پرتعیش زندگی گزارنے والے ارکان پارلیمنٹ کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، خدارا مفادات سے بالاتر ہوکر سوچا جائے اور امریکا کے سامنے نہ جھکا جائے
عوامی نمائندوں نے حق ادا نہ کیاتوپارلیمنٹ باقی رہے گی نہ قیادت، پھر یہاں کوئی اور تماشہ ہوگا، قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد (نامہ نگارخصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے لاکھوں لوگوں کا حق نمائندگی ادا کرتے ہوئے اور ملک وقوم کے مفاد میں اپنی اپنی جماعتوں کے قائدین کے سامنے ڈٹ جائیں۔ مرعوب ہونے کا رویہ ترک کرکے ان کے سامنے حق وسوچ کی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں حالات کی نزاکت کے پیش نظر تمام ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی کارکنوں کو آگاہ کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ وہ اپنے لیڈروں کو سچ بولنے پر مجبور کریں اور انہیں باور کرا دیں کہ اگر انہوں نے قوم کے سامنے جھوٹ بولا تو وہ بغاوت کردیں گے۔ قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پراظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین جو پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھتے ہیں۔ ان میں بعض لوگ یہ تاثر دے رہے ہیںکہ مصر اور تیونس کے حالات اور پاکستان کی صورتحال میں بڑا فرق ہے لیکن ہمارے معاشی حالات مصر سے بھی بدتر ہیں اور ہم ان کا موزوں حل تلاش نہیں کر رہے۔ مصر اور تیونس جیسے ممالک میں پیش آنے والی صورتحال سے صرف نظر کرنا کسی طرح بھی ہمارے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 17کروڑ عوام کا ملک ہیں لیکن امریکی احکامات کی تعمیل میں ہم نے خود کو بہت چھوٹا کرلیا ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ پارٹی قائدین جدہ‘ لندن اور دبئی میں کاروبار کررہے ہیں‘ارکان پارلیمنٹ کو ملک بچانے کیلئے اپنی اپنی قیادت سے بغاوت کرنا ہوگی‘ پرتعیش زندگی گزارنے والے ممبران پارلیمان کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں‘ انہوں نے کہا کہ خدارا مفادات سے بالاتر ہو کر سوچا جائے اور امریکا کے سامنے نہ جھکا جائے‘ اگر عوامی نمائندوں نے حق نمائندگی ادا نہ کیا تو پارلیمنٹ باقی رہے گی نہ قیادت پھر یہاں کوئی اور ہی تماشہ ہوگا۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی