پاکستان بھر سے خبریں
امریکہ نے ویزا سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد(پاک نیٹ )پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانے نے بند کی گئی ویزا سروس دوبارہ شروع کرنے کا باضابط اعلان کر دیا ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان رابرٹ ووڈ کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں رونما ہونے والے سانحہ کے بعد امریکہ نے پاکستان میں موجود اپنی ویزا سروس بند کر دی تھی تاہم اب سیکورٹی کلیئرنس کے بعد اسے دوبارہ شروع کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معطل شدہ امریکن سٹیزن سروس اور قونصلر سروس اپنا کام معمول کے مطابق کام شروع کر دے گی
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
میریٹ بم دھماکہ سوچے سمجھے طریقے سے کیا گیا ‘ آر ڈی ایکس دہشت گردوں کو کہاں سے ملا ‘ جاننے کی کوشش کررہے ہیں ‘ رحمان ملک
اسلام آباد(پاک نیٹ )وزیر اعظم کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ میریٹ بم دھماکہ سوچے سمجھے طریقے سے کیا گیا تھا اور حکومت یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس دہشت گردوں کو کہاں سے ملا تھا ‘ چینی انجینئر ز اورنامزد افغان سفیر نے حکومت کی ہدایات پر عمل نہیں کیا اس لئے اغواءہوئے ‘ غیر ملکی حکومت کی طرف سے فراہم کر دہ سکیورٹی سے مطمئن ہیں ‘ بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ حکومت میریٹ دھماکے کی وجوہات کو تلاش کرنے کی کوشش میں ہے۔ دھماکے میں جو آر ڈی ایکس استعمال ہوا ہے وہ عام نہیں ملتا۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ آر ڈی ایکس درہ آدم خیل میں ملتا ہے اور یہی جاننے کی کوشش کر رہے کہ یہ مواد دہشت گردوں کے پاس کہاں سے آیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کے مشیرداخلہ نے کہاکہ وہ ملک میں امن و امان کی صورت حال سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میریٹ حملے سے پہلے خود کش دھماکوں پر بہت زیادہ حد تک قابو پا لیا گیا تھا حالانکہ جب نئی حکومت بنی اس سے قبل آئے دن کوئی نہ کوئی دھماکہ ضرور ہوتا تھا۔ پولش اور چینی انجینئروں اور افغانستان کے نامزد قونصل جنرل کے اغوا کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ یہ سب لوگ اس لیے اغوا ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ افغان قونصل جنرل کو گیارہ سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات فراہم کی گئی تھیں لیکن وہ ان کے بغیر گھر سے نکلے اور اغوائیوں کے ہتھے لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے غیر ممالک کے باشندوں کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کیے ہوئے ہیں اور ان کی حکومتوں کو پہلے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایک قسم کی حالت جنگ میں ہے، شدت پسندوں پر دباو¿ بڑھ رہا ہے لہذا وہ غیر ملکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ جب ان کی توجہ اس جانب دلائی گئی کہ سکیورٹی کی خراب صورت حال کے تحت امریکہ اور برطانیہ نے اپنے سفارت خانوں میں ویزا سروس معطل کر دی ہے اور برٹش ایئرویز نے پاکستان میں اپنی پروازیں روک دیں ہیں تو رحمان ملک نے کہا کہ اب صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے۔ہم نے سفارت کاروں سے ملاقاتیں کیں ہیں اور انہیں ان اقدامات سے آگاہ کیا ہے جو غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ وہ ہمارے اقدامات سے مطمئن ہیں اور انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ یہاں کام کرتے رہیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے افطاری وسحری کے کلینڈر شائع کروانے والے 17قادیانیوں کے خلاف مقدمہ درج
چنیوٹ(پاک نیٹ )قادیانیوں نے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے افطاری وسحری کے کلینڈر شائع کروانے اور قادیانی مذہب کی تبلیغ کرنے اور امتناع قادیانیت آرڈیننس کی خلاف ورزی پرمجموعی طورپر سترہ قادیانیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ ختم نبوت کے ممتاز رہنما مولنا اللہ یار ارشد کے شدید احتجاج پر تھانہ چناب نگر کے ایس ایچ او شیخ محمد طاہر انسپکٹر نے قادیانی دکانداروں نصیب انور اور اس کے بیٹے دانیال نصیب میڈیکل سٹور کے مالک شفیق احمد سپر الیکٹرک سٹور کے مالک محمد عبداللہ سجیل موویز کے مالک آصف سجیل اور اقصی چوک میں پراپرٹی ڈیلر ایڈوائزر عتیق احمد ذیشان شاپنگ سنٹر کے مالک عبدالمجید قادیانیوں پرامتناع قادیانیت آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا -
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
خاندانی غیرت کے نام پر خواتین کے قتل میں کوئی کمی نہیں آئی ‘عورت فاﺅنڈیشن
اسلام آباد(پاک نیٹ)پاکستان میں حقوقِ نسواں کےلئے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ریاستی سطح پر خواتین کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین کے با وجود ملک میں خاندانی غیرت اور دیگر واقعات میں خواتین کے قتل میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم عورت فاﺅنڈیشن کی جانب سے جاری کیے گئے حالیہ سروے کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران 225 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جبکہ خاندانی تنازعات اور دیگر واقعات میں قتل کی گئی خواتین کی تعداد 722 ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں غیرت کے نام پر کیے جانے والے قتل کے نام مختلف ہیں لیکن روایات ایک سی ہیں اور انجام بھی یعنی الزامات کے تحت خواتین کا قتل کیا گیا۔سروے میں جہاں جنوری 2008 سے جون 2008 کے دوران کاروکاری کے الزامات کے تحت قتل کی گئی خواتین کی تفصیل درج ہے وہاں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مقامی عدالتوں میں درج ان خواتین کے مقدمات میں سے صرف دو ملزمان کو سزا مل سکی ہے جبکہ بقیہ تمام مقدمات زیر سماعت ہیں۔ عورت فاﺅنڈیشن کے اس سروے میں ملک میں عدالتی نظام کی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارو کاری کے الزامات کے تحت قتل کی گئی خواتین کے مقدمات عدالتوں میں طویل عرصے تک چلتے ہیں جس کی وجہ سے فوری انصاف کی امید ختم ہو جاتی ہے ۔واضح رہے کہ اس سروے میں جولائی سے ستمبر کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تفصیل شامل نہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں زندہ درگور کی جانے والی خواتین سمیت دیگر واقعات کی تفصیل اکتوبر میں جاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی تنظیمیں کاروکاری،غیرت کے نام پر قتل اور خواتین سے روا رکھے جانے والے دیگر غیر انسانی سلوک کے خلاف سالوں سے آواز اٹھا رہی ہیں۔حالیہ چند سالوں میں پارلیمان میں ایسی قانون سازی بھی کی گئی ہے جن میں خواتین کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی حوصلہ شکنی کے قوانین موجود ہیں لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اس کے باوجود کے قتل کے واقعات میں کمی نہیں آسکی ہے۔ہیومن رائٹس کراچی چیپٹر کے صدر انتخاب عالم کہتے ہیں کہ کاروکاری یا غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی شرح دیہی علاقوں میں زیادہ ہے اور زیادہ تر واقعات اندرونِ سندھ ،پنجاب اور بلوچستان میں پیش آتے ہیں جہاں جاگیر دارانہ نظام موجود ہے ۔ ملک میں ان واقعات کی روک تھام کے لیے قوانین تو موجود ہیں لیکن یہ قوانین ان جا گیرداروں اور وڈیروں پر لاگو نہیں ہوتے ۔ نہ وہ تھانوں کی سنتے ہیں اور نہ ہی افسران کی بلکہ ان کے منظور ِ نظر افراد ہی وہاں قانون کے رکھوالے ہوتے ہیں ایسے میں کتنے ہی قوانین بنا لیے جائیں یا شواہد پیدا کر لیے جائیں یا میڈیا کے ذریعے کتنی ہی آگاہی پیدا کی جائے جب تک ان علاقوں میں ان قوانین کا نفاذ نہیں ہوگا تبدیلی کی توقع کرنا لا حاصل ہے ۔طاہرہ عبداللہ انسانی حقوق کی سرگرم رکن ہیں وہ کہتی ہیں کہ خواتین کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی داستان افسردہ اور ہزاروں سال پرانی ہے اور اس کی اہم وجہ ہم پر مسلط جاگیردارانہ نظام ہے ” آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ بلوچستان میں ایک قبیلے کے فرد نے دوسرے قبیلے کے فرد کے کتے کو مار دیا تھا جس کے بعد ایک جرگہ بٹھایا گیا جس نے پندرہ لڑکیاں سزا میں دینے کا فیصلہ کیا یہ ہے عورت کی حیثیت اور قدر ہمارے اسلامی جمہوریہ پاکستان میںہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس غیر انسانی سلوک کو سماجی حمایت حاصل نہیں ہے بلکہ جاگیر دار ، سردار ، چوہدری اور خان ایک دوسرے کی حمایت کر کے اس فرسودہ نظام کو مل کر تحفظ دیتے ہیں ۔ جو خاموش ہیں وہ صرف ڈر اور خوف کی وجہ سے ۔خواتین کے لیے بنائے گئے قوانین کا ذکر کرتے ہوئے طاہرہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ لوگ ہمیں سڑکوں پر صرف مظاہرہ کرتے دیکھتے ہیں۔ وہ اس بات سے لا علم ہیں کہ ہم نے گزشتہ سات آٹھ سالوں میں با قاعدہ ڈرافٹ تیار کر کے پوری پارلیمان کو دیا جو بدقسمتی سے سیاست کی بھینٹ چڑھ گیا ۔ وہ کہتی ہیں کہ ان واقعات میں کمی لانے کے حوالے سے انہیں حکومت سے کوئی توقع نہیں کیونکہ توقعات ان سے رکھی جاتی ہیں جو وعدوں کا پاس رکھنا جانتے ہیں ۔ حکومت نے اب تک صرف وعدے ہی کیے ہیں اور پھر بھول گئے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حافظ آباد میں ایک اوربچے میں پولیو وائرس کی تصدیق
حافظ آباد(پاک نیٹ) حافظ آباد میں 6ماہ کے ایک اوربچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے سے پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 5ہوگی اس سلسلہ میں حافظ آباد پنجاب بھرمیں سرفہرست ہوگیا جبکہ شہریوں میں تشویش بڑھنے لگی۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں میں1993سے لیکر 2008ءتک تقریباً57مرتبہ پانچ سال تک کی عمرکے پونے دو لاکھ سے زائد بچوں کوپولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے گئے لیکن ایک ماہ کے دوران حافظ آباد میں5بچوں میں پولیو کے وائرس کی باقاعدہ تصدیق کی گئی ہے ان بچوں میںولی ٹاﺅن کی مبین‘سندھواں تارڑ کی ثمرین‘مبارہ کی شیزا‘ٹھٹھہ کھوکھراں کی فاطمہ اورحسن ٹاﺅن کے منیب حسن شامل ہیں محکمہ صحت کے ذرائع کاکہناہے کہ حافظ آباد میں پولیو کاوائرس بری طرح محلہ آور ہے اورجن علاقوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں دوبارہ سے ویکسین پلائی جارہی ہے ذرائع کاکہناہے کہ حافظ آباد میں پائے جانے والا پانچواں بچہ حسن ٹاﺅن کاہے اوراسکی عمر6ماہ ہے ذرائع نے بتایاکہ متاثرہ بچے کی والدہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے اپنے مہکے جلالپور بھٹیاں چلی گئی تھی اوراس نے اپنے بچے منیب کو پولیوسے بچاﺅ کے قطرے نہیں پلائے تھے۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم کاکہناہے کہ عید کے بعد چوں کی اس مرض پرمکمل قابو پالیا جائیگا اس سلسلہ میں تمام اقدامات برﺅے کارلائے جائینگے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
صوبہ پشتونخوا کی خبریں
مردان‘بم نصب کرنے کے دوران پھٹ گیا‘ شرپسند ہلاک
مردان (پاک نیٹ)مردان میں بم نصب کرتے ہوئے پھٹ گیا‘ شرپسند ہلاک‘ دھماکے سے دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق مردان میں ایک شرپسند بم نصب کررہا تھا کہ وہ اچانک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے شرپسند موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دھماکے سے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ سکیورٹی فورسز نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
دیر بالا میں 3دکانوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا
