کمیشن کے دفاترمیں میڈیاکاداخلہ بند،جاویدلغاری ڈگریوں کی تصدیق مکمل ہونے کے بعدمستعفی ہوجائیں گے ،ذرائع
اسلام آباد (این این آئی) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے صدر دفاتر میں میڈیا کے نمائندوں کا داخلہ بند کردیا گیا جبکہ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل نقی نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والوں کے نام میڈیا کو بتانے والوں کو الٹکا لٹکا دوں گا اور نوکری سے برطرف کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جاوید لغاری نے ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کا کام مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے ساتھ پیپلزپارٹی سے اپنی سیاسی وابستگی بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت کی ہائر ایجوکیشن کمیشن پر شدید دباؤ ہے جس کی وجہ سے کمیشن کے 3 اعلیٰ افسران چھٹی پر چلے گئے ہیں جو ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کرنے والی سیکروٹنی کمیٹی میں بھی شامل تھے۔ ادھر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاوید لغاری کے پی اے کا کہناہے کہ جاوید لغاری استعفیٰ دیں گے نہ چھٹی پر جائیں گے۔ تاہم وہ میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ اگر ان پر کوئی دباؤ ہوگا تو وہ بھی اس کا جواب دیں گے۔ آن لائن کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کے حوالے سے اب تک غیرمتنازع کردار ادا کرنے اور شدید سیاسی دباؤ کے باوجود ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو شفاف طریقے سے چلانے کی وجہ سے پیپلزپارٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے درمیان اختلافات سنگین ہوگئے ہیں جس کے باعث ڈاکٹر جاوید لغاری نے ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کا کام مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے ساتھ پیپلزپارٹی سے اپنی سیاسی وابستگی بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی میں خبر