
معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت اور دیگر معزول ججوں کی بحالی کیلئے وکلا آج ملک بھر میں احتجاج کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلاء ملک بھرکی اہم شاہراہوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور دھرنے دے رہے ہیں۔ وکلاء کے احتجاجی دھرنے میں سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وکلا کی تحریک ججز کی بحالی کے لئے نئی تقرری کے لئے ہے اور یہ تحریک تمام ججز کی مکمل بحالی تک جاری رہے گی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن نے لاہور میں وکلا سے خطاب میں کہا ہے کہ اسلام آبا د میں نو اکتوبر سے بارہ اکتوبر تک سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹر نیشنل کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کا افتتاح معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کریں گے ۔ اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ پر اسلام آباد بارکی جانب سے دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں تحریک انصاف ودیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور طلباء کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اس موقع پر مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کیخلاف نہ صرف نعرے لگائے بلکہ ان کے پوسٹر پھاڑ دیئے اور تصویر پر جوتے مارے۔ کراچی بار کی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس کے بعد وکلا نے ایم اے جناح کی طرف مارچ کیا اور دھرنا دیا۔ ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک مکمل بلاک ہے اور دکانیں بند ہیں۔ اس موقع پر جیو نیوز کے پروگرام ہم سب امید سے ہیں میں سابق صدر پرویز مشرف کا کردار ادا کرنے والے آرٹسٹ وسیم صدیقی کو علامتی طور پر پھانسی دی گئی۔ ملیربار کے وکلا نے بھی احتجاجی ریلی نکالی، ملیر کورٹ سے نیشنل ہائی وے پر ملیر سٹی تھانے کے سامنے مظاہرہ کیا اور نیشنل ہائی پر ملیر سٹی کے سامنے دھرنا دے دیا ۔ ججز کی بحالی کے لئے لاہور میں ماڈل ٹاؤن کچہری میں بھی وکلا احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں، ایوان عدل لاہور میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس ہواجس کے بعد وکلا پی ایم جی چوک اور ضلع کچہری چوک میں دھرنا دیا ۔ کینٹ کچہری میں بھی وکلا نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ملتان میں وکلانے احتجاجی ریلی نکالی اور قذافی چوک پر دھرنا دیاجس میں وکلا کے ساتھ سول سوسائٹی،سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما اور تاجر بھی شریک ہیں جبکہ وکلا کی کال پر تاجروں کی جانب سے بھی 2 گھنٹے کے لئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ خانیوال میں ملتان لاہور قومی شاہراہ پر وکلا نے احتجاجی دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا اور گاڑیوں کی بڑی بڑی قطاریں لگ گئیں۔