سیاست ہار جیت کا کھیل ہے،اس بار جیتنے والے ’زیادہ حیران‘ ہیں،فضل الرحمن
سیاست ہار جیت کا کھیل ہے،اس بار جیتنے والے ’زیادہ حیران‘ ہیں،فضل الرحمن
سیاست ہار جیت کا کھیل ہے،اس بار جیتنے والے ’زیادہ حیران‘ ہیں،فضل الرحمن
لاہور (جنگ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ انتخابی سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن انتخابی نتائج سے ہارنے والوں سے زیادہ جیتنے والے حیران ہیں۔ انتخابی نتائج کے حوالے سے زیادہ تر تحفظات کے باوجود ہم پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو مبارکباد دیتے ہیں، مجلس عمل جمہوریت کی حامی ہے، اس حوالے سے آئندہ پارلیمنٹ میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مولانا امجد خان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انتخابی نتائج مفاہمتی آرڈیننس کے نتائج نظر آتے ہیں جن خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے وہ خدشات سب کو واضح نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن انتخابی نتائج سے ہارنے والوں سے زیادہ جیتنے والے حیران ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مجلس عمل کے مختلف امیدواروں نے دھاندلی کے حوالے سے معلومات دی ہیں، بعض حلقوں میں کھلم کھلا دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود ان کے حلقے میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹے ہیں لیکن ان تمام تر کے باوجود ہم قوم کا فیصلہ قبول کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آنے والی حکومت کو بڑے بین الاقوامی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مستقبل کی سیاست میں کردار کے حوالے سے آئندہ چند روز تک فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر اے پی ڈی ایم بائیکاٹ کی اپیل پر کوئی توجہ نہیں دی۔
|