واجہ کریم داد دوست کے ہمراہ کھارادر میں ایک ہوٹل پر افطار کیلئے گئے تھے کہ نامعلوم افراد نے گولیاں مار دیں‘ اچھی قبر کے پاس بھی فائرنگ‘13افراد زخمی ‘شیتل داس کمپاؤنڈ پر دستی بموں سے حملہ
کراچی، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز رپورٹر) اولڈ سٹی ایریا میں بدھ کی شام راکٹ حملے اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی واجہ کریم داد سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 2 گاڑیاں جلا دی گئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں سے لیاری کے 5نوجوانوں کی بوری بند لاشیں طارق روڈ، پی ای سی ایچ ایس،ہاشو سینٹر ، گارڈن سے ملیں جنھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سروں میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، شاہ فیصل کالونی ندی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جمشید کوارٹرز میں فائرنگ سے قوال مارا گیا۔ پولیس کے مطابق واجہ کریم داد اپنے دوست صدرالدین عرف تیتری کے ہمراہ کھارادر میں آغا خان جماعت خانے کے قریب ایک ہوٹل پر افطار کرنے گئے تھے جہاں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں واجہ کریم داد، صدرالدین، محمد یوسف، عرفان اور عبدالستار ہلاک ہوگئے جس کے بعد ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے کھارادر، اچھی قبر کے پاس بھی فائرنگ کی۔ دونوں مقامات پر مجموعی طور پر 13 افراد زخمی ہوئے۔واجہ کریم داد کی ہلاکت پر صدر زرداری‘ وزیراعظم گیلانی اور صوبائی وزیرداخلہ منظور وسان نے افسوس کا اظہار کیا ۔ دوسری طرف تھانہ نیپئر کی حدود شیتل داس کمپاﺅنڈ پر نامعلوم افراد نے دستی بموں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 20 سالہ اوشا دختر رام جی، 12 سالہ دھنبرج ولد تیرج اور 80 سالہ تیج پال ولد دیو راج ہلاک جبکہ یشو دا، کلینا دختر تیرج، ممئی دختر رام جی اور ایک نامعلوم شخص زخمی ہوگیا۔ ادھر لی مارکیٹ، بھیم پورہ کے قریب ایک رکشہ اور ایک کار کو بھی آگ لگا دی گئی جسے فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر بجھایا جبکہ فیروز آباد تھانے کی حدود طارق روڈ رحمانیہ مسجد کی عقبی گلی سے دو افراد کی بوری میں بند لاشیں برآمد ہوئیں جن کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سروں میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ لاشیں ملنے کے 15منٹ بعد اسی تھانے کی حدود پی ای سی ایچ ایس بلاک2شارع قائدین کے قریب سے بوری میں بند نوجوان کی لاش برآمد ہوئی پولیس نے لاش کو جناح اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق مقتول کو بھی ہاتھ پشت پر باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔پریڈی تھانے کی حدود صدر الیکٹرونکس مارکیٹ ہاشو سینٹر کے قریب سے24سالہ نوجوان کی بوری میں بند لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو نادل بلوچ ولد غلام نبی کے نام سے شناخت کرلیا گیا ہے، مقتول بھی لیاری سنگو لین کا رہائشی تھا، گذشتہ رات گھر سے نکلاتھا اور لاپتہ ہوگیا تھا، گارڈن تھانے کی حدود پرانا ٹیلی فون ایکسچینج واٹر ہائیڈرنٹ کے قریب سے بوری میں بند نوجوان کی لاش برآمد ہوئی‘ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود ملیر ندی بند نمبر5کے قریب سے 27سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جسے جناح اسپتال لایا گیا، پولیس کے مطابق مقتول چہرے سے پختون معلوم ہوتا ہے جسے اغواءکے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ، لیاری کے چار نوجوانوں کی نماز جنازہ لیاری فٹ بال گراونڈ میں ادا کی گئی جس میں علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنازے کے جلوس کے شرکاءنے چاکیواڑہ چوک پر احتجاج کیا اس موقع پر لوگوںنے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر بلوچ نوجوانوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا بعدازاں نماز جنازہ کے شرکاءجلوس کی شکل میں لاشوں کے ہمراہ آئی آئی چندریگر روڈ سے ہوتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاوس پہنچ گئے اور دھرنا دیا، مظاہرین نے بلوچ نوجوانوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا بعد ازاں مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا گیا، جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود عثمانیہ مہاجر کالونی جیل روڈ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے شان علی قوال ولد صابر علی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی فائرنگ کی زد میں آکر شعیب اور مارٹن کوارٹرز میں فائرنگ سے ناصر زخمی ہوگیا واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور احتجاج کیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری نے سابق رکن قومی اسمبلی واجہ احمد کریم داد بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں سابق رکن قومی اسمبلی کی وفات پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے واجہ احمد کریم داد بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موت سے پارٹی ایک تجربہ کار سیاستدان اور مخلص کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔ ادھر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے واجہ کریم داد کو کراچی میں قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی