|
کوئٹہ اور بلوچستان کی خاص خاص

15-04-08, 02:08 PM
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔کوئٹہ الیکٹرک سپلائی انتظامیہ اور پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین ۔سی بی اے ) کا ایک اجلاس کیسکو کے سربراہ انجینئر محمد شفیق خٹک کی زیر صدارت ہوا جس میں سنیئر افسران کے علاوہ یونین کے مرکزی جائنٹ صدر حاجی محمد رمضان اچکزئی ‘صوبائی سیکرٹری عبدالحئی ‘صوبائی وائس چیئر مین غلام رسول اور جائنٹ سیکرٹری عبدالستار منور نے یونین کی نمائندگی کی اجلاس میں تخرچیبی کاروائیوں میں کیسکو اہلکاروں کی شہادت ‘معذوری اور آئے دن زخمی ہونے والے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا گیا یونین کے نمائندوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی کلیئرنس کے باوجود کارکنوں کی مسلسل شہادت یونین کے لئے ناقابل قبول ہے اگر حکومت نے غلطی سے پاک سیکورٹی انتظامات کی ضمانت ‘شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے قابل ذکر مالی معاونت اور سیکورٹی کلیئرنس کے خلاف کاروائی نہ کی تو یونین اپنے کارکنوں کو کام پر جانے کی اجازت نہیں دے گی چیف ایگزیکٹو خٹک نے تخری کاروائیوں میں کیسکو کارکنوں کی شہادت اور معذوری کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہیدوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے مشترکہ دعا کے بعد اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے اعلی سطح پر صورتحال کی سنگینی اور کارکنوں کے جذبات پہنچائے ہیں اور ہر سطح پر مسئلہ کو اٹھایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ یونین کے جذبات ا جلاس میں پیش کئے گئے مطالبات کو صوبائی حکومتوں کی سطح پر اٹھائیں گے انہوں نے کیسکو فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ سبی ہرنائی مستونگ قلات لائنوں کی بندش سے صارفین پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں فصلوں کا موسم ہے اور زرعی صارفین کو بجلی کی شدید ضرورت ہے لہذا جہاں اور جس حد تک ممکن ہو کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے اعلان شدہ 12 اور4 گھنٹوں کے دیہی و شہری دورانیہ میں اضافہ نہ کیا جائے ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔واپڈا اہلکاروں کو تخریب کاری کی وارداتوں میں نشانہ بنانے کے بعد واپڈا اہلکاروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ ڈیوٹیاں سرانجام نہیں دیں گے۔ واپڈا پیغام یونین بلوچستان کے چیئرمین آغا سلطان شاہ منگل کو یہاں پریس کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے ملازمین ایک قومی اور قیمتی سرمایہ ہے اس کی حفاظت اور خوشحالی قومی ذمہ داری ہے مگر نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس ذمہ داری کی نہ تو حکومت نے پروا ہ کی اور نہ ہی کیسکو انتظامیہ نے بار بار کی یقین دہانی کے باوجود حادثات رونما ہورہے ہیں انہوںنے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کے باوجود دھماکہ خیز مواد کے ذریعے قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہے گزشتہ دن بھی اسی قسم کے واقع پیش آیا علاقہ کی کلیئرنس کے باوجود حادثہ ہوا اور کارکن شہید ہوا اور ساتھی زخمی ہوئے ہم انتظامیہ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسے ماحول میں اسی جانوں کو خطرہ میں نہیں ڈال سکتے کارکنوں کی حفاظت ادارے کی ذمہ داری ہے غیر محفوظ حالات میں کام کرنے سے قاصر ہیںانہوں نے مطالبہ کیا کہ واپڈا اہلکاروں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور واپڈا ملازمین کو تربیت دی جائے تاکہ وہ بم اور بارودی سرنگوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی جان بچا سکیں اور اپنے فرائض منصبی انجام دے سکیں ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔تنظیم الاخوان کے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں انتشار پھیل چکا ہے بلوچستان سمیت پورے ملک میں انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق فیصلے کرنا ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ناانصافیاں بڑھتی جارہی ہیں اس کی بنیادی وجہ امت مسلمہ کا دین سے دور ہونا ہے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث بلوچستان میں حالات خطرناک صورتحال اختیار کر گئے ہیں اگر اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور