|
بے نظیر کے قتل کی تحقیقات بیرونی ما ہرین سے کرانے پر اعتراض نہیں،وزارت داخلہ

02-01-08, 08:20 AM
بے نظیر کے قتل کی تحقیقات بیرونی ما ہرین سے کرانے پر اعتراض نہیں،وزارت داخلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل، نمائندہ جنگ) نگراں وفاقی وزیر داخلہ حامد نواز نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے عام انتخابات کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جہاں تک وزارت داخلہ کا تعلق ہے تو ہم نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور ہماری طرف سے اگر 8جنوری کو انتخابات کروائے جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کو دور دراز علاقوں میں سیکیورٹی کا سامان پہنچانے میں 3 دن درکار ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحقیقاتی ماہرین دنیا میں ایک مثال رکھتے ہیں اور اکثر بیرون ممالک میں بھی خدمات انجام دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود اگر بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کیلئے بیرونی ماہرین کی مدد حاصل کی جاتی ہے تو وزارت داخلہ کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیونکہ اس اقدام سے بینظیر بھٹو کے لواحقین کے تمام تحفظات دور ہو جائیں گے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر (ر) جاوید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ لیاقت باغ پر ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں وزارت داخلہ نے ابتدائی معلومات جاری کر دی تھیں مزید تحقیقات میں تمام حقائق کو پیش نظر رکھا جارہا ہے اس حوالہ سے جو بھی پیشرفت ہوئی اور تحقیقات کے نتائج سامنے آئے قوم کو آگاہ کر دیا جائیگا، قوم سے حقائق نہیں چھپائے جائینگے، میاں نواز شریف کو ضروری سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، چوہدری پرویز الٰہی کو بھی دھمکی مل چکی ہے۔ وہ سانحہ لیاقت باغ اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔ نمائندہ جنگ کے مطابق جاوید اقبال چیمہ نے کہا کہ سوگ اور احتجاج کے نام پر زبردستی کاروبار بند کرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بینظیر بھٹو کی المناک موت کی تحقیقات میں غیرملکی ماہرین کی شمولیت کے حوالہ سے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا گیا۔ جاوید اقبال چیمہ نے کہا کہ سانحہ معمولی نوعیت کا نہیں ہے ایک قومی سطح کی خاتون رہنما کا قتل ہوا ہے۔ ہمارے سینئر حکام ہر پہلو سے سانحہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جیسے ہی کوئی ٹھوس نتائج سامنے آئے قوم کو بتائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پوسٹ مارٹم قانونی تقاضا تھا لیکن آصف علی زرداری کی درخواست پر پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا۔ 8 جنوری کو انتخابات کرانے کا کام الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وزارت داخلہ امن وامان برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہے۔
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|