مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے قبل میٹنگ میں 73 میں سے 19 ارکان شریک ہوئے
اسلام آباد (دلشاد عظیم) جیسے جیسے ملک کے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، گجرات کے چوہدریوں کا اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) پر کنٹرول کمزور پڑتا جا رہا ہے کیونکہ ان کے 73 ارکان پارلیمنٹ میں سے صرف 19 نے مشترکہ پارلیمانی پارٹی سیشن سے قبل ہونےوالے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے سلسلے میں باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدریوں کی جانب سے بلائی جانے والی ایک میٹنگ میں صرف 19 ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی حالانکہ تمام ارکان کو بروقت دعوت نامے جاری کرنے کے علاوہ انہیں اجلاس کے ایجنڈے، موجودہ ملکی منظرنامے اور دیگر جماعتوں سے رابطے کے سلسلے میں معلومات سے بھی آگاہ بھی کردیاگیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے اندرونی ذرائع کے مطابق صرف چند ہی لوگ ایسے تھے جن کے پاس غیر حاضر رہنے کےلئے معقول جواز تھا لیکن اکثریت نے غیر حاضر رہنے کے سلسلے میں بتانے کی بھی زحمت نہیں کی۔ اجلاس میں پارٹی کے 15 ارکان قومی اسمبلی اور 4 سینیٹرز نے شرکت کی۔ سرکاری سطح پر دیکھا جائے تو قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے 50 ارکان ہیں جبکہ سینیٹ میں اس کے 20 ارکان ہےں لیکن یہ جماعت مختلف گروپس مثلاً ہم خیال گروپ اور حکومت کا حامی گروپ میں منقسم ہے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی