
شین وارن نے آئی پی ایل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے
آسٹریلوی لیگ سپنر اور راجستھان رائلز کے کپتان شین وان نے اعلان کیا ہے کہ انڈین پریمئر لیگ کے اس سیزن کے بعد وہ ہر قسم کی پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔
یہ اعلان وان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا ہے لیکن انہوں نے اس بات کا امکان باقی رکھا ہےکہ وہ کوچ یا ’مینٹور‘ کی حیثیت میں ٹیم سے وابستہ رہ سکتے ہیں۔
راجستھان رائلز نے سن دو ہزار آٹھ کے افتتاحی آئی پی ایل سیزن میں جیت کر سب کو حیرت زدہ کر دیا تھا کیونکہ اس وقت اس کے مقابلے میں دوسری ٹیموں کو زیادہ نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں۔
ہاں، یہ میرا آخری آئی پی ایل سیزن ہے، ہمارے ہوم گراؤنڈ پر ہمارے آخری دو میچوں میں آکر ہماری حوصلہ افزائی کیجیے، ہمیں آپکی مدد کی ضرورت ہے۔
تب سے وان مسلسل راجستھان رائلز سے ہی کپتان اور کوچ کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجانے کے باوجود ان کا شمار ٹورنامنٹ کے بہترین کپتانوں میں کیا جاتا ہے۔
وان نےاپنے پیغام میں کہا کہ ’ ہاں، یہ میرا آخری آئی پی ایل سیزن ہے، ہمارے ہوم گراؤنڈ پر ہمارے آخری دو میچوں میں آکر ہماری حوصلہ افزائی کیجیے، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔‘
فی الحال راجستھان رائلز کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرسکتی ہے۔ ’ہمیں آخری چار میں سے دو یا تین میچ جیتنے ہوں گے۔ مجھے آئی پی ایل کی یاد آئے گی لیکن چاروں سیزن میں بہت مزہ آیا۔‘
اکتالیس سالہ وان نے دو ہزار سات کی ایشز سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ اپنے کریئر میں انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں سات سو آٹھ اور ایک روزہ میچوں میں دو سو ترانوے وکٹ لیے۔
آئی پی ایل کے اس سیزن میں انہوں نے اب تک دس میچوں میں نو وکٹ حاصل کیے ہیں۔ راجستھان رائلز نے اب تک پانچ میچ جیتے ہیں۔
خبر