انصاف کے عین مطابق فیصلے نہ کئے گئے تو معاشرہ تباہ ہوجائے گا معاشرے کو تباہی سے بچانے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاشرے کو عدل و انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق تشکیل دیئے بغیر انتشار اور بحرانی کیفیت سے نجات ممکن نہیں ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔بلوچستان یونیورسٹی سے برطرف پروفیسر ڈاکٹر آغا ناصر نے فوجی وائس چانسلر کی فوری بر طرفی ‘ ماڈل یونیورسٹی آرڈیننس کے خاتمے اور ملازمت پر بحالی کے مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی ۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان یونیورسٹی کے صدر کلیم اللہ بڑیچ نے منگل کو بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اپنے مطالبات کے لیے گزشتہ آٹھ دنوں سے ہڑتال پر ہے لیکن اس کے باوجود حکومت یونیورسٹی انتظامیہ کے رویے کا نوٹس نہیں لے رہی انہوں نے کہا کہ احتجاج کے پہلے مرحلے میں پروفیسر ڈاکٹر آغا محمد ناصر اور دوسرے مرحلے میں ذاکر حسین جدون تا مرگ بھوک ہڑتال کرینگے انہوںنے مطالبہ کیا کہ موجودہ فوجی وائس چانسلر کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور ان کے دور میں ہونے والی تمام بھرتیوں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہڑتال کرنے والے اساتذہ کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دارموجودہ وائس چانسلر ‘یونیورسٹی انتظامیہ اور حکومت ہوگی ۔اس موقع پر پروفیسر آغا ناصر نے کہا کہ جب تک یونیورسٹی سے ماڈل آرڈیننس کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اور غیر علمی وائس چانسلر کو برطرف نہیں کیا جاتا تادم مرگ بھوک ختم نہیں کرونگا ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی میں دو مختلف دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں پٹوخ کے مقام پر بارودی سرنگوں کے دو دھماکے ہوئے ہیں۔ ایک دھماکہ اس وقت ہوا ہے جب موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا ہے۔ اس دھماکے میں ایک شخص برکت علی ہلاک اور غلام نبی زخمی ہوا ہے۔ دوسرا دھماکہ اس وقت ہوا جب پٹوخ کے علاقے میں ہی اونٹ راستے سے گزر رہے تھے۔ اس دھماکے میں ایک شخص حصو بگٹی زخمی ہوا ہے۔اس کے علاوہ کچھی کینال کے پاس ایک انجن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے اور مٹکہ کے قریب ایک پولیس چوکی پر حملے کی اطلاعات ہیں۔ یاد رہے ڈیرہ بگٹی اور کاہان سے پر تشدد کاروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ان کارروائیوں میں سییکورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر حملے شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام صوبے بالخصوص کوئٹہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال‘ اغواءبرائے تاون ‘ڈکیتی اور چوری کی وارداتوںکے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور میزان چوک پر جلسہ منعقد کیاگیا۔ ریلی پشتونخوا میپ کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ کی قیادت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میزان چوک پر پہنچی جہاں جلسہ منعقد کیا گیا جس سے صوبائی صدر عثمان کاکڑ‘ عبدالرحیم زیارتوال ‘ عبید اللہ جان بابت‘ عبدالرﺅف لالہ اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے خطاب کیا۔مقررین نے پولیس انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پولیس خود ڈاکوﺅں کو تحفظ فراہم کررہی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے صوبے اور بالخصوص کوئٹہ میں ڈاکوﺅں اور اغواءبرائے تاوان گروپو ںکا مکمل قبضہ ہے گزشتہ پندرہ دنوں میں صرف کوئٹہ میں اغواءبرائے تاوان کے چھ واقعات رونما ہوئے ہیں موٹر سائیکل اورگاڑیوں کے چھیننے کے علاوہ گھروں میں ڈکیتیوں کے درجنوں واقعات ہوئے اور اکثر متاثرین متعلقہ حکام کے ناروا روئیے ‘ منفی طرز عمل کی وجہ سے تھانوں میں ایف آئی آر تک درج نہیں کراتے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سریاب روڈ پر تاجر شام لعل کو مسلح افراد نے بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ اغواءکیا لیکن ابھی تک اسے بازیاب نہیں کرایا جاسکا اور اس طرح صوبے کی اہم شاہراہوں خصوصاً کوئٹہ کراچی ‘سبی جیکب آباد اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر مسلح گروپوں لوڈ ٹرک لوٹ لیتے ہیں لیکن حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لاتے امن وامان کی اس سنگین صورتحال نے عوام کو جان و مال کے مسئلے سے دو چار کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور کہا کہ لوگوں کے جان و مال اور امن وامان کے قیام کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ہر سطح پرآواز بلند کرتی رہے گی ۔ احتجاج کرنے والے کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومت اور پولیس انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کررہے تھے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے ‘کالعدم بی ایل اے نے ذمہ داری قبول کرلی۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر کلی ساسولی کے قریب فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار ایک دکان پر سامان خرید رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار سیف اللہ موقع پر ہی جاںبحق ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار صفت اللہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لئے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واقعہ کی اطلاع پرپولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تلاش شروع کر دی۔دریں اثناءبلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان بیبرگ بلوچ نے میڈیا کے دفاتر فون کرکے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق اور مطالبات کے حق میں مسلح جدوجہد جاری رہے گی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
چمن۔۔۔۔۔۔۔۔ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں فرنٹیئر کور نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی ‘ کوئی گرفتاری عمل میں نہیںآسکی۔ فرنٹیئر کور کے ترجمان نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہایف سی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ نا معلوم اسمگلر بڑے پیمانے پر منشیات افغانستان سے پاکستان سمگل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر ایف سی نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے تمام سرحدی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی گلستان کے علاقے میں ایک مشکوک گاڑی نے ایف سی کی گشتی ٹیم کو دیکھتے ہی اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جوابی کارروائی پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے ایف سی اہلکاروں نے تلاشی کے دوران گاڑی سے 1090 کلو گرام چرس بر آمد کرلی جسے گاڑی سمیت قبضہ میں لے لیا گیا۔ایف سی نے نامعلوم سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے صوبے میں آٹے کی قلت کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم اور آٹے کی سپلائی اور اس کی ارزاں نرخوں پر عوام کو فراہمی کو یقینی بنائیں اور مصنوعی گرانی، ذخیرہ اندوزی اور آٹے کی اسمگلنگ کی شکایات کے ازالے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں صوبے خصوصاً کوئٹہ شہرمیں گندم کی ترسیل اور آٹے کی فراہمی کی صورتحال کے جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی سیکریٹری خوراک اعظم بلوچ، ضلعی ناظم کوئٹہ میرمقبول احمدلہڑی اور دائریکٹر خوراک اقبال احمد کھوسو نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو یہ بھی ہدایت وہ فلورملوں کو گندم کا کوٹہ بروقت فراہم کرنے اور گندم پسائی اور اس کی فیئرپرائس شاپس تک ترسیل کے عمل کی کڑی نگرانی کریں تاکہ لوگوں کو ارزاں نرخوں پر آٹا میسر ہوسکے۔ انہوں نے ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں گندم اور آٹے کی ترسیل پر کڑی نظر رکھیں۔ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لئے سخت کارروائی کریں تاکہ مصنوعی گرانی پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کوئٹہ میں فیئرپرائس شاپس اور راشن ڈیلروں کو آٹے کا کوٹہ بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی کو سیکریٹری خوراک اعظم بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی محکمہ خوراک کے پاس28ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور تمام فلورملوں کو گندم کا کوٹہ مہیا کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ژوب میں آٹے کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے دوہزار بوری اضافی گندم جاری کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات اور سندھ اور پنجاب میںگندم کی کٹائی شروع ہونے اور مارکیٹ میںنئے گندم کے پہنچنے سے آٹے کی رسد اور طلب کا فرق بہت جلد ختم ہوجائے گا اور لوگوں کو ارزاں نرخوں پر آٹے کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے ان سے درخواست کی جائے گی کہ بلوچستان کے لئے گندم کا کوٹہ بڑھایا جائے تاکہ طلب اور رسد کے فرق کو ختم کیا جاسکے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی سے سٹی ناظم میرمقبول احمد لہڑی نے ملاقات کی اور انہیں وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سٹی ناظم کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ضلعی محکموں خاص طور پر کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، واسا ودیگر اداروں کے بارے میں انہیں تفصیلاً بریفنگ دی جائے تاکہ ان مسائل کے سلسلے میںمناسب اقدامات کئے جاسکیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ہماری یہ کوشش ہوگی کہ لوگوں کے مسائل جلد سے جلد حل ہوں اور لوگوں نے موجودہ حکومت سے جو توقعات وابستہ کررکھی ہےں وہ پوری ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع بولان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے رکن صوبائی اسمبلی عاصم کردگیلو کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں تحصیل ناظم ڈھاڈر حاجی محمد ہاشم شاہوانی، تحصیل ناظم بھاگ وڈیرہ بشیر احمد چھلگری۔ یونین کونسل ناظم بھاگ ارباب قادر بخش ایری، سابق نائب ناظم بولان میر بہرام خان بلیدی، یونین کونسل ناظم نوشہرہ الہی بخش ابڑو، تحصیل کونسل بھاگ میر عبدالستار گوہرام زئی، کونسلر یونین کونسل غازی محمد نواز لہڑی، ڈسٹرکٹ چیئرمین زکوٰة بولان نصراللہ بنگلزئی اور جاوید احمد کھوسہ شامل تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر نواب محمد اسلم رئیسانی کو مبارکباد دی اور علاقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ان میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری، کچھی واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی، کچھی کینال منصوبہ میں علاقے کو شامل کرنا، سیلابوں سے علاقے کی سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات اور ان کی بحالی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی سے اراکین صوبائی اسمبلی میر محمد اسلم بزنجو، سردارثناءاللہ زہری، ناظم قلات نعمت اللہ زہری، ناظم جھل مگسی میر خالد خان مگسی اور دیگر نے بھی ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہءخیال کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ایک پریس ریلیز کے مطابق پراسیکیوٹنگ انسپکٹر کے لئے ہونے والے تحریری امتحان میں عبدالرحمٰن، اسداللہ، حسن عباس،جہانزیب خان، جلیل احمد، محمد عباس، محمداسد، ایم جاویدکامران، نصراللہ خان ولدعبدالعزیز، نصراللہ خان ولدسردارظریف خان جوہر، نوروزخان، رمضان خان، ثناءاللہ ، شہزادہ خان اور سیدعبدالحلیم کو کامیاب قراردیاگیاہے۔ زبانی امتحان کے لئے تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ممبران سٹی ضلع کونسل کوئٹہ سے موصول شدہ ۔ریکوزیشن) پر سٹی ضلع کونسل کوئٹہ کا اجلاس مورخہ19اپریل 2008ءبروز ہفتہ 10بجے صبح ضلع کونسل کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوئٹہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ادارہ ثقافت بلوچستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر میں عبداللہ بلوچ کی زیر صدارت میں آج ایک تعزیتی اجلاس ہوا۔ جس میں ممتاز دانشور، ادیب وصحافی امداد نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ اجلاس میں مرحوم کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
جھل مگسی ۔۔۔۔۔۔۔۔حلقہ پی بی 32جھل مگسی گنداواہ سے ضمنی انتخابات کے لیے صوبائی اسمبلی کے لیے گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کے بھائی نوابزادہ مری طارق حسین مگسی نے ریٹرننگ آفیسر گنداواہ امجد احمد خلجی کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ۔تفصیلات کے مطابق حلقہ پی بی 32جھل مگسی گنداواہ سے منتخب ایم پی اے نواب ذوالفقار علی مگسی کے گورنر بلوچستان منتخب ہونے کے بعد پی بی 32جھل مگسی گنداواہ کی نشست خالی ہو گئی تھی جس کے ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان الیکن کمیشن آف پاکستان نے کر دیا جس کے بعد سابق ایم پی اے جھل مگسی گنداواہ نوابزادہ میر طارق مگسی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ پی بی 32جھل مگسی گنداواہ سے اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں اس موقع پر نوابزادہ میر طارق مگسی نے گنداواہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے حلقہ پی بی 32جھل مگسی گنداواہ کی نشست پر آزاد امیدار کی حیثیت سے کاغذات جمع کرا ئے ہیں ۔ کامیاب ہونے کے بعد اپوزیشن یا حکومت میں بیٹھنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ کامیاب ہونے کے بعد ہی کروں گا۔واضح رہے کہ جمعیت علماءاسلام ۔ف) نے بھی حلقہ پی بی 32جھل مگسی گنداواہ سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اور اپنے جمعیت کی جانب سے اس حلقہ کے لیے مولانا محمد خان رخشانی کو امیدوار نامزد کر دیا ہے ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
چمن ۔۔۔۔۔۔۔۔افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار کے پاک افغان سرحدی ضلع سپن بولدک میں خودکش کار بم دھماکے میں پانچ افغان پولیس اہلکار ہلاک و زخمی ہوگئے۔قندھار پولیس کے اعلیٰ آفیسر شیر خان نے بتایا کہ یہ واقعہ پاک افغان سرحدی شہر سپین بولدک میں پولیس لائن کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک کار سوار خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی افغان پولیس کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوادھماکہ سے تین افغان پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امریکی فوجی اڈے لے جایا گیا ۔ واقعہ کے بعد پاک افغان سرحد پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
خضدار ۔۔۔۔۔۔۔۔خضدار کی تحصیل وڈھ میں زمین کے تنازعہ پر دو قبائل میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخض زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وڈھ میں دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازعہ تصادم ا جس کے دوران فائرنگ سے ایک شخص عبدالنبی زخمی ہوگیا واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پایا جاتا ہے پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش کررہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اوستہ محمد ۔۔۔۔۔۔۔۔بی ایس او پجار کی جانب سے حب میں صحافی خادم حسین شیخ کے قتل کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آزاد صحافت کے خلاف دہشت گردی کاروائی کی شدید مذمت اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کے مطالبات درج تھے اس موقع پر مقررین نے سچ لکھنے اور دیانتداری کو منظر عام پر لانے کی پاداش میں گزشتہ روز حب کے صحافی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے مافیا نے صحافیوں کو حراساں کرنے اور انہیں جان سے مارنے کی بردلانہ کاروائی کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں میڈیا پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہ ہو گی اور نہ ہی کسی کو صحافیوں پر حملے کی اجازت دی جائے گی بعد ازاں مظاہرین پر امن طو رپر منتشر ہو گئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اوستہ محمد ۔۔۔۔۔۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنماءڈاکٹر فاروق ستار کے والد کے انتقال پر مقامی سیکٹر آفس میں قرآن خوانی اور خیرات فی اسبیل اللہ کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی اوردعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے سیکٹر انچارج ممتاز علی عمرانی نے اس موقع پر لنگر بھی تقسیم کیا ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اوستہ محمد ۔۔۔۔۔۔۔۔اوستہ محمد میں نامعلوم چور وں نے شہید مراد کالونی میں گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری کرلی اور فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح نامعلوم چور شہید مراد کالونی میں ایک گھر کے سامنے کھڑی محمد رفیق عمرانی نامی شخص کی موٹر سائیکل چور چابی کے ذریعے چرا کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے اس واقعہ سے لا علمی کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
Last edited by ابن جلال; 22-06-09 at 05:49 PM..
|
ابن جلال
Senior Member
تاریخ شمولیت: Apr 2008
مقام: Pakistan
مراسلات: 5,434
شکریہ: 9,850
2,670 مراسلہ میں 4,570 بارشکریہ ادا کیا گیا
|
|