اویس اور رومیہ کی شادی 25 جبکہ آصف شہزاد اور عائشہ کی شادی 23 جولائی کو ہوئی تھی
کراچی (عبدالماجد بھٹی، سٹاف رپورٹر) اسلام آباد کے طیارہ حادثہ میں کراچی سے ہنی مون منانے کیلئے جانے والا دو نوبیاہتا جوڑے بھی جاں بحق ہوگئے۔ اویس خان اور رومیہ خان کی شادی 25 جولائی کو جبکہ آصف شہزاد اور عائشہ کی شادی 23 جولائی کو ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں آصف شہزاد کے گھر میں ابھی شادی کے شادیانوں کی گونج برقرار تھی،سہروں کے پھول ابھی تازہ تھے اور ان کی خوشبو نے پورے گھر کو معطر کررکھا تھا لیکن شادی کے چو تھے ہی دن جہاں خوشیاں رقصاں تھیں وہ گھر ماتم کدہ بن گیا ۔ اپنی نئی زندگی کا سفر خوشگوار انداز سے یادگار بنانے کیلئے ہنی مون پر کراچی سے اسلام آباد جانے والا نوبیاہتا جوڑا بدقسمتی سے ایئر بلو کے طیارے میں المناک حادثے کا شکار بن گیا۔ آصف شہزاد اور عائشہ کی شادی جمعے کو اور ولیمہ پیر کو ہوا تھا۔ ولیمے کے بعد جوڑا اپنے دوست احباب سے ملنے کے بعد اسلام آباد اور مری جارہا تھا لیکن یہ سفر ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔آصف شہزاد سعودی عرب کے شہر دمام میں ملازمت کرتے تھے اور شادی کیلئے چند دن پہلے پاکستان آئے تھے۔عائشہ کی کزن اور بچپن کی دوست اور چچا زاد بہن مسز زاہد کا کہنا ہے کہ کل ہی دونوں سے میرے گھر والوں کی ملاقات ہوئی تھی میں بدقسمتی سے ان سے مل نہیں سکی تھی۔جس کا زندگی بھر افسوس رہے گا۔لیکن یہ سانحہ اس قدر اچانک اور ہولناک ہے کہ اس کا یقین نہیں آر ہا ہے۔شادی والے گھر میں ڈھول کی تھاپ اور ہنگامہ ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ یہ خاندان اس المناک سانحے سے دوچار ہوگیا۔دونوں کی موت کا کسی کو یقین نہیں ہے۔ایسا لگ رہا ہے کہ عائشہ اپنے مخصوص انداز میں اچانک برآمد ہوجائیگی۔چونکہ کسی نے دونوں کی میت نہیں دیکھی ہے اس لئے موت کا یقین نہیں آرہا ہے۔عائشہ اور آصف کے والدین حیات ہیں اور دونوں کے والدین پر غشی کے دورے پڑرہے ہیں۔آصف کی عمر 32سال تھی۔اس کا ایک بھائی اور تین بہنیں ہیں۔عائشہ کے دو بھائی اور دو بہنیں ہیں۔ان کی عمر29سال تھی۔انہوں نے کہا کہ میں گذشتہ پندرہ دن سے عائشہ کے ساتھ ساتھ رہی۔کزن ہونے کی وجہ سے مہندی ،مایوں اور شادی کی دیگر رسومات میں ،میں پیش پیش رہی لیکن یہ المناک سانحہ خواب دکھائی دیتا ہے۔گھر والے جو شادی کی وجہ سے پھولے نہیں سمارہے تھے۔اب ان پر سکتہ طاری ہے۔ طیارے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے جوڑے اویس خان اور رومیہ خان کی شادی تین دن پہلے ہوئی تھی یہ دونوں گلشن اقبال کے علاقے عابد ٹاؤن کے رہائشی تھے۔ اویس کے بھائی عثمان اور آصف احمد نے بتایا کہ وہ گھر سے خوشی خوشی روانہ ہوئے تھے اور آج صبح ہم سب نے انہیں رخصت کیا ۔ بھائی اور بھابھی اسلام آباد سے مری اور دیگر تفریحی مقامات پر جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ذہن میں درہ برابر بھی خیال نہیں تھا کہ ایئرپورٹ سے روانہ ہونے کے بعد وہ ہم سے ہمیشہ کیلئے بچھڑ جائیں گے۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی کی خبر