ریاستی اداروں کے خلاف ہڑتال کرنے والے پہلے حکمران اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کے ایس ایم ایس
کراچی ( نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ میں ہونے والی ہڑتال پر اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ جمعہ کو اس حوالے سے موبائل فونز پر ایس ایم ایس کی بھرمار رہی ۔ شہریوں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ یہ دنیا کی واحد حکومت ہے جو ریاستی اداروں کےخلاف ہڑتال کررہی ہے ۔ کچھ پیغامات میں کہا گیا کہ املاک جلانا ، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو دھمکیاں دینا، اسکول بند کرانا اور معیشت کو نقصان پہنچانا کہاں کی عقلمندی ہے۔ پیغامات میں یہ بھی کہا گیا کہ کیا حکومت ہے جو اپنی کرپٹ طرز حکمرانی میں حائل عدلیہ کی رکاوٹ کےخلاف احتجاج کررہی ہے اور رو رہی ہے ۔