واپس چلیں   پاکستان کی آواز > حالات حاضرہ > خبریں



خبریں پاکستان اور دنیا بھر کی تمام نئی خبروں کے لیئے یہاں تشریف لائیں


انٹرنینشنل اینڈ کامرس نیوز

short url
جواب
 
LinkBack موضوع کے اختیارات موضوع کی درجہ بندی ظاہری انداز
پرانا 08-10-08, 12:07 AM   #1
انٹرنینشنل اینڈ کامرس نیوز
ابن جلال ابن جلال آف لائن ہے 08-10-08, 12:07 AM

اقوام متحدہ کی طالبان رہنما ئوں سے موسم سرما کے دوران ضرورت مند افراد میں امداد تقسیم کرنے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی اپیل
کابل ………… اقوام متحدہ نے افغانستان میں طالبان رہنمائوں سے موسم سرما کے دوران ضرورت مند افراد میں امداد تقسیم کرنے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی اپیل کی ہے ۔ منگل کو ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کائی ایڈی نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان کی طرف سے گذشتہ ماہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے طبی ٹیموں کو اجازت دینے کا معاہدہ انسانی ہمدردی کے تحت دیگر کارروائیوں کیلئے بنیاد ہونا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں ملک بھر میں ضرورت مندوں کو خوراک کی فراہمی کی یقین دہانی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کا کوئی سیاسی مقصد نہیں یہ خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ طالبان رہنما موسم سرما کے دوران ضرورت مند افراد تک خوراک پہنچانے میں رکاوٹ نہ ڈالیں ۔
******** ********
منموہن سنگھ حکومت ریاست اڑیسہ میں عیسائیوں پر حملوں کے باوجود صدر راج نافذ کرنے سے باز رہے۔ ایل کے ایڈوانی کی صحافیوں سے گفتگو
نئی دہلی ………… بھارت کے قائد حزب اختلاف اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ایل کے ایڈوانی نے منموہن سنگھ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہندو انتہا پسندوں کے عیسائیوں کے حملوں کے باوجود ملک کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں صدر راج نافذ کرنے سے باز رہے۔ منگل کو یہاںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت نے اڑیسہ میں صدر راج نافذ کیا تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ یاد رہے اڑیسہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحادی نوین پٹنایک برسراقتدار ہیں۔ بھارت کے وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اگر اڑیسہ میں عیسائیوں پر انتہا پسندوں کے حملوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو مرکزی حکومت ریاست میں آئین کی دفعہ 356 کے تحت صدر راج کے نفاد پر غور کر ے گی۔ اڑیسہ کے مختلف علاقوں میں ہندو انتہا پسندوں کے حملوں میں اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
******** ********
کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی کشمیر کے تمام 10 اضلاع میں نافذ کرفیو اٹھا لیا، معمول کی سرگرمیاں بحال
سری نگر ………… مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی کشمیر کے تمام 10 اضلاع اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں سے منگل کی صبح سے کرفیو اٹھا لیا جس سے معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔ مقبوضہ کشمیر کی حکومت سے سری نگر کے مرکز لال چوک میں 6 اکتوبر کے آزادی مارچ کو روکنے کیلئے اتوار کو پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے تمام سیکٹروں اور قصبوں کا کنٹرول فوج کے حوالے کر دیا تھا۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے آزادی مارچ روکنے کیلئے کرفیو کے نفاذ کے باوجود کشمیری اپنے اس مقصد میں کامیاب ہوئے ہیں جو وہ مارچ سے حاصل کرنا چاہتے تھے۔ آزادی مارچ کو روکنے کیلئے قابض حکام نے سری نگر سمیت دیگر شہروں میں 50 گھنٹے تک کرفیو نافذ کئے رکھا وادی کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا فیصلہ رات گئے سری نگر میںگورنر این این ووہرہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں سینئر سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں اگست میں ہونے والے 4 بڑے احتجاجی مظاہروں میں لاکھوں کشمیریوں نے شرکت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نگر کے لال چوک میں مجوزہ آزادی مارچ میں 10 لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شرکت متوقع تھی تاہم بھارتی حکام اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے ما رچ کو روکنے کیلئے 2 روز قبل ہی پورے مقبوضہ علاقہ میں کرفیو نافذ کر دیا۔
******** ********
تنقیدی مضامین کی اشاعت پر شام نے سعودی اخبار’’ الحیات‘‘ پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی
دمشق ………… شام کی حکومت نے تنقیدی مضامین کی اشاعت پر ایک اور سعودی اخبار کی اشاعت پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی جس سے شام اور سعودی عرب کے تعلقات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق برطانیہ سے شائع ہونے والے سعودی اخبار ’’الحیات‘‘ نے پیرس ،لندن اور بیروت سے ہونے والی اپنی اشاعتوں میں شام کی حکومت کے خلاف تنقیدی آرٹیکلز شائع کئے جس پر شام کی وزارت اطلاعات نے شام میں اخبار کی اشاعت پرمکمل طور پر پابندی عائد کردی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت مخالف مضامین کی اشاعت کے بعد شام میں سعودی اخبار کے بیورو چیف ابراہیم حامدی نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا اور کہاکہ وہ کسی ایسے اخبار میں کام نہیں کرسکتے جو ان کے ملک کے خلاف پالیسی کا حصہ بن کر حکومت پر تنقید کرے۔ا براہیم حامدی 1990ء سے سعودی اخبار’’ الحیات‘‘ کے ساتھ منسلک ہیں۔ انہوں نے مستعفی ہونے کے بارے میں کسی دبائو کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ اخبار کی پالیسی کو دیکھ کر میرے ضمیر نے ملامت کی جس پر میں نے استعفیٰ دیدیا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں شام کی حکومت نے تنقیدی مضامین کی اشاعت پر سعودی اخبار ’’ الشرق‘‘ اور ’’ الاوسط‘‘ پر بھی پابندی عائدکی تھی۔
******** ********
فلپائن میں بم دھماکے کا ملزم جیل سے فرار ہوگیا
منیلا ………… فلپائن کے ایوان نمائندگان میں بم دھماکے کے الزام میں ملوث مجرم جیل سے فرار ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ برس کیوزون شہر میں ایوان نمائندگان میں ہونے والے بم دھماکے کے مبینہ مجرم اکرام الزاما کو کیمپ کریم کی جیل میں بند رکھا گیا تھا تاہم وہ گذشتہ روز جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ جیل سے غائب ہونے کی اطلاع پر مختلف شاہراہوں کی ناکہ بندی کر کے مفرور مجرم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ رپورٹس میںبتایا گیا ہے کہ مذکورہ ملزم نے وعدہ معاف گواہ بننے کی حامی بھرتے ہوئے بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ کے بارے میں بتاتے ہوئے عہد کیا تھا تاہم اس کی شرط یہ تھی کہ اسے کریمنل انوسٹی گیشن گروپ کی حراست سے کسی دوسرے تحقیقاتی ادارے کے پاس منتقل کیا جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس ہونے والے بم دھماکے میں رکن پارلیمنٹ وہاب اکبر کی موت واقع ہوگئی تھی جبکہ بم دھماکے میں ملوث مبینہ مجرم اکرام کوالزام وہاب اکبر کے حریف رکن پارلیمنٹ کا دست راست بتایا جاتا ہے۔
******** ********
فلسطینی صدر محمود عباس کے عہدہ کی مدت جنوری 2009ء میں ختم ہو جائے گی
مقبوضہ بیت المقدس ………… فلسطینی صدر محمود عباس کے عہدہ صدارت کی مدت آئندہ برس جنوری میں ختم ہو رہی ہے جس پر حماس کے حامی فلسطینی اراکین پارلیمنٹ نے صدر محمود عباس پرمستعفی ہو کر جلد انتخابات کرانے کیلئے دبائو بڑھا دیا ہے۔ دوسری جانب محمود عباس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے صدارتی عہد ہ کی مدت 2010ء تک بڑھائی جا چکی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فلسطینی تنظیم الفتح کے سربراہ محمود عباس005ء میں چار سالہ مدت کیلئے صدر کے عہدے پر فائز ہوئے جن کے عہدہ کی مدت009ء میں ختم ہو رہی ہے۔ اس ضمن میں فلسطینی پارلیمنٹ میں فلسطینی جماعت حماس کے حامی اراکین نے عہدہ صدارت کی مدت کے خاتمے کی قرارداد منظور کرتے ہوئے محمود عباس کے مستعفی ہوکر انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاہم محمود عباس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے عہدہ صدارت کی مدت 2010ء تک بڑھائی جا چکی ہے۔ فلسطینی تنظیم حماس اور صدر محمود عباس کے مابین پہلے کی کشیدگی جاری ہے جبکہ نیا مسئلہ سامنے آنے کے بعدمشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششیں مزید متاثر ہوسکتی ہیں۔
******** ********
کروشیاکے وزیراعظم نے قتل کی واردات پر وزیرداخلہ، وزیرانصاف اور پولیس چیف کو برطرف کر دیا
صوفیہ ………… کروشیا کے وزیراعظم نے دن دیہاڑے قتل کی واردات پر وزیرداخلہ، وزیرانصاف اور پولیس چیف کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا۔ کروشیا کے وزیراعظم ایووسانادر نے گذشتہ روز یہاں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں منظم جرائم کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور منظم مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔ انہوں نے دن دیہاڑے قتل کی اندوہناک واردات پر کروشیا کے وزیرداخلہ برسیلاف رونیسیوک، وزیر انصاف آنالوورین اور پولیس چیف ماریجنا ب ینکو کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ عہدوں سے ہٹائے جانے والے وزراء کی جگہ نئی تعیناتی کیلئے نام پارلیمنٹ کو بھجوائے گئے ہیں جن کی منظوری کے بعد نئے افراد کو وزارتتیں دیدی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اصل کام نئے عہدوں پر تقرری نہیں بلکہ جرائم کی بیخ کنی ہے۔
******** ********

