|
جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سٹریٹجک پروگرام اور آئی ایس آئی بارے منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لے لیا

11-10-08, 11:07 PM
جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سٹریٹجک پروگرام اور آئی ایس آئی بارے منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لے لیا
پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ان کی حفاظت کےلئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں، عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں تمام قومی قوتوں کی مدد سے حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں کو کامیاب کیا جائے گا، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ
راولپنڈی ……… تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے پاکستان کے سٹریٹجک پروگرام اور آئی ایس آئی کے بارے میں منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کی حفاظت کےلئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں، عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں تمام قومی قوتوں کی مدد سے حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں کو کامیاب کیا جائے گا۔ یہ فیصلے ہفتے کے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل طارق مجید کی زیر صدارت راولپنڈی میں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اجلاس کے دوران کئے گئے۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل تنویر محمود احمد، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نعمان بشیر، سیکرٹری دفاع کامران رسول، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا، ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ سٹاف سیکرٹری دفاع پیداوار ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء کو آئی ایس آئی کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فوجی جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور سویلین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں قبائلی علاقہ جات اور دیگر شورش زدہ علاقوں میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا اور آپریشن کی رفتار اور نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں ملک کی دفاعی اور داخلی صورتحال پر غور اور جیو پولیٹیکل مسائل پر حکومتی کوششوں کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید نے کہا کہ ملک میں سیاسی عمل کا مکمل ہونا مثبت پیش رفت ہے جس سے ملک میں درپیش چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فاٹا اور دیگر علاقوںکے عام کی جانب سے شدت پسندوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کے قدم کو بھی مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے عوام کی جانب سے حکومت اور مسلح افواج کی حمایت بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں ملک کے جوہری اثاثوں، آئی ایس آئی کیخلاف منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان اثاثوں کی حفاظت کےلئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔ شرکاء نے ان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں تمام قومی قوتوں کی مدد سے حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں کو کامیاب کیا جائیگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
|
ابن جلال
Senior Member
تاریخ شمولیت: Apr 2008
مقام: Pakistan
مراسلات: 5,434
شکریہ: 9,850
2,670 مراسلہ میں 4,570 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|