”ایک دن جیو کے ساتھ“میں آج ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میرمہمان ہوں گی
بینظیر بھٹو کی زندگی پر خصوصی دستاویزی فلم نشر کی جائیگی
”الجھن سلجھن جیو حنا کے ساتھ“ میں انٹر نیٹ شادیوں پر بات ہوگی
کراچی(جنگ نیوز) ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والی قومی ویمن کرکٹ کی کپتان ثناء میر نے کہا ہے کہ ”آٹھویں جماعت تک میں بھی ماہی منڈا ہوا کرتی تھی، اس وقت کرکٹ کی دنیا میں16 نمبر پر ہوں، نیل پالش کبھی نہیں لگائی، میک اپ بھی اتنا پسند نہیں، شادی کیلئے سوچا نہیں، شرط ایمانداری ہوگی، پاکستان کیلئے میڈل جیتنے کے احساس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا“۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیو نیوز کے پروگرام ” ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے دورانِ گفتگو کیا۔ پروگرام میں ثنا میر کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس، جم میں ایکسرسائز، صوفی میوزک سننا، گھر میں سجائے ایوارڈز کے بارے میں گفتگو اور تصویریں بنانا بھی شامل ہے۔ یہ پروگرام 26 دسمبر اتوارکی شام 07 بج کر30منٹ پر جیو نیوز سے پیش کیا جائے گا۔ پاکستان کی سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی رہنمابینظیر بھٹو کی زندگی کی جھلک دکھاتی خصوصی دستاویزی فلم ”بینظیر بھٹو، ایک نہتی لڑکی“ اتوار 26 دسمبر کو جیو نیوز سے نشر ہوگی۔ اس دستاویزی فلم میں ناظرین بینظیر بھٹو کی زندگی، بحیثیت سیاسی لیڈر، ایک ماں ، ایک بیٹی، ایک بیوی اور ایک رہ نماکے طور پر دیکھ سکیں گے۔ یہ پروگرام اتوار کی رات 8بج کر 5منٹ پر دکھایا جائے گا۔ جیو ٹی وی کے پروگرام ”الجھن سلجھن جیو حنا کے ساتھ“ میں انٹرنیٹ کے ذریعے ہونے والی شادی پر بات ہو گی۔ اس بارے میں بات کرنے کے لئے انٹر نیٹ کے ذریعے دوستی، محبت شادی اور طلاق تک پہنچنے والا ایک جوڑا بھی موجود ہوگا۔ ان کے علاوہ پروگرام کے شرکاء میں پروفیسر ریٹائرڈ شائستہ زیدی جامعہ کراچی، ایڈووکیٹ شفیع چانڈیو ممبر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ایگزیکٹو کمیٹی اور متاثرین موجود ہوں گے۔ یہ پروگرام جیو ٹی وی سے اتوار کی شام 06 بجے پیش کیا جائے گا۔ پروگرام کی میزبان حنا خواجہ بیات ہیں۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی