برنس روڈ، آرام باغ، قائد آباد، سچل، ملیر، ماڈل کالونی ، ماری پوراور لیاری شدید ہوائی فائرنگ
کراچی ( نمائندہ جنگ) کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم شرپسندوں نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں اور کاروبار بند کرادیا اور9 بسوں کوجلادیا جن میں سے ایک رکشہ اور ٹیکسی بھی شامل ہے ہوائی فائرنگ سے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، ماری پور اور لیاری میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا نامعلوم شرپسندوں نے کلفٹن بوٹ بیسن کے قریب ہوائی فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلا دیا اس موقع پر شرپسندوں نے ایک مسافر کوچPE-5115کو نذر آتش کردیااسی دوران کلفٹن بلاول چورنگی کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے روٹ20کی ایک بس کو بھی نذر آتش کردیا۔ شہر کے مختلف علاقوں برنس روڈ، آرام باغ، قائد آباد، سچل، ملیر، ماڈل کالونی، مار ی پور اور لیاری کے مختلف مقامات پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلادیا اس تمام صورتحال کے دوران پولیس نے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی ، برنس روڈ ، آرام باغ، صدر، الیکٹرونکس مارکیٹ اور دیگر مارکیٹوں میں ایک درجن موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلا یا اور دکانیں و مارکیٹیں بند کرادی گئیں۔ نبی بخش تھانے کی حدود رنچھوڑ لین میں نامعلوم شرپسندوں نے مسافر بس کو نذر آتش کردیا اور فرار ہوگئے فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا، آئی سی آئی پل کے قریب منی بس کو نامعلوم شرپسندوں نے آگ لگادی جس کے نتیجے میں منی بس مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی، لیاری کے علاقے جونا مسجد کمہار سینما کے قریب شرپسندوں نے دو دھ کے ٹرک کو آگ لگادی اور فرار ہوگئے جبکہ لیاری ککری گراونڈ کے قریب جمعرات کی رات گئے نامعلوم شرپسندوں نے مسافر بس کو آگ لگادی اور فرار ہوگئے اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