ہائیکورٹ بار میں ہڑتال، نیشنل پریس کلب میں سیمینار ہوگا، اعتزاز، کائرہ،عمران اور دیگر خطاب کرینگے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے) جنرل(ر) پرویز مشرف کے تین نومبر کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف آج بدھ کو نیشنل پریس کلب کے زیراہتمام یوم سیاہ منایا جائے گا اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب میں سیمینار منعقد ہو گا جس سے اعتزاز احسن، وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ، عمران خان، محمود اچکزئی، شیری رحمان، قاضی حسین احمد، سنیٹر پرویز رشید، ڈاکٹر اسرار شاہ، سنیٹر زاہد خان، عاصمہ چوہدری، عاصمہ شیرازی، جہانگیر اختر، کاشف عباسی، حامد میر، شاہد مسعود، شاہد گیلانی، مشتاق منہاس، طلعت حسین اور دیگر خطاب کریں گے۔ دریں اثناءمعلوم ہوا ہے کہ وکلاءبھی 3 نومبر کے غیر آئینی اقدام کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔ دریں اثناء3 نومبر 2007ءکی ایمرجنسی اور ججز کو گھروں میں بھجوانے کے خلاف ہائیکورٹ بار راولپنڈی آج ہڑتال کرے گی جبکہ راولپنڈی ڈویژن بھر کے وکلاءیوم سیاہ منائیں گے اور بار ایسوسی ایشنز پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے صدر سید ذوالفقار عباس نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نائب صدر رائلہ سلیم صبوحی جنرل سیکرٹری احسن حمید جوائنٹ سیکرٹری راجہ صائم الحق نے شرکت کی اجلاس میں پاکستان بار کونسل کی اپیل پر بدھ کو تین نومبر2007ءکے آمرانہ اقدامات کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔
روزنامہ جنگ راولپنڈی