ملک اوربیرون ملک کروڑوں کی اراضی،نقدرقم،فارم ہاوس، شیئرز و دیگر اثاثے شامل ہیں
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں عوام غریب اور سیاستدان امیر سے امیر تر ہوتے جارہے ہیں ۔ سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق ملک کی 3 بڑی سیاسی شخصیات کے ملک اور بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی دستاویزات کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان سید نیئر حسین بخاری کے پاس 30 تولے سونا‘ ہزاروں ایکڑ اراضی جبکہ گاڑی 1990 ءماڈل کی ہے تاہم ان کا بیرون ملک کوئی بنک اکاﺅنٹ نہیں ہے، ان کے بیٹے کے نام پر بھی کروڑوں روپے مالیت کی 20 کنال اراضی اور گھر ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار بھی اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ لاہور گلبرگ میں 4 کروڑ روپے مالیت کے گھر، اسلام آباد میں کروڑوں روپے کی اراضی اور کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کے مالک ہیں ۔اسحاق ڈار کا متحدہ عرب امارات(UAE) میں ہجویری ولا بھی ہے، بنکوں میں لاکھوں درہم اورا سٹاک ایکس چینج میں شیئرز بھی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنی بیوی کے نام پر سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے، ادھر مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر وسیم سجاد کے مری، اسلام آباد اور لاہور میں کروڑوں کے گھر ہیں اور وہ اسلام آباد میں فارم ہاﺅس کے علاوہ ملٹی پروفیشنل سوسائٹی میں کمرشل اور 3 رہائشی پلاٹوں کے مالک بھی ہیں وسیم سجاد نے 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ تاہم ان کے بنک اکاﺅنٹ میں صرف 4 لاکھ روپے ہی ہیں۔