وکی لیکس نے امریکی سکیورٹی نظام کے موثر ہونے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں، وزیرخارجہ کیون رڈ، برطانیہ میں آسٹریلوی قونصل جنرل کی لندن میں جولین اسانج سے ملاقات
کینبرا (این این آئی،جنگ نیوز) آسٹریلیا کے وزیر خارجہ کیون رڈ نے کہا ہے کہ امریکا کے ہزاروں خفیہ دستاویزات کی اشاعت کا ذمہ دار جولین اسانج نہیں بلکہ خود امریکا ہے۔ کیون رڈ کااس سلسلے میں مزید کہناہے کہ ان خفیہ دستاویزات کی اشاعت نے امریکا کے سکیورٹی نظام کے موثر ہونے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر خارجہ کیون رڈ نے کہا کہ دیگر آسٹریلوی شہریوں کی طرح جولین اسانج کو بھی قونصل خانے کی طرف سے مدد فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے جولین اسانج کو عنقریب ایک خط جاری کر دیا جائیگا ۔ دوسری جانب برطانیہ میں آسٹریلوی قونصل جنرل نے لندن میں جولین اسانج سے ملاقات کی۔ دریں اثناءجولین اسانج کے بیٹے نے اپنے باپ کے ساتھ منصفانہ اورغیرسیاسی برتاﺅ کی امید کا اظہارکیا ہے۔ ڈینیئل اسانج نے اپنے باپ کے ساتھ منصفانہ برتاﺅ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سویڈش قانونی حکام کا رویہ تاحال حوصلہ افزا نہیں ہے اور انہیں جولین اسانج کے ساتھ انصاف پر مبنی اورغیرسیاسی برتاﺅ کی یقین دہانی کرائی جائے۔ ادھر سویڈن کے عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ جولین اسانج کی سویڈن منتقلی کی صورت میں انہیں امریکا کے حوالے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ادھر واشنگٹن میں امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان فلپ کرالی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسانج کی گرفتاری کا معاملہ سویڈن اور برطانیہ کے درمیان ہے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی