|
صدر اور وزیراعظم کی صدارت میں اہم اجلاس، کراچی میں کمشنری نظام بحال کرنے کا فیصلہ

09-07-11, 05:55 AM
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) کراچی میں کمشنری نظام کی بحالی کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔ مقامی حکومتوں کو صوبے اور کراچی میں موثر ذمہ داری تفویض کرنے کےلئے مقامی حکومتوں کے نظام میں ترامیم کی جائیں گی۔ کراچی میں امن وامان کی بحالی کےلئے ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کےساتھ مل کر کام کیاجائےگا۔ گزشتہ روز یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی صدارت میں کراچی کی صورتحال پر منعقدہ اہم اجلاس میں منظوروسان کو سندھ میں وزیرداخلہ بنانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیرداخلہ رحمن ملک نے کراچی کی صورتحال کے متعلق جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں کراچی میں کمشنری نظام کے متعلق ایم کیو ایم کے تحفظات پر بھی غور کیا گیا تاہم شرکاءکی اکثریت نے اس نظام کی بحالی کی حمایت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا کو ورکس اینڈ سروسز کا محکمہ دینے کی تجویز کی بھی شرکاءنے بھرپور حمایت کی۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں خالی آسامیوں پر ججوں کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ قانون شکن اورجرائم پیشہ عناصر کے نمٹنے کےلئے لیگل فریم ورک کو مزید موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اجلاس کے متعلق بتایاکہ صوبے میں قومی اتفاق رائے کی پالیسی کے تحت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر کراچی میں کمشنری نظام بحال کیا جائےگا۔ صدر مملکت نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ کو کراچی میں امن وامان کی بحالی کےلئے صوبائی حکومت کےساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایات دیں۔ وزیرداخلہ رحمن ملک جو بعد میں اجلاس میں شامل ہوئے تھے نے شرکاءکو کراچی کی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔ وزیرداخلہ نے شرکاءکو بتایا کہ کراچی کے بعض علاقوں میں طالبان بھی کارروائیاں کررہے ہیں اور امن کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ ہیں صدر مملکت نے کراچی میں امن وامان کی بحالی کےلئے صوبائی حکومت کو موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں اور شرپسندوں کو سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر قانون کی گرفت میں لانے کے احکامات دیئے۔ صدر نے کہاکہ حکومت کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی اور عام آبادی کے تحفظ کےلئے تمام درکار اقدامات کئے جائینگے۔ اجلاس میں کراچی کے حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے والوں پر دکھ اور ہمدردی کااظہار بھی کیاگیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار کیاگیا۔ کراچی کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس میں پیر مظہرالحق، سیدمرادعلی شاہ، منظوروسان، نادر علی مگسی، آغاسراج درانی، ذوالفقار علی مرزا، محترمہ فریال تالپور، سیدنویدقمر، سید خورشید شاہ اور ڈاکٹر بابراعوان نے بھی شرکت کی۔
دریں اثناءپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے نومنتخب اراکین نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اختیارات پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کو دے دیئے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم گیلانی کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے نومنتخب اراکین کا اجلاس منعقد ہوا۔ صدر اور وزیراعظم نے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب اراکین پارٹی منشور کے مطابق غریب اور پسماندہ لوگوں کی مدد اور اپنے حلقہ کے مسائل کے حل کیلئے کام کرینگے صدر نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہ ہوں اور ان کے حل کیلئے تمام ارکان اقدامات کریں۔ صدر نے کہا کہ حکومت اور پارٹی سیاسی اداکاروں اور سیاسی مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی
__________________
(وَقُل رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا) اے میرے رب جس طرح انہوں نے مجھے بچپن سے پالا ہے اسی طرح تو بھی ان پر رحم فرما۔ (الاسراء: 23)
|
گلاب خان
Senior Member
تاریخ شمولیت: Oct 2008
مقام: راولپنڈی
مراسلات: 4,483
شکریہ: 1,537
2,972 مراسلہ میں 8,225 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|