
جے وردھنے نے اپنے ایک روزہ کیریئر کا سب سے زیادہ سکور کیا
سری لنکا نے ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو انہتر رن سے ہرا دیا۔ اس پانچ روزہ سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ نے جیتا تھا۔
میچ کی خاص بات سری لنکا کے بلے باز جے وردھنے کی سنچری تھی۔ انہوں نے ایک سو پچاس گیندوں پر ایک سو چوالیس رن بنائے جو ان کے ایک روزہ کیریئر کا سب سے زیادہ سکور ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو رن بنائے۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم چھیالیسویں اوور میں دو سو چالیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی طرف سے این مورگن کا سکور سب سے زیادہ تھا، انہوں نے چالیس گیندوں پر باون رن بنائے۔
سری لنکا کی طرف سے لکمل اور رندیو نے تین تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ جے مینڈس کو دو وکٹیں ملیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سوان نے دو اور بریسنن نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