیثیت صدر اپنے فرائض کی کماحقہ انجام دہی کیلئے ایسا ضرور ہو۔ اللہ تعالیٰ میری مدد اور رہنمائی فرمائے۔ آمین“
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں افغان صدر حامد کرزئی کی خصوصی شرکت،بلاول بھٹو زرداری ،بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری سے خاص طور پر ملے کرزئی نے بلاول کا بوسہ لیا اور آصفہ کے پیار سے گال تھپتھپائے
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) نو منتخب صدر مملکت آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری میں افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے خصوصی طور پر وفد کے ہمراہ شرکت کی اور وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے والے واحد سربراہ مملکت تھے۔ ایوان صدر کے دربار ہال پہنچنے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ افغان صدر نے مسلح افواج کے سربراہوں اور وفاقی وزراءسے مصافحہ کیا۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی خاص طور پر ملے اور اپنی محبت کا اظہار کیا۔کرزئی نے بلاول کا بوسہ لیا اور آصفہ کے پیار سے گال تھپتھپائے، اس کے علاوہ انہوں نے وفاقی وزراءغلام احمد بلو راور دیگر شخصیات سے بھی مصافحہ کیا۔ قبل ازیں چکلالہ ایئر بیس پہنچنے پر افغان صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ قائمقام صدر محمد میاں سومرو ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی او روزیراعظم کے مشیر داخلہ رحمٰن ملک نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ افغان صدر نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
آصف علی زرداری کے صدر بننے سے قوم نے محترمہ بے نظیر بھٹو کا قرض اتار دیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے صدر بننے سے قوم نے محترمہ بے نظیر بھٹو کا قرض اتار دیا ہے اور اب سے ان کی مفاہمت کی پالیسی کو لے کر ہم آگے بڑھیںگے، ملک میں جمہوریت کی جڑیں مزیدمضبوط ہوںگی۔ منگل کو یہاں ایوان صدر میں صدر آصف علی زراری کی تقریب حلف برداری سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ (آج) پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، قوم شہیدمحترمہ بے نظیر بھٹو کا قرض اتار رہی ہے اور جمہوریت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے مفاہمت کی پالیسی متعارف کرائی۔ اب تمام سیاسی جماعتیں اکھٹے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم اصل جمہوریت کی طرف جا رہے ہیں او رمستقبل میں اس کی جڑیں مزید مضبوط ہوں گی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
صدر آصف زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں آمد پر شرکاءنے بھرپور تالیوں سے استقبال کیا
اسلام آباد(پاک نیٹ نیوز) صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں آمد پر تقریب کے شرکاءنے بھرپور تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔ ا س موقع پر دربار ہال میں موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے زندہ ہے بی بی زندہ ہے اور جئے بھٹو کے زور دار نعرے لگائے۔ صدر آصف علی زرداری نے ہاتھ ہلا کر اور گہری مسکراہٹ سے شرکاءکے نعروں کا جواب دیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ویت نام نے چاول کی کاشت کیلئے زمین کے حصول کیلئے نئے گالف گراﺅنڈز کے لائنسس اجراءپر عارضی پابندی عائد کر د ی
ہنوئی(پاک نیٹ نیوز) ویت نام کی حکومت نے چاول کی کاشت کیلئے زمین محفوظ رکھنے کیلئے نئے گالف گراﺅنڈز کے لائسنس کے اجراءپرعارضی پابندی عائد کر دی۔ منگل کو ذرائع ابلاغ کے مطابق ویت نام کے وزیر اعظم گیون تان ڈنگ نے مقامی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ نئے گالف گراﺅنڈز کیلئے لائسنس جاری کرنے سے قبل موجودہ گراﺅنڈز کا ازسر نو جائزہ لیا جائے ۔ ویت نام کی غیر ملکی سرمایہ کاری ایجنسی کے سربراہ پھان ھو تانگ نے بتایا کہ چاول کی کاشت والے علاقوں میں گالف گراﺅنڈ منصوبے غیر مشروط طریقے سے بند کر دینے چاہیے انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبوں کے از سرنو جائزہ تک نئے منصوبوں کے لیے لائسنس جاری نہیں کئے جائیں گے عالمی اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث رواں سال ویت میں چاول کی خرید فروخت میں کم دیکھنے میں آئی جس کے بعد ویت نام کی حکومت فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ایکسپورٹ پر پابندی لگانے پر مجبور ہو گئی۔
******** آئٹم نمبر108 ********
امریکی انتظامیہ کو امریکہ بھارت ایٹمی معاہدہ کی کانگریس منظوری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا
واشنگٹن(پاک نیٹ نیوز) امریکہ اور بھارت میں ایٹمی تعاون کے معاہدہ کی کانگریس سے منظوری حاصل کرنے میں امریکی انتظامیہ کوشدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ جبکہ کانگریس میں اس معاہدہ کے مخالفین اور ناقدین نے معاہدہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدہ سے امریکہ کے بعض موجودہ قوانین کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔ ایوان کی خارجہ امور بارے کمیٹی کے چیئرمین ہاورڈ ایل برھن نے کہا ہے کہ کانگریس کی طرف سے بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے پر رائے شماری سے پہلے نیوکلیر سپلائیرز گروپ کے معاہدہ کی منظوری کے فیصلے کا مطالعاتی جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور اس جائزہ کے دوران اس معاہدے کے سلسلے میں ہونے والے دیگر کئی خفیہ معاہدوں کا بھی مطالعاتی جائزہ لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی انتظامیہ یہ چاہتی ہے کہ کانگریس اس معاہدہ پرتیزی سے کارروائی مکمل کرے تو اسے یہ معاہدہ ہائیڈی ایکٹ کے مطابق ثابت کرنا ہوگا۔ اس مسئلہ میں بش انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاہدہ کو امریکی قوانین کے منافی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ ہائیڈی ایکٹ کے تحت امریکہ بھارت ایٹمی تعاون کے سویلین معاہدہ کیلئے قرار داد لانے سے پہلے کانگریس کا مسلسل 30 روزہ اجلاس ضروری ہے۔ مبصرین کے مطابق امریکی انتظامیہ کو کانگریس میں آئندہ ہفتے پیش کیے جانے والے معاہدہ کی منظوری حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
******** آئٹم نمبر109 ********

 
ابن جلال's Avatar
ابن جلال
Senior Member
تاریخ شمولیت: Apr 2008
مقام: Pakistan
مراسلات: 5,434
شکریہ: 9,850
2,670 مراسلہ میں 4,570 بارشکریہ ادا کیا گیا
مناظر: 273
Reply With Quote
ابن جلال کا شکریہ ادا کیا گیا
اچھا بچہ (09-09-08)
جواب

Tags
فروخت, کورٹ, پاک, پاکستان, وزیراعظم, قرآن, چیف جسٹس پاکستان, نیوز, چین, نواز شریف, چور, نماز, موجودہ, آصف زرداری, ایمان, امریکہ, اردو, بے نظیر, توحید, تصاویر, دوست, ذوالفقار علی بھٹو, روزہ, زرداری, صدارتی


Currently Active Users Viewing This Thread: 1 (0 members and 1 guests)
 
موضوع کے اختیارات
ظاہری انداز Rate This Thread
Rate This Thread:



تمام اوقات پاکستانی معیاری وقت ( +5 GMT) کے لحاظ سے ہیں۔ ابھی وقت ہے 12:37 PM

Powered by vBulletin® Copyright ©2000 - 2012, Jelsoft Enterprises Ltd.
Content Relevant URLs by vBSEO
جملہ حقوق نشرو اشاعت ©2000 - 2012,پاکستان کی آواز - پاکستان کے فورمزکی انتظامیہ کے پاس مخفوظ ہیں۔ ہم اردو ترجمے کے لیے جناب زبیرکے مشکور ہیں-
اپنا بلاگ مفت حاصل کریں wordpress.pk
ہم pak.net ڈومین نیم کے لیے جناب فاروق سرور خان کے مشکور ہیں

Template-Modifications by TMS
vBCredits v1.4 Copyright ©2007 - 2008, PixelFX Studios
Ad Management plugin by RedTyger