نیٹو فورسز نے بانگ درہ میں چیک پوسٹ پر گولے فائر کئے،پاک فوج نے خوست میں اتحادی کیمپ کو نشانہ بنایا
پشاور ( گوہر علی، نامہ نگار) شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں پاکستانی سکیورٹی فورسز اور نیٹو افواج کے درمیان جھڑپ میں ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار شہید اور7 زخمی جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین غیرملکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شمالی وزیرستان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے کے قریب شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان کے گاﺅں بانگ درہ میں افغان علاقے سے نیٹو افواج نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے پر مارٹر گولے فائر کئے جو مذکورہ علاقے میںواقع پاک فوج اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ کے قریب گرے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار حوالدار پرویز شہید جبکہ 7 دیگر اہلکار سپاہی طلعت محمد فیاض، عزیز اللہ، حبیب خان، لانس جان محمد، عمران اور اللہ نواز زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے نیٹو اورافغان فورسز کی سرحدی خلاف ورزی کے بعد پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان صوبہ خوست کے علاقے تنگڑی میں نیٹو اور افغان فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا طلاعات کے مطابق دونوں اطراف سے قریباً چار گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں کشیدگی کے باعث پاکستانی ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتے رہے جبکہ میران شاہ سے تازہ دم نفری بھی متاثرہ علاقے میں بھیجی اور سرحد پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیئے گئے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی