|
بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے،ایرانی وزیر خارجہ

05-01-08, 08:20 AM
بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے،ایرانی وزیر خارجہ
اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے دونوں ملک تجارت صنعت سرمایہ کاری، کے وزارتی تیل و گیس بنکاری کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ یہ فیصلے ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی کی صدر پرویز مشرف،نگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو اور وزیر خارجہ انعام الحق کے ساتھ جمعہ کو الگ الگ ہونے والی ملاقاتوں میں کئے گئے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ سے ایران کے صدر حکومت عوام اور اپنی طرف سے محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر تعزیت کی اور کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے متعدد بار ایران کے دورے کئے ان کی والدہ نصرت بھٹو کا تعلق ایران سے تھا ،ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی نے ایران، پاکستان ، انڈیا گیس پائپ لائن منصوبے میں پیشرفت کے بارے میں پاکستانی لیڈروں سے بات چیت کی اور افغانستان کے امن و استحکام، پاک ایران بارڈر پر انسانوں کے اسمگلروں، ڈرگ مافیا کے بارے میں وزیر خارجہ انعام الحق کے ساتھ اہم مذاکرات کئے۔ صدر پرویز مشرف کے ساتھ ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے صدر پرویز مشرف کو ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پراتفاق کیا گیا۔ صدر مشرف نے پاکستان اور ایران کے برادارانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون خطے کی سلامتی اور امن کیلئے بہت اہم ہے پاک بھارت ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر صدر مشرف کا کہنا تھا کہ ہم اس منصوبے پر کوئی دباؤ قبول نہیں کرینگے اسے آگے بڑھایا جائے گا چاہے بھارت اس میں شامل ہو یا نہ ہو کیونکہ ہمیں توانائی کی سخت ضرورت ہے کہ ہماری معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے ہماری پہلی خواہش ہے کہ بھارت بھی اس منصوبے کا حصہ بنے اس حوالے سے بات چیت جاری ہے،ملاقات کے دوران میاں سومرو نے کہا کہ ایران پاکستان کا برادر پڑوسی دوست ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی خواہشمند ہیں۔ انہوں نے صدمہ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء منوچہر متقی نے پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں بابر اعوان اور انور بیگ سے بینظیر بھٹو کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ محترمہ بے نظیربھٹو کی شہادت کی کاروائی میں ملوث ہیں انہوں نے پاکستان کی سیکورٹی ، استحکام اور یکجہتی کو نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے- اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی آصف علی زرداری سے بھی ٹیلی فون پر تعزیت کی-ان کے ہمراہ ایرانی سفیر ماشاء اللہ شاکری بھی موجود تھے-بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے اہل خانہ‘پارٹی‘حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ بے نظیر بھٹو کی شہادت میں تعزیت کرتا ہوں- بے نظیر بھٹو نے وزیراعظم کے طور پر ملک‘ خطے اور خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کیلئے عظیم خدمات سرانجام دیں -انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم سیاستدان تھیں اور ان کے دور میں پاک ایران تعلقات مستحکم ہوئے تھے انہوں نے اس موقع پر دعاء کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے-
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|