|
سوات،اہم طالبان رہنما گر فتار گولہ باری سے4 ہلاک،فیصلہ کُن کارروائی کیلئے فوج نے پولیس اور ایف سی کی کمان سنبھال لی

13-11-07, 09:05 AM
اسلام آباد +سوات(مانیٹرنگ ڈیسک ) سوات میں پاکستانی فوج نے مقامی طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ سے 4 طالبان جنگجو ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے مقامی طالبان جنگجوؤں کے اہم رہنما کو بھی گرفتار کرلیا ہے ،علاوہ ازیں سوات کے علاقے کوزہ بانڈی میں سیکورٹی فورسزکی گولہ باری رات گئے تک جاری تھی۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے کہا ہے کہ فوج نے مقامی طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے پولیس اور ایف سی کی کمانڈ سنبھال لی ہے، جنرل وحید ارشد نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پیر کے روز سوات میں فوج نے تمام علاقوں کا انتظامی کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور وہاں تعینات سیکورٹی فورسز کو مقامی طالبان کے خلاف ممکنہ کارروائی کرنے کے لئے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے سوات میں مقامی طالبان کے ایک اہم جنگجو کو بھی گرفتار کیا ہے جو مولانا فضل اللہ کے ساتھیوں کو اسلحہ فراہم کرنے اور سیکورٹی اہلکاروں کے گلے کاٹنے میں ملوث رہا ہے۔ تاہم مقامی طالبان کا دعویٰ ہے کہ حراست میں لیا جانے والا شخص عام شہری ہے۔ طالبان کے ترجمان سراج الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں۔ اگر فوجی آپریشن کی تیاری ہورہی ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طالبان زیر زمین چلے جائیں گے اور آخری دم تک جنگ جاری رکھیں گے۔ طالبان ترجمان نے ہلاکتوں کی تردید کی ہے اور الزام عاید کیا ہے کہ کارروائی رہائشی علاقوں میں کی گئی ہے۔ایمرجنسی کے بعد فوج کا جنگجوؤں کیخلاف یہ پہلا آپریشن ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو سیکورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے سوات کے مختلف علاقوں میں قائم شدت پسندوں کی چیک پوسٹوں بریم پل‘ سمبڑ چوک مٹہ اور بامہ خیلہ کو نشانہ بنایا اور شدید شیلنگ کی جس سے 4 شدت پسند ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔آخری اطلاع آنے تک گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ وقفے وقفے سے جاری تھی۔فائرنگ کے بعد مٹہ خوازہ خیلہ اور چار باغ بازار مکمل طور پر بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔سوات سے سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران طالبان جنگجوؤں کے اہم رہنما کو گرفتار کرلیا ہے۔پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اہم جنگجو رہنما کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار کئے گئے جنگجو سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔اس نے اپنا نام پروانت بتایا ہے تاہم وہ مقامی رہائشی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں تشدد کی کارروائیوں،دہشتگردوں کو پناہ دینے اور ہتھیار فراہم کرنے میں ملوث ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے فوج نے کمانڈ سنبھال لی ہے اور ایف سی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے فوج کے ماتحت کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں‘ مجرموں اور عسکریت پسندوں کا اب صفایا کرکے دم لیں گے اور حالات دیکھ کر فضائیہ کی مدد حاصل کرنے سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ زمینی دستے استعمال نہیں کئے جارہے اور نہ ہی اس وقت زمینی آپریشن ہورہا ہے۔ دوسری جانب طالبان ترجمان سراج الدین نے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے طالبان ہلاکتوں کی تردید کردی ہے انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے صرف دو ساتھی زخمی ہوئے ہیں ہمارے پاس کوئی اینٹی ایئر کرافٹ نہیں اور نہ ہی ہم نے ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ کی ہے۔طالبان نے بعض دوسرے ذرائع کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے رہائشی علاقوں چار باغ اور کوٹ کے گردونواح کو نشانہ بنایا ہے ۔
__________________
ہمارے لیے دعا کریں ہمیں دعاؤں کی بہت ضرورت ہے پلیز پلیز پلیز
|
خرم شہزاد خرم
ناظم اعلی
تاریخ شمولیت: Jun 2007
عمر: 30
مراسلات: 12,482
شکریہ: 7,484
3,660 مراسلہ میں 9,157 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|