لائف سیونگ ڈرگ کے سوا تمام دواﺅں پر سیلز ٹیکس نافذ ہوگا،خام مال کی درآمد کے استثنیٰ کا بھی ذکر نہیں ہے
کراچی (سہیل افضل،سٹاف رپورٹر) آر جی ایس ٹی نفاذ کے بعد 95 فیصد دواﺅں کی قیمت میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے آر جی ایس ٹی بل میں صرف لائف سیونگ ڈرگ کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا ہے بقیہ تمام دو اﺅں پر سیلز ٹیکس نافذ ہوگا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دو اﺅں کے خام مال کی درآمد کو بھی سیلز ٹیکس سے استثنیٰ رکھنے کا ذکر نہیں ہے جس سے ٹیکس ما ہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دو اﺅں کے خام مال پر بھی ٹیکس نافذ ہوگا۔ جنگ کو حاصل ہونے والے مجوزہ فنانس بل کی دستاویزات میں ذکر ہے کہ صرف وہ دوائیں سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگی جن کی بورڈ نشاندہی کرے گا ۔دواﺅں کے مینوفیکچررز اور سپلائرز کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس لائف سیونگ ڈرگ کی نہ تو کوئی باقاعدہ لسٹ ہے نہ ہی اس کی کوئی باقاعدہ تشریح موجود ہے ان کا موقف ہے کہ اس وقت وزارت صحت کے پاس ڈبلیو ٹی او کی ایک لسٹ ہے جس کے تحت 60 کے قریب دوائیں جان بچانے والی ہیں یہ کل دواﺅں کا 3 فیصد بھی نہیں۔ مینوفیکچررز کا کہنا ہے کہ جس طرح کے الفاظ آر جی ایس ٹی بل میں استعمال کئے گئے ہیں ان کے تحت ڈرگ کنٹرول بورڈ مرضی کی دو ائیں شامل کرے گا ، من پسند افر اد کو نوازا جائے گا۔ ایک مینوفیکچررز کا کہناتھا کہ آر جی ایس ٹی کے بعد کھانسی کے سیرپ اور پیناڈول جیسی دو اﺅں کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔ پی پی ایم اے کے ایک سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزارت صحت کو اگر لائف سیونگ کی تشریح کا اختیار دیا گیا تو یہ اس کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آر جی ایس ٹی کے بعد دو اﺅں کی قیمتیں 20 فیصد تک بڑھ جائیں گی کیونکہ جی ایس ٹی کے اثرات ملٹی پل ہونگے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی