پنجاب انتظامیہ برابر کی شریک ہے‘ ممتاز کو سلمان تاثیر کی اسلام آباد آمد کی خبر کیسے ہوئی
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے گورنر پنجاب کے قتل کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی ہے۔ پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حالات و واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ گورنر پنجاب کے قتل میں مذہبی جنونیت سے زیادہ سیاسی محرکات ہیں، یہ ایک سیاسی قتل ہے اور یہ صرف کسی مذہبی جنونی کا ہی کام نہیں بلکہ اس میں پنجاب کی انتظامیہ بھی برابر کی شریک ہے۔ فوزیہ وہاب نے کہا کہ دیکھنے کی بات یہ ہے کہ قاتل ممتاز قادری نے تین دن قبل کیسے یہ طے کر لیا تھا کہ وہ گورنر پنجاب کو قتل کر دے گا حالانکہ اس وقت تک گورنر پنجاب کی اسلام آباد آمد کسی کے علم میں نہیں تھی۔ممتاز قادری کو ان کی آمد کی قبل از وقت خبر کیسے ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ سوال تو یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ ممتاز قادری نے جب اپنے ساتھیوں کو اپنے مذموم ارادوں سے آگاہ کر دیا تھا تو وہ کیوں خاموش رہے اور کارروائی کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر گورنر پنجاب کو بروقت خطرہ سے آگاہ کر دیا جاتا تو ان کی جان بچ سکتی تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سارا کام سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت کیا گیا اور یہ ایک سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی ریکارڈ پر موجود ہے کہ گورنر پنجاب کو دھمکیوں کے باوجود صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ واضح طور پر کہہ چکے تھے کہ کچھ بھی ہوجائے صوبائی حکومت گورنر پنجاب کو بلٹ پروف گاڑی نہیں دے گی۔