کنٹرول لائن سے دو طرفہ تجارت کے معاملات طے کرنے کیلئے آزاد کشمیر کا تجارتی وفد 9اکتوبر کو سرینگر پہنچے گا
سرینگر (پاک نیٹ) آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلیٰ سطحی وفد ایک ہفتہ کے دورہ پر9اکتوبر کو سرینگر پہنچے گا جہاں وہ کشمیر اور جموں کے تاجروں سے دوطرفہ تجارت کے حوالہ سے تبادلہ خیال کرےگا۔ آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار عباسی نے سرینگر سے شائع ہونے والے ایک اخبار کو بتایا کہ مظفرآباد، سرینگر اور راولاکوٹ پونچھ کے راستے شروع ہونے والے تجارت کیلئے لائن آف کنٹرول پر مقررہ مقامات تک دونوں اطراف سے سامان سے لدے ہوئے ٹرک پہنچا کریں گے۔ یہ مقررہ مقامات لائن آف کنٹرول پر 15 کلو میٹر اندر تک قائم کئے جائینگے جہاں ٹرک سامان اتارنے کیلئے پہنچ سکیں گے اور سامان اتار سکیں گے۔ ذوالفقار عباسی نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے ذریعے تجارت کیلئے اشیاءکی لسٹ حکومت کی طرف سے جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق جموں و کشمیر سے سیب،قالین، گبے، وال ہینگنگز، شالیں، نمدے، کڑھائی والی دیگر مصنوعات، فرن، اخروٹ کی لکڑی کے فرنیچر سمیت عام فرنیچر، لکڑی کی ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات، ڈرائی فروٹ، زعفران ،جڑی بوٹیاں، پھلدار پودے، دھنیا، مونگی، املی اور کالامشروم، کشمیری مصالحے، سرہانے، تکئے ،کمبل اور ایرومیٹک پلانٹس شامل ہیں۔ اسی طرح آزاد کشمیر سے ا±س کشمیر کیلئے جو اشیاء تجارت کے تحت بھیجی جاسکیں گی۔ ان میں چاول، جائے نماز اور تسبیاں، قیمتی پتھر، گبے ، نمدے، پشاوری چپل، ادویات کے استعمال کیلئے جڑی بوٹیاں، تازہ فروٹ اور سبزیاں، اخروٹ سمیت تازہ پھل ، مکئی اور متعلقہ مصنوعات، شہد، مونگی، املی، بلیک مشروم، اخروٹ کی لکڑی سمیت عام فرنیچر، لکڑی کی ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات، قالین اور رگزدیوار پر لٹکانے والی ہاتھ سے بنی ہوئی کڑھائی والی مصنوعات، ایمبرائیڈری کی مصنوعات، فوم کے گدے، سرہانے اور تکیے اور شالیں شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ورکنگ باﺅنڈری کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ‘ 2 بھارتی سکیورٹی اہلکار زخمی
جموں(پاک نیٹ)جموں میں ورکنگ باﺅنڈری پرایک بارودی سرنگ دھماکے میں بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق بی ایس ایف کے 112بٹالین سے وابستہ اہلکار سانبہ سیکٹر میں گشت کر رہے تھے جس کے دوران وہاں زیر زمین بچھائی گئی دوبارودی سرنگیں یکے بعد دیگرے اچانک پھٹ گئیں جس کی زد میں آکر کانسٹیبل بھوجا سنگھ اور منیش کمار زخمی ہوگئے۔بھوجاسنگھ کونازک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ بارودی سرنگیں سیکورٹی فورسز کی طرف سے سرحد پر بچھائی گئی ہیں تاکہ دراندازی کو روکا جاسکے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
تحریک آزادی کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے‘ علی گیلانی
سرینگر(پاک نیٹ)حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تمام حریت پسند اور دینی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کارڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے دیئے گئے پروگراموں سے ہٹ کر علیحدہ اور متضاد پروگرام تشکیل دینے سے اجتناب کریں۔ گزشتہ روز یہاں حیدر پورہ میں علی گیلانی کی رہائش گاہ پرایک اجلاس منعقد ہوا جس میں غلام نبی سمجھی،جنرل موسیٰ،ڈیموکریٹک پولیٹیکل مومنٹ کے چیئرمین ایڈوکیٹ محمد شفیع،فریڈم لیگ کے امتیاز احمد ،جماعت اسلامی کے شیخ علی محمد،تحریک وحدت اسلامی کے نثار حسین راتھر،ماس مومنٹ کے مولوی بشیر احمد،انصاف پارٹی کے غلام احمد گلزار،پیپلز لیگ کے غلام محمد خان سوپوری،ٹریڈ یونین فرنٹ کے محمد شفیع لون اور مسلم لیگ کے شبیر احمد خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک آزادی کے ساتھ عوام کی مکمل حمایت کے تناظر میں اسکی حفاظت کرکے اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے امور پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا“۔ اجلاس میں طے پایا گیا کہ تحریک آزادی کو دانستہ یا نا دانستہ طور مطالباتی تحریک بنا کر سبو تاژ کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ حریت کانفرنس تحریک آزادی کی محافظ اور پاسبان بن کر بھارت کے جبری اور نا جائز فوجی قبضے کے مکمل خاتمے تک میدان عمل میں پر امن جدو جہد کو جاری و ساری رکھے گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ حالیہ عوامی انقلاب کا واضح ہدف حصول حق خود ارادیت ہے لہٰذا حریت کانفرنس کا یہ اجلاس اپنی مظلوم اور غیور قوم کی بے مثال اور بیش بہا قربانیوں کے تناظر میں پوری ذمہ داریوں کے ساتھ آگاہی دینا اپنا فرض سمجھتا ہے کہ کسی فرد یا جماعت کو اس ہدف سے انحراف کرکے ماضی کی طرح کسی قسم کی سودا بازی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ان عناصر پر کڑی سے کڑی نگاہ رکھے جانے کی ضرورت کو محسوس کیا گیا۔اجلاس میں ملی اور قوی سطح پر اتحاد کی ضرورت کو شدت سے محسوس کرکے تمام حریت پسند اور دینی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ کارڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے مشتہر کئے گئے پروگراموں سے ہٹ کر الگ سے پروگرام دینے سے اجتناب کریں۔اس اجلاس کے دوران حریت کانفرنس کے خلاف انتظامیہ کی طرف سے پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کا سلسلہ جار ی رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوٹلی‘مختلف ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق‘ 16 زخمی
کوٹلی (پاک نیٹ) کوٹلی میں ٹریفک کے دو مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ‘ 16 زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو تتہ پانی اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں پر سات افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دندلی سے کوٹلی آتے ہوئے وین دندلی موڑ کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک کالج کی طالبہ جاں بحق جبکہ گاڑی میں سوار گیارہ افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو تتہ پانی اور کوٹلی ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرادیا گیا جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ےہ جبکہ دوسرے حادثے میں پنجیڑا کی ایک فیملی دبئی سے اپنے رشتہ داروں کو لینے کیلئے راولپنڈی ایئرپورٹ جارہی تھی کہ سہالہ کے مقام پر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بہق اور تین زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئی آمر اب جمہوریت پر شب خون نہیں مارسکے گا‘ قمر الزمان
باغ (پاک نیٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملکی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی ساری توجہ اقتدار کو طوالت دینے پر مرکوز کئے رکھی جس کی وجہ سے بیرونی دنیا میں بھی پاکستان کا امیج خراب ہوا صدر پاکستان آصف علی زرداری کے کامیاب دورہ سے پاکستان کی تنہائی میں واضح کمی آئی ہے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے عالمی برادری کشمیریوں کو ظلم و ستم سے نجات دلانے کے لئے فوری نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ق نے پرویز مشرف کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا تھا انہیں عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اندرونی اور بیرونی چیلنجز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ قربانیوں کے نتیجہ میں آج پاکستان میں جمہوریت مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے صدر پاکستان وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی عوام کے بھرپور اعتماد اور جرات کے ساتھ پاکستان کو درپیش چیلنجز کو دنیا کے سامنے رکھ رہے ہیں اور اپنی اہمیت سے بھی دنیا کو آگاہ کردیا ہے انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی آمر جمہوریت پر شب خون نہیں مارسکے گا ایک سولا کے جواب میںانہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہماری پہلی عید ہے جسے ہم نہایت سادگی سے منائیں گے ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی عید کے دن سے ہم یہ عہد کریں گے کہ محترمہ کے مشن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