|
جنوری کے انتخابات میں حصہ لیں گے،کسی کو فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا،نواز شریف

01-01-08, 10:19 AM
جنوری کے انتخابات میں حصہ لیں گے،کسی کو فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا،نواز شریف
لاہور (نامہ نگار خصوصی/ ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازّشریف نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مطالبہ کیا کہ صدر فوری طور پر مستعفی ہوجائیں اور قومی حکومت منصفانہ انتخابات کرائے،انہوں نے کہا کہ 8جنوری کے انتخابات میں حصہ لیں گے اور انتخابی میدان سے کسی کو فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ نوازشریف نے کہاکہ وہ آصف زرداری کی اپیل کا احترام کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دھاندلی کے خدشات کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ نئی قومی حکومت کے تحت شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انتخابات 8جنوری کو ہی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ بینظیربھٹو کی شہادت ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ ان کی شہادت سے صوبہ سندھ زخمی ہوگیا۔ خواہش کے باوجود محترمہ کے جنازے میں شرکت نہ کرسکا۔ انہوں نے کہاکہ آمریت نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا، نئی قومی حکومت بنا کر ملک کو بچایا جا سکتا ہے۔ آمریت سے نجات کے لیے پیپلزپارٹی سے تعاون کو تیار ہیں۔ نوازشریف نے کہاکہ صدر مسائل کا حل نہیں بلکہ وہ خود مسئلہ ہیں۔ ان کے جانے سے بدامنی دور ہوجائے گی۔ نوازشریف نے کہاکہ ق لیگ الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔ آزادانہ انتخابات کی صورت میں اس کا صفایا ہو جائے گا اور وہ دس نشستیں بھی جیت نہیں سکتی۔ نوازشریف نے یقین ظاہر کیا کہ ایک نہ ایک دن جج ضرور بحال ہوں گے۔ ہم انہیں بحال کروائیں گے۔ نوازشریف نے کہاکہ وہ اپنے لیے حکومت کی سیکورٹی سے مطمئن نہیں۔ انہوں نے اپنے خرچ پر بلٹ پروف کار حاصل کی ہے۔ نوازشریف نے تین نکاتی مطالبات پیش کیے جن میں (1) پرویزمشرف کا استعفیٰ، (2) نئی قومی حکومت کا قیام اور (3) عدلیہ اور آئین کی بحالی شامل ہیں۔ نوازشریف نے کہاکہ وہ اپنے تمام امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی سے حلف لیں گے کہ وہ عام انتخابات میں منتخب ہو کر 2نومبر سے پہلے والی عدلیہ کی بحالی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے اور نہ صرف ایوان کے اندر بلکہ باہر بھی ہر پلیٹ فارم پر اس ضمن میں بھرپور تحریک چلائیں گے اور جب تک 2نومبر سے پہلے والی عدلیہ بحال نہیں ہوجاتی، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پی پی پی اور ان کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے نے اقتدار کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے اور سرکاری لیگ کو اپنی عبرتناک شکست صاف نظر آرہی ہے جس کے باعث مختلف حیلے بہانوں سے الیکشن ملتوی کرنے کا جواز تلاش کیا جا رہا ہے کیونکہ انہیں نظر آگیا ہے کہ اب انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کے التوا پر بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انتخابات کسی صورت بھی ملتوی نہ کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر سرکاری لیگ کو شکست سے بچانے کے لیے انتخابات ملتوی کیے گئے تو یہ بددیانتی ہوگی اس سے حکومت کی جانبداری کھل کر سامنے آ جائے گی۔
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|