تہران(
نیوز ایجنسیاں)ایرانی دارالحکومت کے مغربی نواح میں واقع انقلابی گارڈز کے اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکے سے کم از کم27افراد ہلاک ہوگئے ہیں،فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایلیٹ فورس کے ترجمان کمانڈر رمضان شریف نے ایران کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ انقلابی گارڈز کے اسلحہ ڈپو میں ہونیوالے اس زوردار دھماکے میں27افراد ہلاک ہوگئے ہیں،ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں سے کچھ کی حالات تشویشناک ہے،مہرنیوز ایجنسی نے ایمرجنسی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں23افراد زخمی جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق انقلابی گارڈز کا مذکورہ اسلحہ ڈپو دارالحکومت تہران سے20 کلومیٹر مغرب میں واقع ملارڈ کے علاقے بڈگانے بیس میں ہے جس میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شدید دھماکہ ہوا،عینی شاہدین کے حوالے سے خبررساں ادارے نے کہا ہے کہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس سے شہر کے قریبی علاقوں میں مکانات کے شیشے ٹوٹ گئے،ایلیٹ فورس کے ترجمان کمانڈر رمضان شریف کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب گولہ بارود کو منتقل کیا جارہا تھا،اثنا نیوز ایجنسی نے ایران کے نیشنل سیکورٹی کمیشن کے نائب سربراہ اسماعیل کوساری کے حوالے سے کہا ہے کہ پارلیمان اس واقعے کی تحقیقات شروع کرے گی۔