دیر بالا (پاک نیٹ)دیر بالا میں تین دکانوں کو بم سے اڑا دیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دیر بالا کے علاقے میں عسکریت پسندوں نے تین دکانوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کسی گروپ نے ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس علاقے میں تین دکانوں کو نذر آتش کیا گیا تھا جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اتحادی ہیلی کاپٹروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی
مہمند ایجنسی(پاک نیٹ) اتحادی ہیلی کاپٹروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی ‘ بیس منٹ تک پرواز کی۔ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز افغانستان میں موجود اتحادی افواج کے ہیلی کاپٹروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اتحادی ہیلی کاپٹروں نے افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی علاقے کوڑہ خیل یعقوبی میں 20منٹ تک پروازیں کیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
درہ آدم خیل میں آپریشن ختم ‘ کنٹرول جلد پولیٹیکل انتظامیہ کے سپرد کردیا جائیگا
پشاور(پاک نیٹ)درہ آدم خیل میں آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد کنٹرول پولیٹیکل انتظامیہ کودے دیا جائے گا۔صحافیوں کو بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ درہ آدم خیل میں12 روزہ آپریشن کے دوران شدت پسندوں سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا، جن میں مشین گن، ریپیٹرز شامل ہیں۔ سیکورٹی حکام نے مزید بتایا کہ درہ آدم خیل بازار میں شدت پسندوں کے قبضے سے2000 کلو گرام دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر سمیت برآمد کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے درہ آدم خیل کے علاقے سپینہ تھانہ میں گشت شروع کردی ہے اورگشت میں بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک حصہ لے رہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اورکزئی ‘ خیبر ایجنسی‘ گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ سے بارود سے بھری گاڑیاںتباہ
پشاور(پاک نیٹ)خیبرایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے سرحد ی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹرز کی فائرنگ سے بارود سے بھری گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے سرحد علاقوں پر ہیلی کاپٹروں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی۔ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے بارود سے بھری3 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ شیلنگ کے باعث2 خودکش حملہ آور ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ بارود سے بھری یہ گاڑیاں پشاور آرہی تھیں۔جبکہ پشاور اور درہ آدم خیل سے متصل خیبرایجنسی کے علاقے کالا خیل میں مسلح قومی لشکر نے بھی شدت پسندوں کے خلاف گشت شروع کردیاہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
قبائلی علاقہ جات میں بغیر پرمٹ غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی
پشاور(پاک نیٹ )بندوبستی اور قبائلی علاقہ جات میں غیر ملکیوں کی حفاظت کو بہتر بنانے اور چینی انجینئروں کے اغوا ءکے بعد وفاقی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں قبائلی علاقہ جات اور بندوبستی علاقوں میں بغیر پرمٹ کے غیر ملکیوں کے داخلے پرپابندی عائد کر دی گئی ہے جو کہ29\09\2008 پیر سے نافذالعمل ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ نے صوبائی حکومت اور فاٹا سیکریٹریٹ کے حکام کو ہدایت بھی جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سرحد کے بندوبستی علاقہ جات اور فاٹا میں غیر ملکی افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے ۔ان اقدامات کی روشنی میں محکمہ صوبہ سرحد اور فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے علیحدہ علیحدہ طور پر اعلامیے جاری کر دیئے ہیں جو پیر سے نافذالعمل ہیں ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
پشاور ‘نامزد افغان سفیر کو 8 روز میں بھی بازیاب نہیں کرایا جا سکا
پشاور(پاک نیٹ )پشاور سے اغوا کئے گئے نامزدافغان سفیر حاجی عبدالخالق فراحی کو 8 روز بعد بھی بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ مغوی سفیر کی بازیابی کیلئے تحقیقات کا دائرہ تمام قبائلی علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔تاہم 8 روز بعد بھی انتظامیہ کی کوششیں کارگر ثابت نہیں ہوسکیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ میں اغوا میں جرائم پیشہ عناصر کے ملوث ہونے کا امکان مسترد کر دیا تھا۔ افغان سفیر کے اغوا کی ذمے داری تا حال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کراچی کی خبریں
کراچی کے 2سرکاری کالجوں کو نجی ٹرسٹ میں دیئے جانے کیخلاف احتجاج‘ تمام کالجز بند
کراچی(پاک نیٹ)کراچی کے دو سرکاری کالجوں کو نجی ٹرسٹ کے حوالے کیے جانے کے خلاف کراچی کے تمام کالجز احتجاجاً بند کردیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو معروف کالج خاتون پاکستان گرلز کالج اور رعنا لیاقت علی خان ہوم اکنامکس کالج کو زندگی ٹرسٹ اور بک گروپ کی تحویل میں دییئے جانے خلاف پیر کے روز شہر کے123 کالجوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا۔اس موقع پر صوبے کے سرکاری کالجوں کے اساتذہ کی تنظیم سندھ پروفیسر ز اینڈ لیکچرارز کراچی ریجن کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں دونوں کا لجز کا نجی ٹرسٹ کے حوالے کرنے کا نوٹیفیکیشن واپس نہ لینے کے حوالے سے جاری احتجاجی تحریک کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا جبکہ رعنا لیاقت علی خان ہوم اکنامکس کالج اور خاتون پاکستان ڈگری گرلز کالج احتجاجاً گزشتہ دو روز سے بند تھے ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
مہنگائی کے باعث اکثر خریدارعید خریداری سے محروم
کراچی(پاک نیٹ )کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدیق میمن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی مراکز اور عید بازاروں میں مہنگائی کی شرح میں پینتیس فیصد اضافہ رہا جس کے باعث کم آمدنی والے افراد کی اکثریت عید خریداری سے محروم رہی جبکہ بیس فیصد خریدار بغیر خریداری کے واپس لوٹ گئے اور خریداروں کا تناسب پچھلے سال کے مقابلے میں چالیس فیصد کم رہا جس کے باعث تاجروں کے کاروباری ہدف میں تیس فیصد نمایاں کمی واقع ہو ئی اور گزشتہ سال کے بائیس ارب روپے کی نسبت ساٹھ ارب روپے کا کم کاروبار ہونے کی توقع ہے ۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور معاشی بحران کے براہ راست منفی اثرات رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں اور عید بازاروں میں دیکھے گئے اور خریداروں کی بڑی تعداد ان اسباب کے باعث خریداری کی غرض سے مارکیٹ کا رخ نہ کر سکی
٭٭٭٭٭٭٭٭
کراچی ‘پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ‘ لوٹا ہوا مال اور اسلحہ بر آمد
کراچی(پاک نیٹ)کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو ہلاک کرکے لوٹا ہوا مال اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گزری کے علاقے سے ڈاکو ٹیکسی چھین کر فرار ہورہے تھے کہ بوٹ بیس کے قریب پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا جس پر ڈاکوو¿ں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ڈاکوو¿ں سے دو پستول، موبائل فون،نقدی اور ٹیکسی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو پانچ روز سے علاقے میں ڈکیتیاں کررہے تھے۔ محکمہ داخلہ نے پولیس پارٹی کے لئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