|
پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے،تمام شخصیات ملک کے مستقبل پر توجہ دیں،تر ک صدر

04-12-07, 09:08 AM
اسلام آباد (ایجنسیاں، جنگ نیوز) ترکی کے صدر عبداللہ گل نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے حوالے سے اپنی تعمیری سوچ پر کار بند رہے، پاکستان ایک اہم ملک ہے، یہ نازک دور سے گزر رہا ہے، اس مشکل خطے اور جغرافیائی ماحول میں اس کا مستقبل اہم ہے، ایسے نازک دور میں تمام ممتاز شخصیات کو پاکستان کے مستقبل پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے، انہوں نے یہ بات پیر کو ایوانِ صدر میں صدر پرویز مشرف کے ساتھ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں صدر پرویز اور ترک صدر عبداللہ گل کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا اعلان کیا اور اس مقصد کیلئے دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں 3 ارب 28 کروڑ روپے مالیت کے گومل زام ڈیم ایریگیشن کینال کی تعمیر کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔ ایوان صدر میں ہونے والے مذاکرات میں صدر پرویز مشرف نے پاکستانی وفد جبکہ عبداللہ گل نے ترک وفد کی قیادت کی، مذاکرات میں باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے اپنی بات چیت کو کامیاب ، تعمیری ، مفید اور مثبت قرار دیا۔ صدر عبداللہ گل نے شکر پڑیاں کے مقام پر پودا بھی لگایا اور پاکستان کی قومی یادگار کا دورہ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صدر پرویز نے ترک صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران تمام دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، بات چیت میں دہشتگردی کے خلاف جنگ، او آئی سی کی تشکیل نو اور اصلاحات، مسلم امہ کے اتحاد اور اہمیت، افغانستان کی صورتحال ، ایران۔ امریکا کے درمیان کشیدگی اور پاک ۔ بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے امور کا احاطہ کیا گیا۔ صدر پرویز نے کہا کہ امریکا اورایران کے درمیان کشیدگی پربھی بات ہوئی اور خطے میں امن واستحکام کو یقینی بنانے کیلئے صورتحال کو معمول پر لانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مسلسل حمایت، مالی معاونت، مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم میں معاونت اور زلزلے کے بعد فراخدلانہ مدد پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک صدر نے کہا کہ ترکی او آئی سی کے کشمیر کے بارے میں رابطہ گروپ کے رکن کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کا بین الاقوامی اصولوں کے مطابق پائیدار حل چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن کیلئے تعاون بڑھانے کیلئے افغانستان کے ساتھ سہ فریقی امن جرگہ کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے اور اس سے باہر امن وسلامتی کے لئے مل کر کام کررہے ہیں۔ عبداللہ گل نے کہا کہ باہمی بات چیت کے دوران افغانستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عراق ، مشرق وسطیٰ اور اینا پولس میں ہونے والی حالیہ کانفرنس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے صدر پرویز مشرف کی قیادت کو متاثر کن قرار دیا۔ ترک صدر عبداللہ گل نے نگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات مشترکہ ورثہ، عقیدے اور ثقافتی اقدار کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں نکتہ نظر پر مبنی ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ نگراں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور ان تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ترک صدر نے کہا کہ ترکی تمام شعبوں میں پاکستان کی ترقی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ترکوں کا دوسرا گھر ہے۔ دونوں ممالک کو تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کیلئے مربوط کوششیں کرنی چاہئیں۔ پاکستان اورترکی کے درمیان جنوبی وزیرستان میں 3 ارب 28 کروڑ روپے مالیت کے گومل زام ڈیم ایریگیشن کینال کی تعمیر کیلئے پیر کو راولپنڈی میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ایک معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔ یہ منصوبہ 34 ماہ کے عرصے میں مکمل ہوگا جسے ترک تعمیراتی کمپنی تیکسرمکمل کرے گی۔ معاہدے پر ایف ڈبلیو او اور تیکسرکے حکام نے دستخط کئے۔ تیکسر کمپنی کا پاکستان میں یہ دوسرا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کی 163100 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|
عبدالقدوس
Administrator
تاریخ شمولیت: May 2007
مقام: گوگل
عمر: 24
مراسلات: 25,294
شکریہ: 18,821
12,630 مراسلہ میں 29,416 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|