|
قید یوں کی سزائے موت ،عمر قید میں تبد یل کر نے کا اعلان ،یہ بے نظیر شہید ک

22-06-08, 08:40 PM
قید یوں کی سزائے موت ،عمر قید میں تبد یل کر نے کا اعلان ،یہ بے نظیر شہید کی سالگر ہ پر بہتر ین تحفہ ہے،گیلانی
اسلام آباد( نمائندہ جنگ)شہید بینظیر بھٹو کی 55 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،پارٹی کارکنان و دیگر افراد نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی اپیل پر خون کے عطیات دیئے،شہید قائد کو قومی اسمبلی میں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ،آصف زرداری ،یوسف گیلانی ،قائم علی شاہ ،نثار کھوڑو و د یگر نے گڑھی خدا بخش میں مزار پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی وقرآن خوانی بھی کی،وزیر اعظم نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قیدیوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سمری صدر کو بھجوا دی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ بینظیر شہید کی سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے ،اس موقع پر انہوں نے فاٹا میں شہید ہونیوالوں کے بچوں کیلئے بینظیر ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما محترمہ بینظیربھٹو شہید کا 55 واں یوم پیدائش روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا‘ اس موقع پر پارٹی کے متعدد رہنماؤں و کارکنوں نے ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کی‘ پھول چڑھائے اور خون کا عطیہ دیا۔ پارٹی کی جانب سے محترمہ بینظیربھٹو کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی رسم منسوخ کردی گئی تھی تاہم کارکنوں کو خون کا عطیہ دیکر تجدید عہد وفا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے عام تعطیل کی وجہ سے تمام سرکاری‘ غیر سرکاری اور نیم سرکاری ادارے بند رہے۔ سالگرہ کے موقع پر پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب گڑھی خدابخش بھٹو میں محترمہ بینظیربھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ ہفتہ کی صبح کو قائم مقام گورنر سندھ نثار کھوڑو اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبائی وزراء ایاز سومرو‘ بیگم نرگس این ڈی خان‘ میر نادر مگسی اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ محترمہ بینظیربھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی‘ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر وزراء نے خون کے عطیات دیئے۔ خون کے عطیے جمع کرنے کیلئے گڑھی خدابخش بھٹو میں 3‘ نوڈیرو ہاؤس میں ایک اور لاڑکانہ میں 4 میڈیکل کیمپ لگائے گئے تھے۔ گڑھی خدابخش بھٹو اور نوڈیرو میں ضلعی محکمہ صحت اور لاڑکانہ میں چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ ان کیمپوں پر پیپلز ڈاکٹرز فورم کی جانب سے بھی رضاکار ڈاکٹرز متعین تھے۔ پی پی کی جانب سے خون کا عطیہ جمع کرنے کیلئے خصوصی بلڈ پیک تیار کرائے گئے تھے جن پر محترمہ بینظیربھٹو کی تصویر شائع کرنے کے ساتھ ”غریب عوام کیلئے محترمہ بینظیربھٹو کی جانب سے عطیہ“ تحریر تھا۔ سالگرہ میں شرکت کیلئے شدید گرمی کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد گڑھی خدابخش بھٹو اور نوڈیرو میں صبح سے ہی پہنچانا شروع ہوگئی تھی۔ سالگرہ کی تقریب کے موقع پر لاڑکانہ سے کراچی کیلئے ایک نئی ٹرین قلندر ایکسپریس کا بھی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ بینظیربھٹو شہید نے عوام کی خدمت کا جو خواب دیکھا تھا اسے پورا کرنے کیلئے موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی اور ٹرین کا اجراء بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ دوسری جانب ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پہلے گھنٹے کی کارروائی محترمہ بے نظیر بھٹو کیلئے مختص کردی گئی جس میں فاتحہ خوانی ہوئی اور دومنٹ کی خاموشی اختیارکی گئی حکومت اور اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے قومی مفاہمت اورمصالحت کی طرف پیش قدمی کی تھی وہ اہم مقصد تو حاصل نہیں ہوسکا تاہم آج پورے ایوان نے جس طرح اظہاریکجہتی اوریگانگت کامظاہرہ کیا ہے وہ محترمہ کی سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ اس یکجہتی اوریگانگت کی روشنی میں آگے بڑھیں گے اور پوری قوم اس ملک کو امن کا گہوارا بنائے گی جس میں تمام انسان امن وسکون کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں قومی رہنماؤں کا اس طرح قتل نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل ہمارا دوسرا گھر ہے آج اس دن کی مناسبت سے اعلان کرتا ہوں کہ تمام قیدیوں کو سزا میں تین ماہ کی رعایت دی جائے ۔ سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کو یہ رعایت نہیں ملے گی اس کے علاوہ وزارت داخلہ کو ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ صدر مملکت کو سمری روانہ کریں کہ تمام سزائے موت پانیوالے قیدیوں کی سزا عمر قید میں بدل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب سے وزیراعظم ہے، بھٹو خاندان سے نہیں اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ فیڈریشن کی حقیقی علامت تھیں۔ انہوں نے تمام ایوان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آج مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ بعدازاں اسپیکرقومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیاانہوں نے کہاکہ شہید قائد جمہوریت اور مظلوموں کیلئے روشنی کا مینار تھیں انہوں نے جمہوریت اور غریب لوگوں کیلئے جرات مندی سے جدوجہد کی انہوں نے اعلان کیا کہ اسمبلی میں رجسٹررکھا جائے گا جس پر تمام ارکان اسمبلی اپنے تاثرات درج کرسکیں گے۔ علامہ احمد سعیدکاظمی نے محترمہ بے نظیر بھٹوکے لئے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی جبکہ قبل ازیں دو منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔قومی اسمبلی میں محترمہ بے نظیربھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے حیدرعباس رضوی نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹوکی سالگرہ کے موقع پر پاکستان اورکشمیرمیں سوگ کی کیفیت ہے ان کی شہادت سے محرومی ہر شعبہ میں محسوس کی جارہی ہے وہ مفاہمت کا جذبہ لیکر واپس آئی تھیں وہ پوری قوم کیلئے امید کی کرن تھیں۔انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین اور کارکن ارکان پارلیمنٹ اظہار افسوس کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں اورذمہ داروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ غریب عوام اور کارکنوں کی قیادت کی اوران کے مسائل کیلئے جدوجہد کی ۔ فاٹا سے پارلیمانی لیڈر منیر اورکزئی نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں بے نظیر کی شہادت پر خوشی کی بجائے غم ہے۔مسلم لیگ ق کے رہنما ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ میں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کی طرف سے عظیم قائد کی سالگرہ کے موقع پر ملکی اظہار یکجہتی کرتا ہوں ۔آفتاب شعبان میرانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورپوری قوم کیلئے نہایت المناک دن ہے ۔ بیگم بیلم حسین تقریر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں تقریر جاری نہ رکھ سکیں اس موقع پر ماحول افسردہ ہوگیا ۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا اور سربراہ اے این پی اسفند یار ولی نے اپنے اپنے طور پرخون کے عطیات دیئے نجی ٹی وی کے مطابق شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے راولپنڈی جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں پر خون کا عطیہ دیا وزیر اعظم نے لیاقت باغ راولپنڈی میں محترمہ کی جائے شہادت کا بھی دورہ کیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں خون کا عطیہ دیا۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|
عبدالقدوس
Administrator
تاریخ شمولیت: May 2007
مقام: گوگل
عمر: 24
مراسلات: 25,294
شکریہ: 18,821
12,630 مراسلہ میں 29,416 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|