|
خود کشیاں انتہائی تکلیف دہ ہیں،مہنگائی کے خاتمے کیلئے پیکج تیار کر رہے ہیں

17-04-08, 08:14 AM
خود کشیاں انتہائی تکلیف دہ ہیں،مہنگائی کے خاتمے کیلئے پیکج تیار کر رہے ہیں،وزیراعظم گیلانی
اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے خود کشیوں کے واقعات انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہیں، مہنگائی کے خاتمے کیلئے پیکیج تیار کر رہے ہیں، حکومت ایسے اقدامات کرے گی کہ لوگ بے روزگاری اور غربت سے تنگ آکر خودکشی پر مجبور نہ ہوں ، غریب خاندانوں کی بھرپور معاونت کی جائے گی، وہ مکہ کالونی گلبرگ میں غربت اور مہنگائی سے تنگ آکر دو بچوں سمیت خود کشی کرنے والی خاتون بشریٰ بی بی کی رہائش کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے رائیونڈ میں مسلم لینگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی کا مسئلہ کھڑے کھڑے حل نہیں ہوسکتا، اس کے لئے طریقہ کار طے کرنا ہوگا، ہم پرامن لوگ ہیں، ڈرانے دھمکانے کی سیاست نہیں کرتے، قومی اتفاق رائے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، معزول ججز، اعلان مری کے مطابق بحال ہونگے، ہماری کوشش تھی کہ ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ مل کر چلے لیکن ہر جماعت کا اپنا منشور اور پالیسی ہوتی ہے، ایم کیو ایم کو اپنے فیصلے کرنیکا حق حاصل ہے۔ صدر کے مواخذے کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی لاہور میں دو بچوں سمیت ٹرین کے نیچے آکر خود کشی کرنے والی خاتون بشریٰ بی بی کے گھر پہنچے اور متوفیہ کے والد، والدہ، خاوند اور خاوند کے والدین سے ملاقات کی اور اس افسوس ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متوفیہ کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے نقد مالی امداد فراہم کی اور بشریٰ خاتون کی دو کنواری بہنوں کی شادی کے تمام اخراجات سرکاری طور پر برداشت کرنے اور متاثرہ خاندان کو مستقل رہائش فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ یہ ممبران اسمبلی، ناظمین اور دیگر ارباب اقتدار سمیت مخیّر شخصیات کا بھی قانونی، قومی اور اخلاقی و انسانی فرض ہے کہ وہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مکہ کالونی میں سڑک کی تعمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کا بھی اعلان کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر تمام حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ، پیپلز پارٹی کے راہنما عزیز الرحمن چن، منیر احمد خان اور اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء جاتی امرا رائیونڈ میں میاں نواز شریف کی طرف سے ظہرانے میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہم پرامن لوگ ہیں، ڈرانے دھمکانے کی سیاست نہیں کریں گے، صدر پرویز کے متعلق فیصلہ پارلیمینٹ آئین کے مطابق کریگی۔ انہوں نے کہا ہم قومی اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو اقتصادی ترقی ممکن ہو گی، لوڈشیڈنگ اور گندم کا بحران ہمیں ورثے میں ملا، ملتان میں ہنگامے اس لئے کرائے گئے کیونکہ وزیر اعظم کا تعلق ملتان سے ہے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ، سردار ذوالفقار کھوسہ، راجہ ریاض احمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہم پرامن لوگ ہیں، ڈرانے دھمکانے کی سیاست نہیں کریں گے، ہر روز نئی سیاست ہوتی ہے، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں سب کو ساتھ لیکر چلیں لیکن ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور اور ایجنڈا ہوتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دوسری پارٹیاں اپنے منشور اور دائرہ کار میں رہتے ہوئے باہمی تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرامن رہیں، ہم ان کے تعاون سے جلد ان مشکلات پر قابو پالیں گے ۔ انہوں نے کہا ججز کی بحالی اعلان مری کے مطابق ہو گی۔ جسٹس فلک شیر کو چیف جسٹس بنائے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا ایسی کوئی بات میرے علم میں نہیں ۔اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ معزول ججز کی بحالی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ہم برداشت اور تحمل کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ ملک کو مخاصمت اور انتشار کی سیاست سے بچا کر نئی جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد اعلان مری کے مطابق تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت کا مقصد صحت مند جمہوری روایات کا فروغ اور حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت ہے۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|
عبدالقدوس
Administrator
تاریخ شمولیت: May 2007
مقام: گوگل
عمر: 24
مراسلات: 25,294
شکریہ: 18,821
12,630 مراسلہ میں 29,416 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|