طویل القامت اور اسٹیج کے پستہ قد فنکاروں کی جیو کے ”اٹھو جاگو پاکستان“ میں ڈاکٹر شائستہ واحدی سے گفتگو
کراچی(جنگ نیوز) آٹھ فٹ ایک انچ قد کے ساتھ دنیا کے دوسرے نمبر کے طویل قامت پاکستانی جوان نصیر سومرو نے کہا کہ اپریل فول نہیں منانا چاہئے، سمجھدار انسان ہوں، نماز کی پابندی کرنی چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیو ٹی وی کے پروگرام ”اٹھو جاگو پاکستان“ میں میزبان ڈاکٹر شائستہ واحدی سے دوران گفتگو کیا۔ اس پروگرام میں خودکشی کے حوالے سے گفتگو ہورہی تھی۔ نصیر سومرو کے ساتھ اس پروگرام میں اسٹیج کے پستہ قد اداکار دانش، علینہ، شاہد اور اکبر نے بھی شرکت کی۔ نصیر سومرو نے بتایا کہ مجھے تائیوان میں محبت ہوئی تھی، رومانس کی یہ خبر اخبارات میں بھی آگئی تھی اس واقعے کو تقریباً دس گیارہ برس ہو چکے ہیں، ان کا قد نارمل تھا، پاکستان آنے سے انکار کرنے پر بات ختم ہو گئی، میں پاکستان، آزادی اور اپنے دوست نہیں چھوڑ سکتا، عشق میں ناکامی کے بعد خودکشی کا خیال نہیں آیا، ایک ڈھونڈو ہزار ملتے ہیں۔ دانش نے پروگرام میں کہا کہ میری منگیتر کوئٹہ میں ہے، ہر پروگرام کے آخر میں کال کرتی ہے، لوگ مسائل سے پریشان ہو کر خودکشی کی بات کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے یہ زندگی گزارنے کے لئے دی ہے، ہم الحمدللہ مسلمان ہیں، مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ شاہد نے کہا کہ میں زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا اور نہ ہی کبھی احساس کمتری کا شکار ہوا۔ اکبر نے کہا کہ خودکشی حرام ہے، پریشانی کا حل نماز ہے، پیغمبر بھی نمازِ حاجت پڑھتے تھے، ہمیں بھی اللہ سے مدد لینی چاہئے۔ ان اسٹیج فنکاروں کے ساتھ اسٹیج سے تعلق رکھنے والی تہمینہ بھی موجود تھیں۔