آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے تعلق رکھنے والے آسٹریلوی ایمپائر ڈیرل ہارپر نے بھارتی کرکٹ ٹیم پر دھونس کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔
ڈیرل ہارپر نےایک لمبے کیریئر کے بعد رواں ماہ میں ہی کرکٹ ایمپائرنگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی طرف سے ان پر تنقید پر آئی سی سی کی خاموشی ان کی ریٹائرمنٹ کی وجہ بنی۔
ڈیرل ہارپر نے بھارتی ٹیم کے رویے کےخلاف ویسٹ انڈیز اور انڈیا کےمابین تیسرے ٹیسٹ میچ میں ایمپائرنگ سے انکار کر دیا تھا۔
ڈیرل ہارپر نے بی بی سی لائیو فائیو سپورٹس کوایک انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ بھارتی کھلاڑی دھونس دیتے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ان کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔
ڈیرل ہارپر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کسی کو تو بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور وہ اسی لیے ایسا کر رہے ہیں۔
انڈیا کرکٹ بورڈ نے ڈیرل ہارپر کے الزام پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
ڈیرل ہارپر نے کہا کہ جب وہ سکول ٹیچر تھے تب بھی انہوں نے کبھی بھی ’بلینگ‘ کو برداشت نہیں تھا اور وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ میں بھی اس کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے کہا کہ آئی سی سی نے ہمیشہ ڈیرل ہارپر کی سپورٹ کیا ہے۔ ہارون لوگارٹ نے کہا کہ یہ افسوناک بات ہے کہ ڈیرل ہارپر کے کیریئر کا اختتام اس انداز میں ہو رہا ہے۔
گزشتہ میہنے ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ڈیرل ہارپر کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔مہندرا سنگھ دھونی نے میچ کےاختتام پر ہونے والی بات چیت میں کہا تھا:’ اگر صحیح فیصلے کیے جاتے تو کھیل کہیں پہلے ختم ہو چکا ہوتا اور میں اس وقت ہوٹل میں ہوتا۔‘آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے مہندرا سنگھ دھونی کی تنقید کا کوئی نوٹس نہیں لیا تھا۔
بھارتی اخبارات میں کرکٹ ٹیم مینجمنٹ کے ایک اہلکار کے حوالے سے لکھا گیا تھا کہ ساری بھارتی ٹیم نہیں چاہتی تھی کہ ڈیرل ہارپر میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں۔
ڈیرل ہارپر نے کہا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے کئی وجوہات تھیں لیکن سب سے بڑی وجہ آئی سی سی کی طرف سے انہیں سپورٹ نہ ملنا ہے۔’ میں چاہتا تھا کہ مجھ پر ہونے والے تنقید پر ایکشن لیا جاتا ۔ لیکن جب آئی سی سی نے ایسا نہیں تو میں نے اپنا بسترہ بوریا گول کیا۔‘
ڈیرل ہارپر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ کھیل کی روح کے منافی ہے۔
ڈیرل ہارپر کا مکمل انٹرویو پیر برطانوی وقت کے رات نو بجے بی بی سی ریڈیو فائیو لائیو پر نشر ہو گا۔
خبر