South Asian News Agency (SANA) ⋅ September 15, 2011 ⋅
نیویارک(ثناء نیوز)مقتول امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی بیوہ جیکولین کینیڈی کے مطابق سابق بھارتی وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی جارحانہ مزاج اور انتہائی ناپسندیدہ شخصیت کی حامل خاتون تھیں۔ یہ انکشاف جیکولین کینیڈی کے انٹرویوز پر مشتمل ایک نئی کتاب میں کیاگیا جسے امریکہ میں شائع کیا جا رہا ہے۔ 47 سال قبل کئے گئے ان انٹرویوز میں آنجہانی جیکولین کینیڈی نے متعدد اہم شخصیات بارے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ جیکولین کینیڈی نے اس وقت پاکستان میں تعینات امریکی سفیر والٹر میک کونافی کو انتہائی بے ڈھنگا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں امریکی سفیر کے عہدہ کیلئے کسی طور موزوں نہیں تھے ۔ انہوں نے اپنی اس رائے سے فوری طور پر اپنے شوہر صدر جان ایف کینیڈی کو آگاہ کیا جنہوں نے اپنی اہلیہ کی تعریف کی لیکن اس کے باوجود والٹر میک کو نافی اس واقعہ کے مزید 4 سال بعد 1966ء تک پاکستان میں امریکی سفیر کی حیثیت سے تعینات رہے۔ جان ایف کینیڈی کے نام پیغام میں انہوں نے میک کو نافی کے متبادل کے طور پر کئی نام بھی تجویز کئے لیکن ان کی تجاویز پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ اپنی تجاویز پرعمل نہ ہونے پر بھی جیکولین کینیڈی نے دلچسپ تبصرہ کیا اور کہا کہ ان کی تجاویز صدر نے اس وقت کے امریکی وزیرخارجہ ڈین رسک کو دکھائیں لیکن قوت فیصلہ سے محروم اور بے حس ہونے کی وجہ سے وہ اس سلسلہ میں کچھ نہ کر سکے
SANA (South Asian News Agancy) | اندرا گاندھی ناپسندیدہ شخصیت کی خاتون تھیں‘ جیکولین کینیڈی