|
سانحہ 27 دسمبر : متحدہ کے وفود کی ہنگامہ آرائی کے متاثرین سے ملاقاتیں

05-01-08, 08:44 AM
سانحہ 27 دسمبر : متحدہ کے وفود کی ہنگامہ آرائی کے متاثرین سے ملاقاتیں
کراچی (پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے وفود نے سانحہ 27 دسمبر کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور لوٹ مار کا نشانہ بننے والی فیکٹریوں‘ دکانوں‘ مکانوں اور ہوٹلوں کے مالکان کو تعاون کایقین دلایا۔ پریس ریلیزکے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن وصوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 100 سے ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار عادل صدیقی‘ حق پرست امیدوار برائے قومی اسمبلی عبدالوسیم نے جمعہ کے روز نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا‘ سائٹ‘ قصبہ‘ نیو کراچی اور فیڈرل بی ایریا کا تفصیلی دورہ کیا اور جلاؤ، گھیراؤ اور لوٹ مار کا نشانہ بننے والی فیکٹریوں‘ کارخانوں‘ دکانوں‘مکانوں اور ہوٹلوں کے متاثرہ مالکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے حق پرست ٹاؤن ناظم ذوالفقار‘ معروف صنعتکار سراج تیلی‘ سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نثار شیخانی اور کراچی کامرس کے صدر شمیم صدیقی بھی موجود تھے۔ انہوں نے متاثرین سے ان کے نقصانات کی تفصیلات معلوم کیں اور پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر متاثرین نے عادل صدیقی کوبتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی اورجما جمایا کاروبار شرپسندوں نے چند منٹوں میں راکھ کا ڈھیر بنادیا اور اب ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال ہے۔ عادل صدیقی نے متاثرین کو دلاسہ دیا اور کہا کہ ایم کیو ایم ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تباہ شدہ املاک اورکاروبار کا معاوضہ دلانے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی کراچی مضافاتی کمیٹی کے اراکین نے کراچی کے مختلف مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا اور بینظیربھٹو کی شہادت کے بعد ایم کیو ایم کے دفاتر لوٹ کر نذر آتش کرنے کے واقعات کی تفصیلات معلوم کیں۔ مسلح دہشت گردوں نے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں ایم کیو ایم کے کئی سیکٹر‘ الیکشن اور رابطہ آفسوں کو لوٹنے کے بعد نذر آتش کردیا تھا۔ مسلح دہشت گردوں نے ایم کیو ایم کے جن دفاتر کو لوٹ مار کے بعد نذر آتش کیا ان میں گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 4 گجرو کے لاسی گوٹھ‘ صیفل گوٹھ کے علاوہ کیماڑی اوکھائی کالونی میں واقع الیکشن آفس‘ پدر گراؤنڈ میں واقع یونٹ آفس‘ پانجیری پاڑہ‘ تارا چند روڈ اور سلطان آباد میں قائم الیکشن آفس شامل ہیں۔
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|