کامرس نیوز


دولت مشترکہ بینک نے آسٹریلیا میں برطانوی مالیاتی ادارے ایچ بی او ایس کی مقامی یونٹ بینک
ویسٹ دو ارب ڈالر میں خریدنے کے عوض مذاکرات شروع کر دیئے
سڈنی ………… آسٹریلیا کے دولت مشترکہ بینک نے برطانوی مالیاتی ادارہ ایچ بی او ایس کی مقامی یونٹ بینک ویسٹ خریدنے کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات شروع کر دیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایچ بی او ایس کے ترجمان نے سودے کیلئے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مذاکرات عالمی مالیاتی بحران کے پیش نظر شروع کئے گئے ہیں۔ دولت مشترکہ کے بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بینک ویسٹ خریدنے کیلئے دونوں فریق ابھی تک کسی حتمی معاہدہ تک نہیں پہنچ سکے تاہم بات چیت جاری ہے۔ قبل ازیں گذشتہ ہفتے آسٹریلین فنانشل ریونیو نے انکشاف کیا تھا کہ دولت مشترکہ بینک دو ارب ڈالر کے عوض بینک ویسٹ خریدے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ویسٹ بینک کے نقد اثاثے دو ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔ دریں اثناء ذرائع ابلاغ نے یہ رپورٹ بھی شائع کی ہیں کہ دولت مشترکہ بینک سن کارپ مڈ وے بینکنگ کاپوریشن اور ویلتھ مینجمنٹ آپریشنز بھی خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
******** ********
امریکی معیشت کی تنزلی کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں، ہماری برآمدات بھی متاثر ہوں گی۔ جاپانی وزیراعظم کا انتباہ
ٹوکیو ………… جاپانی وزیراعظم تارو آسو نے جاپانی معیشت کو مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی بحران کے باعث جاپان کی برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں۔ منگل کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آسو نے کہا کہ جاپان میں مالیاتی نظام بذات خود مستحکم ہے لیکن عالمی مالیاتی بحران کے اثرات ہماری معیشت پر ضرور اثر انداز ہو سکتے ہیں، ہمیں صورتحال پر کڑی نظر رکھتے ہوئے بوقت ضرورت مناسب اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ یاد رہے کہ جاپان کی سٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز بھی تنزلی کا شکار رہی اور جاپانی ین کی قدر امریکی ڈالر، یورو کے مقابلہ میں مزید گر گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مضبوط اور مستحکم کرنسی کے باعث جاپانی برآمدات ہمیشہ زیادہ رہیں لیکن حالیہ عالمی مالیاتی بحران سے جاپانی برآمدات کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ وزیرعظم آسو نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکی معیشت کی تنزلی کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں جس سے لامحالہ ہماری اور چین کی برآمدات متاثر ہوں گی جبکہ چین کو بھی ہماری برآمدات پر اثر پڑے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اور چین جاپان کے دو بڑے تجارتی پارٹنر ہیں جہاں سے 1990ء کے عشرے میں برآمدات کی وصولی سے جاپانی معیشت نے ناقابل یقین ترقی کی۔
******** ********
امریکی ریزرو بینک نے مورگن سٹینلے کے 24.9 فیصد حصص خریدنے کیلئے جاپانی بینک کیلئے گرانٹ منظور کر لی
mواشنگٹن ………… امریکہ کے مرکزی ریزرو بینک نے معروف امریکی ادارہ مورگن سٹینلے میں سرمایہ کاری کیلئے جاپان کے سب سے بڑے بینک کیلئے گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔ گذشتہ روز مرکزی امریکی بینک کی طرف سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ بینک نے مورگن سٹینلے کے 24.9 فیصد ووٹنگ شیئر خریدنے کیلئے مٹسوبشی یو ایف جے فنانشل گروپ کی درخواست منظور کر لی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ کے دونوں بڑے خود مختار بینکوں مورگن سٹینلے اور گولڈن ساشے کو گزشتہ ماہ مرکزی بینک نے بینک کے ذیلی اداروں کو تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی جس کا مقصد مختلف مالیاتی اداروں کو عالمی مالیاتی بحران سے تحفظ دلانا تھا۔
******** ********
یورپ کا سب سے بڑا بینک ایچ ایس بی سی تائیوان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا
تائپے ………… یورپ کا سب سے بڑا بینک ایچ ایس بی سی عالمی مالیاتی بحران کے باوجود تائیوان میں مختلف منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر برائے تائیوان نکولس جی ونسر نے یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ تائیوان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہم ان مواقع سے پورا فائدہ اٹھا کر اس مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ عالمی سطح پر مالیاتی بحران کی وجہ سے تمام مالیاتی اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم ان مشکلات کو اپنے رستے میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی کساد بازاری کے اثرات تائیوان کی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں لیکن ایچ ایس بی سی بینک اپنی بہتر مالیاتی حکمت عملی کے ذریعہ تائیوان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
