فاٹا، سوات، آزادکشمیر میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1870 روپے کوہاٹ، مری و پہاڑی علاقوں میں 1690 پشاور اور لاہور میں 1510 روپے ہوگئی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی، اے پی پی، این این آئی) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے مائع پٹرولیم گیس کی قیمتوں میں 14 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے جس سے مارکیٹ میں گھریلو سلنڈر 165 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 635 روپے مہنگا ہو گیا‘ یہ اضافہ اوگرا کی اجازت کے بغیر اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق ایل پی جی مافیا نے جمعرات سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 14 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے جو ملکی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہے۔ ایل پی جی کے11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی آزاد کشمیر، مظفر آباد، باغ، فاٹا اور سوات میں1690 سے بڑھ کر 1870 روپے، مری، کوہاٹ، میں 1510 سے بڑھ کر1690 روپے لاہور، پشاور، سیالکوٹ میں 1330 سے بڑھ کر 1510 روپے ملتان 1390 روپے سے بڑھ کر1570 روپے کراچی میں قیمت 1150 سے بڑھ کر 1270 روپے فی گھریلو سلنڈر ہوگئی ہے۔ گیس مافیا نے ایل پی جی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی سی پی پر ائس میں 136 ڈالر فی میٹرک ٹن اضافہ کو جواز بنا کر کیا ہے۔ اوگرا نے مارکیٹ میں ایل پی جی کی فی گھریلو سلنڈر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 1031 سے 1192 روپے مقرر کر رکھی ہیں لیکن مارکیٹ میں گھریلو سلنڈر 1870 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے صدر آصف علی زرداری، چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری اور وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کا نوٹس لیا جائے۔ دریں اثناءایل پی جی کی پیدوار کے ادارہ جامشورو جوائنٹ وینچر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان فصیح احمد نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی