|
جیو نیوز جلد دوبارہ عوام تک سچائی پہنچائے گا‘ عمران اسلم

20-11-07, 09:45 AM
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے صدر عمران اسلم نے کہا ہے ہم پھر آئیں گے‘ جیو نیوز جلد دوبارہ عوام تک پہنچے گا اور اسی طرح سچائی عوام تک پہنچائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر آزادی اسٹریٹ پرواقع جیو نیوز کے دفترکے باہر لگائے گئے اظہاریکجہتی کیمپس پر منعقدہ موم بتیاں روشن کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیو سچائی کی جنگ لڑرہا ہے اورہمیشہ سچائی کی جیت ہوتی ہے‘ یہ کالی رات جلد ختم ہوگی اورجیو ایک بار پھر پاکستان کے ہر گھر میں ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شمیم الرحمن نے کہا کہ آزادی صحافت پر قدغن کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی‘ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جیو نیوز کو فوری طور پرکھولاجائے اور پیمرا ترمیمی آرڈیننس واپس لیا جائے۔ ایسوسی ایشن آف ٹیلی ویژن جرنلسٹس پاکستان کے صدر جاوید صباء نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلوں پر پابندی شرمناک عمل ہے‘ اس سے حکومت کے آزادی صحافت کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ پریس کلب کے صدر صبیح الدین غوثی نے کہا کہ اصل جنگ آزادی کی ہے‘ میڈیا کی آزادی‘ عوام کی آزادی‘ عدلیہ کی آزادی اور پاکستان کی آزادی اور یہ آزادی پاکستانی عوام جدوجہد کرکے جلد حاصل کرلیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ٹی جے کے جنرل سیکریٹری فیصل عزیز خان نے کہا کہ یہ تو واضح ہے کہ اس جنگ میں جیت ہماری ہے‘ میڈیا آزاد ہوگا اور کوئی بھی طاقت آزادی صحافت پر طویل قدغن نہیں لاسکتی۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے جیو ٹیلی ویژن کی بندش کے خلاف کراچی میں صحافی کارکنوں کی جانب سے شمعیں روشن کی گئیں جبکہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے جیو کے دفتر آکر اظہار یکجہتی کیا۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جنگ بلڈنگ کے باہر لگائے گئے کیمپ میں دن بھر عوام نے جیو کی بندش کے خلاف رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر جیو کے کارکنوں اور صحافیوں نے شمعیں روشن کیں اور آزادی صحافت کے حق میں نعرے لگائے۔ جیو ٹیلیویژن نیٹ ورک کے کارکنوں نے چینلوں کی بندش کے مذموم اقدام کے خلاف ڈٹے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
__________________
ہمارے لیے دعا کریں ہمیں دعاؤں کی بہت ضرورت ہے پلیز پلیز پلیز
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|