******** ********
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے بڑھ گئیں
اسلام آباد ………… رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولیاں ہدف سے بڑھ گئی ہیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی سے ستمبر تک مجموعی طور پر 253 ارب 30 کروڑ ڈالر کے محصولات وصول کئے ہیں جو گذشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 23.5 فیصد زیادہ ہیں۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران جولائی سے ستمبر تک 205 ارب 10 کروڑ ڈالر کے محصولات وصول کئے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال کے اس عرصہ کیلئے 250 ارب 80 کروڑ ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن اس ہدف سے 2 ارب 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے زائد محصولات رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ستمبر کیلئے محصولات کی وصولی کے اعدادوشمار میں مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 84 ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالروصول ہوئے ہیں جو گذشتہ سال کی وصولیوں سے 9.1 فیصد زیادہ ہیں۔ بلواسطہ ٹیکسوں کی مد میں 168 ارب 76 کروڑ 90 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 55 ارب 73 کروڑ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 23 ارب 79 کروڑ 90 لاکھ روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 38 ارب 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کے محصولات وصول کئے گئے ہیں۔
******** ********
ہمسایہ ممالک سے افرادی قوت منگوانے کی حمایت کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ
اسلام آباد ………… انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ ہمسایہ ممالک سے افرادی قوت منگوانے کی حمایت کر رہا ہے۔ منگل کو بورڈ کی طرف سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خبر قطعی طور پر غلط ہے جس سے صورتحال کی درست عکاسی نہیں ہوتی۔ بیان کے مطابق بورڈ اس وقت قومی سٹیل پالیسی تیار کر رہا ہے اور اس کی مختلف ذیلی کمیٹیوں میں غوروخوض کے دوران سٹیل سیکٹر میں پیشہ وارانہ لیبر فورس کی قلت کی نشاندہی کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی میں زیر غور لانے کیلئے کئی تجاویز تیار کی گئی ہیں اور یہ تجاویز مرکزی کمیٹی میں فی الحال نہ تو زیر غور لائی گئی ہیں اور نہ ہی اس نے ان کی منظوری دی ہے۔
******** ********
مالیاتی بحران نے نیوزی لینڈ کی معیشت کو بھی لپیٹ میں لے لیا
ولنگٹن ………… عالمی مالیاتی بحران نے نیوزی لینڈ کی معیشت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کا مالیاتی شعبہ اگرچہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہے لیکن اس کے باوجود امریکہ کے مالیاتی بحران نے اسے بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے رواں سال کے دوران ترقیاتی اہداف کا حصول مشکل نظر آتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خزانہ مائیکل کولن نے بھی کہا ہے کہ عالمی مالیاتی بحران گذشتہ کچھ عرصہ کے دوران تیزی سے بڑھا ہے اور اس نے عالمی اقتصادی صورتحال کو متاثر کیا ہے۔ اقتصادی تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ 1997ء اور 1999ء کے بعد پہلی مرتبہ اقتصادی کساد بازاری عالمی سطح پر اس پیمانہ پر دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو بہتر حکمت عملی کے ذریعہ موجودہ صورتحال پر قابو پانا ہو گا ورنہ اس کیلئے مسائل مستقبل میں مزید بڑھ جائیں گے۔
******** ********
عالمی مالیاتی بحران کے باوجود ایشیاء میں 1998ء جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان نہیں۔ انڈونیشیائی صدر
جکارتہ ………… انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ یودھو یونو نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مالیاتی بحران کے باوجود ایشیائی ممالک میں دوبارہ بحران پیدا ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی مالیاتی صورتحال اگرچہ تسلی بخش نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں توقع ہے کہ حالات کو بہتر بنانے کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ایشیاء کی مالیاتی منڈیاں بہت مستحکم ہیں لیکن اس بات کی توقع ضرور ہے کہ 1998ء کی تاریخ اب نہیں دہرائی جا سکے گی اور اس چیز کا ہمیں پختہ یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے مالیاتی بحران کے پوری دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور حصص کی قیمتیں تیزی سے نیچے گر گئی ہیں لیکن بہتر حکمت عملی سے مزید بحران سے اب بھی بچا جا سکتا ہے۔
******** ********

 
ابن جلال's Avatar
ابن جلال
Senior Member
تاریخ شمولیت: Apr 2008
مقام: Pakistan
مراسلات: 5,434
شکریہ: 9,850
2,670 مراسلہ میں 4,570 بارشکریہ ادا کیا گیا
مناظر: 126
Reply With Quote
جواب

Tags
ہندو, پولیس, وزیر, وزیراعظم, نیوز, چین, نظر, موت, موجودہ, مقابلہ, منتقل, مالیاتی بحران, متوقع, مسائل, اکبر, اقوام متحدہ, انتظامیہ, امریکہ, بچوں, تلاش, جیل, حماس, طالبان, صدارت, صدارتی


Currently Active Users Viewing This Thread: 1 (0 members and 1 guests)
 
موضوع کے اختیارات
ظاہری انداز Rate This Thread
Rate This Thread:


Similar Threads
موضوع موضوع شروع کیا فورم جوابات آخری مراسلہ
کتاب "لذتِ آشنائی" نوائے وقت، جناح نیوز,ایکپریس نیوز گوہر خبریں 0 26-03-10 04:46 PM
شوبز نیوز ابن جلال خبریں 9 09-06-08 01:04 AM
فری اردو نیوز ڈاٹ کام عبدالقدوس ویب سائٹس کا جائزہ 4 13-06-07 07:48 PM


تمام اوقات پاکستانی معیاری وقت ( +5 GMT) کے لحاظ سے ہیں۔ ابھی وقت ہے 09:54 PM

Powered by vBulletin® Copyright ©2000 - 2012, Jelsoft Enterprises Ltd.
Content Relevant URLs by vBSEO
جملہ حقوق نشرو اشاعت ©2000 - 2012,پاکستان کی آواز - پاکستان کے فورمزکی انتظامیہ کے پاس مخفوظ ہیں۔ ہم اردو ترجمے کے لیے جناب زبیرکے مشکور ہیں-
اپنا بلاگ مفت حاصل کریں wordpress.pk
ہم pak.net ڈومین نیم کے لیے جناب فاروق سرور خان کے مشکور ہیں

Template-Modifications by TMS
vBCredits v1.4 Copyright ©2007 - 2008, PixelFX Studios
Ad Management plugin by RedTyger