افغانستان میں صورتِ حال ابتر ہو رہی ہے: امریکی فوجی سربراہ
وائس آف امریکہ رپورٹ
امریکہ کے اعلٰی ترین فوجی اہل کار کے مطابق افغانستان کی صورتِ حال اگلے سال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین آف جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائکل ملن کے مطابق ’چیزیں صحیح سمت نہیں جا رہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ، نیٹو اور دیگر ممالک کے درمیان ابھی تک اس قسم کی یک جہتی دیکھنے میں نہیں آئی جس سے تشدد پر قابو پانے میں مدد ملے۔
افغانستان کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ملن نے کہا کہ وہاں پوست کی کاشت بڑا مسئلہ ہے جس سے شدت پسندوں کی مالی ضروریات پوری ہوتی ہیں اور انہیں اسلحہ خریدنے اور امریکی اور نیٹو افواج کے خلاف کارروائیاں کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق افغانستان میں پیدا ہونے والی ہیروئن سے طالبان ہر سال دس کروڑ ڈالر کما لیتے ہیں۔
اس کے علاوہ افغانستان کی کمزور وفاقی حکومت کی وجہ سے ملک میں امن و امان کے مسائل پر قابو پانا مشکل ہے، جس کی وجہ سے تعمیرِ نو کا کام بھی رکا ہوا ہے۔ مسٹر ملن کے مطابق مقامی قبائلی رہنماؤں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
ایڈمرل ملن نے ایک دفعہ پھر امریکی حکومت کی پرانی شکایت دہرائی کہ سرحد پار پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں جہاں بیٹھ کر وہ حملوں کے منصوبے بناتے ہیں، اور ان کے حملے دن بدن زیادہ مربوط ہوتے جا رہے ہیں۔
امریکی فوجی کمانڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بش انتظامیہ اپنی افغان پالیسی پر نظر ثانی کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پہلے ہی اگلے سال کے اوائل میں مزید آٹھ ہزار فوجی امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے لیکن افغانستان میں امریکی فوجوں کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ میک کیئرنن کے مطابق یہ تعداد کافی نہیں ہے اور اس کے علاوہ مزید 15 ہزار فوجیوں کی ضرورت ہے۔
امریکہ کی طرف سے اس کے حامیوں پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ وہ مزید فوجیں افغانستان بھیجیں لیکن ابھی تک اس کے کوئی نتائج دیکھنے کو نہیں ملے۔
ایڈمرل ملن کے مطابق ضروری ہے کہ افغانستان میں موجود 42 ممالک مل کر مشترکہ پالیسی بنائیں کہ افغانستان کے مسائل سے کیسے نمٹا جائے۔
--------------------------------------------------------------------------------
--------------------------------------------------------------------------------
افغان جنگ کا کوئی اختتام نظر نہیں آتا،سربراہ برطانوی فوج
جیو ٹی وی رپورٹ
لندن ...برطانوی افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری جنگ کا کوئی اختتام نظر نہیں آرہا ہے۔ ایک اخبار کو انٹریو میں انہوں کہا کہ افغانستان اور عراق میں ابھی تک غیر یقینی صورت حال ہیں اوریہ افغان عوام کے لئے کوئی فیصلہ کن فتح نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سفر ابھی ختم نہیں ہواہے اور7800 برطانوی فوج افغانستان میں طالبان کے خلاف جنگ میں افغانستان کی مدد کر رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم افغان جنگ کے حوالے سے ”فتح“ یا ”شکست “ کا لفظ استعمال نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی اپنے ملک کو جدید ملک کے طور پر منوا سکیں۔یہ ایک بہت ہی لمبا سفر ہے لیکن چند سالوں کی مسافت کے بعد بہتر نتائج حاصل ہونگے۔