::: چین نے زلزلہ کی پیشنگوئی کیلئے ٥ ہزار میٹر گہرے کنوئیں کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا :::
بیجنگ ۔۔ چین نے زلزلہ کی پیشنگوئی کیلئے 5 ہزار 158 میٹر گہرے کنوئیں کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق اس کنوئیں کی کھدائی کے بعد زیر زمین تیل و گیس کی حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی اور اس سے زلزلہ سے متعلق پیشگی خبردار کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ کنواں جیانگ سو صوبہ کے گاؤں ماؤلی میں کھودا گیا ہے۔ سائنسدانوںنے کہا ہے کہ کنوئیں کی کھدائی سے قبل اس علاقہ کا تفصیلی سروے کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ یہ ہئیت کی تبدیلی کے حوالہ سے دنیا میں سب سے زیادہ دباؤ والا علاقہ ہے اور ماہرین ارضیات نے سے پلیٹس اور ارضیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے کے حوالہ سے ایک فطری لیبارٹری قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنوئیں کی کھدائی کے دوران بھی ایسی حرکات دیکھنے میں آئی ہیں جو زلزلہ کے دوران محسوس کی جاتی ہیں۔ ایک اعلی چینی عہدیدار نے کہا کہ ہم نے علاقہ میں ایشیاء کا ایک مربوط ارضیاتی تحقیقی مرکز قائم کر دیا ہے جس سے آنے والے دنوں میں انسانیت کو بہت فائدہ ہو گا۔