امریکہ میں ایک عیسائی براڈکاسٹر کے مطابق اکیس مئی دو ہزار گیارہ قیامت کا دن ہے۔ اس کے جواب میں خدا پر یقین نہ رکھنے والےافراد کی جماعت نے اس دن جگہ جگہ جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
اناسی سالہ ہیرلڈ کیمپِنگ کا کہنا ہے کہ اس دن حضرت عیسیٰ دنیا میں واپس آئیں گے اور ان پر یقین رکھنے والوں کو ’ریپچر‘ یعنی اڑا کر جنت پہنچا دیا جائے گا۔ انہوں نے ریڈیو، ٹی وی اور اشتہاری بورڈز کی مدد سے اپنے ان دعووں کو دور دور تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
امریکہ میں لادین افراد نے اس کے جواب میں ’ریپچر کے بعد کا جشن‘ کے عنوان سے نارتھ کیرولائنا سمیت دیگر شہروں میں جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
ہیرلڈ کیمپِنگ کا کہنا ہے کہ انجیل کے مطابق اکیس مئی کو ایک زبردست زلزلہ آئے گا جو دنیا کے خاتمے کا آغاز ہوگا۔ ان کے مطابق اکیس اکتوبر تک ایسے تمام لوگ جو عیسائی نہیں ہیں ہلاک ہو چکے ہوں گے۔
ہیرلڈ کیمپِنگ نے اس سے پہلے انیس سو چورانوے میں بھی اسی قسم کی پیشن گوئی کی تھی، تاہم ان کے حامیوں کا اب کہنا ہے کہ وہ مکمل قیامت نہیں بلکہ ایک بیچ کا مرحلہ تھا۔
ہیرلڈ کیمپِنگ کے ریڈیو نیٹورک ’فیملی ریڈیو ورلڈ وائڈ‘ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’ہمیں مقدس انجیل سے پتہ چلا ہے کہ خدا تقریباً دو سو ملین افراد کو بچانے والے ہیں۔ قیامت کے پہلے دن (یعنی اکیس مئی دو ہزار گیارہ کو) انہیں اڑا کر (’ریپچر‘) جنت پہنچایا جائے گا کیونکہ خدا ان پر مہربان ہیں۔‘
اسی دوران نارتھ کیرولائنا کے خدا پر یقین نہ رکھنے والے انسانیت پرست افراد نے ’ریپچر آفٹر پارٹی‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پارٹی دو دن تک جاری رہے گی۔ اس گروپ کی ویب سائٹ پر لکھا گیا ہے کہ، ’ویسے تو اس دعوی کی بےوقوفی زیادہ تر دنیا پر واضح ہے، لیکن پھر بھی یہ مذہبی بنیاد پرستوں کے عجیب خیالات پر سے پردہ اٹھانے کا اچھا موقع ہے ۔‘
اسی طرح کے جشن ہیوسٹن، فلوریڈا اور کیلیفارنیا میں بھی منائے جا رہے ہیں۔
کئی عیسائیوں نے ہیرلڈ کیمپِنگ کی تنقید کی ہے مگر کیمپِنگ کا کہنا ہے کہ وہ اکیس مئی کو اپنی بیوی کے ساتھ ریڈیو اور ٹی وی کے قریب گزاریں گے۔ ’جیسے مشرق میں دن شروع ہوگا، میری ساری توجہ ادھر ہی ہوگی۔‘
ہیرلڈ کیمپنگ کے دعووں کو امریکہ اور مشرق وسطی سمیت دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی ہے۔
بحوالہ
بی بی سی اُردو