واپس چلیں   پاکستان کی آواز > حالات حاضرہ > خبریں



خبریں پاکستان اور دنیا بھر کی تمام نئی خبروں کے لیئے یہاں تشریف لائیں


Liveتازہ ترین خبریں---- Live

short url
جواب
 
LinkBack موضوع کے اختیارات موضوع کی درجہ بندی ظاہری انداز
پرانا 11-04-08, 02:55 PM   #1
Liveتازہ ترین خبریں---- Live
ابن جلال ابن جلال آف لائن ہے 11-04-08, 02:55 PM

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
9اپریل کوپارٹی قیادت شہرمیں امن قائم کرنے میں ناکام رہی کراچی واقعات سے دکھ پہنچا رابطہ کمیٹی اور منتخب نمائندوں سے سخت ناراض اور پارٹی قیادت سنبھالنے سے قاصرہوں اب پارٹی کے امور و معاملات رابطہ کمیٹی سنبھالے گی رابطہ کمیٹی کے نام الطاف حسین کا خط وکارکنان سے خطاب
کراچی ------متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پارٹی قیادت سے دستبرداری کااعلان کیا ہے ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق جمعہ کو جنرل ورکرز کے اجلاس کے دوران رابطہ کمیٹی کے نام فاروق ستارکی جانب سے پڑھے گئے خط میں متحدہ کے بانی نے کہاکہ 9اپریل کو پارٹی قیادت شہر میں امن قائم کرنے میں ناکام رہی انہوںنے کہاکہ نواپریل کو کراچی میںہوینوالے واقعات سے مجھے دکھ پہنچا انہوں نے کہاکہ وہ رابطہ کمیٹی اور نومنتخب نمائندوں سے سخت ناراض ہیں اور پارٹی قیادت سنبھالنے سے قاصر ہیں جبکہ کارکنان سے خطاب کے دوران الطاف حسین نے کہاکہ نواپریل کے واقعات کی ابتداء ارباب غلام رحیم اور شیر افگن نیازی پر تشدد سے ہوئی پرامن احتجاج کرنا سب کا حق ہے مگر جلائو گھیرائو کرنا غلط ہے ۔ سخت ناراض ہوں کہ پارٹی نو اپریل کو کراچی میں امن خراب کرنے کی کوشش روکنے میں کیوں ناکام رہی ۔ یہ شہرسب کا ہے یہاں قیام امن کی سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ زخمیوںکے ہسپتال پہنچتے ہی سازشوں کاآغاز ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ گڑ بڑ روکنے کیلئے ایم کیو ایم کے رہنما میدان میں کیوں نہیں آئے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے کراچی میں امن قائم کرنے میں ناکام رہے لیکن عوامی ردعمل کو روکنا متحدہ کاکام ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ اس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے ۔شرپسند فرار اورذمہ داری ایم کیو ایم پر ڈال رہے ہیں کراچی میں ہونے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ نو اپریل کو کراچی میں ہونے والے واقعات سے دکھ پہنچا ہے اور اس شہر کا امن بحال کرنا چاہیے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پارٹی کے معاملات اور امور رابطہ کمیٹی سنبھال لے گی۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی جو کراچی کے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں سے مل کر حقائق سے آگاہ کریں۔ 12 مئی واقعات کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کرانے کےلئے ایم کیو ایم تیار ہے اس سے حقائق سامنے آئیں گے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے اور کچھ عناصر جمہوریت کو سبو تاژ کرنا چاہتے ہیں یہی لوگ کارروائیاں کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ صفوں میں چھپے شر پسند عناصر کو باہر نکالا جائے۔ جبکہ الطاف حسین کی دستبرداری کے اعلان کے بعد کارکان آبدیدہ ہو گئے اور انہوںنے کہاکہ ہمیں منزل نہیں رہنما چاہئے ، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے کے نعرے لگائے۔ جبکہ اس موقع پر 9 اپریل کو کراچی میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء نائن زیرو پہنچ گئے جس دوران متحدہ کے رہنمائوں و کارکنان نے ان سے تعزیت کی۔ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے پارٹی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل ورکرز اجلاس کے دوران رابطہ کمیٹی کے نام فاروق ستار کی جانب سے پڑھے گئے خط میں متحدہ کے بانی نے کہا کہ 9اپریل کو پارٹی قیادت شہر میں امن قائم کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام امور رابطہ کمیٹی چلائے۔

اسلام آباد-------قومی اسمبلی نے ڈنمارک کے اخبارات میں نبی کریم کی شان میں گستاخی پر مبنی خاکوں کی اشاعت کے خلاف 4 تحاریک التواء بحث کیلئے منظور کر لیں۔ فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن حاجی محمد فضل کریم نے جمعہ کو ایوان میں تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم ڈنمارک کے اخبارات میں نبی کریم کی شان میں گستاخی کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے چارٹر میں تمام انبیاء کرام کی عزت واحترام کی شق بھی شامل کرے۔ حاجی اکرم انصاری نے کہاکہ اس اہم مسئلہ پر ایوان معمول کی کارروائی روک کر بحث کرائے اور حکومت اس پر واضح موقف اختیار کرے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ یہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے ایوان اس پر بحث کرے اورایسی قانون سازی کی جائے کہ جو ملک ایسے اقدامات کرے اس سے فوری طو رپر سیاسی وسفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔ نور الحق قادری نے فاٹا کی طرف سے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈنمارک میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے اس مسئلہ کو زیر بحث لایا جائے۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہاکہ تحریک التواء میں ان کا اور عثمان ابراہیم کا نام بھی پڑھا جائے۔قائد حزب اختلاف چوہدری پرویز الہی نے اس موقع پر کہاکہ ہمارے ساتھیوں نے بھی اس سلسلے میں تحریک التواء جمع کرائی تھی ہم بھی اس کی حمایت اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہیں اس پر ہمیں بھی بولنے کا حق دیا جائے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک نے تحریک کی مخالفت نہیں کی جبکہ وفاقی وز یر اطلاعات ونشریات شیری رحمٰن نے ایوان کو بتایا کہ اس حوالے سے دفترخارجہ نے بھی بیان جاری کیا ہے جس کے بعد سپیکر نے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف بحث کیلئے دو گھنٹے کا وقت مقرر کر دیا۔
آسٹریلیا کانئی پاکستانی حکومت کی جانب سے عسکریت پسندوں سے بات چیت کی رپورٹس پر اظہار تشویش
سنیا---------- آسٹریلیا نے پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی رپورٹوں پر اپنے ملک کی تشویش کا اظہار کیاہے جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا نے دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کرنے اور اس حوالہ سے تعاون بڑھانے اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق گزشتہ روز یہاں آسٹریلیا کے وزیراعظم کیون مائیکل روڈ نے صدر پرویز مشرف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مستقبل میں پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے بارے میں انتہائی مثبت نقطہ نظر رکھتا ہوں اور ہم مستقبل میں مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم نے صدر پرویز مشرف کے ساتھ ان کے ہوٹل میں 30 منٹ کے مقررہ وقت کی بجائے 50 منٹ سے زائد ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کے ساتھ میری ملاقات انتہائی مفید رہی اور ہم نے آنے والے برسوں میں پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات انتہائی اچھے ہیں اور ہم مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ اپنے ممکنہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب بھی موقع ملا وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ صدر پرویز مشرف پہلے سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا جبکہ سابق آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ نے پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی رپورٹوں پر اپنے ملک کی تشویش کا اظہار کیا۔ صدر پرویز مشرف نے پاکستان کی کثیر الجہتی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندی کے خلاف حکومت پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور وہ پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گا جبکہ قبائلی علاقوں میں سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے انتہا پسندی کے مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستانیوں کی اکثریت اعتدال پسند ہے اور مٹھی بھر انتہا پسندوں کو خطہ میں امن و استحکام کیلئے دہشت گردوں سے الگ کرنے کی ضرورت ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان میں زمینی حقائق اور پاک۔افغان بارڈر کے ساتھ انتہا پسندی و دہشت گردی کے سدباب کیلئے اختیار کی گئی حکمت عملی سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے صدر مشرف کی اس بات سے اتفاق کیا کہ مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے فوجی حل آگے بڑھنے کا راستہ نہیں کیونکہ طاقت کے ساتھ ساتھ سیاسی اور ترقیاتی حکمت عملی بھی ضروری ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ آسٹریلوی وزیراعظم نے پاکستان میں اعتدال پسند قوتوں کی کامیابی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوجی ذرائع ترک نہیں کر رہا بلکہ سیاسی راستہ بھی اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تعلیم، زراعت، ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کی۔ دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
ممبئی سلمان اور کترینہ شادی کےلئے تیار
ممبئی……بھارتی میڈیا میں ابھی یہ بازگشت ہی ختم نہیں ہوئی تھی کہ سلمان خان ان دنوں برازیل کی ماڈل برونا عبداللہ کے ساتھ اچھا وقت گزار رہے ہیں کہ یہ خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں کہ سلمان خان اپنی پرانی دوست اور بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کترینہ کیف سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس بار دونوں شادی کیلئے کافی سنجیدہ ہیں اور ان دنوں سلمان اور کترینہ شادی کیلئے مناسب تاریخ ڈھونڈ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب میں صرف انتہائی قریبی عزیز اور دوست شرکت کریں گے۔
اداکار شان پین اور انکی بیوی نے طلاق کی پٹیشن واپس لے لی
ہالی وڈ……ہالی وڈ کے آسکر ایوارڈیافتہ اداکار شان پین اور ان کی بیوی نے عدالت سے اپنی طلاق کی پٹیشن واپس لے لی ۔شان پین اور ان کی بیوی رابن نے انیس سو چھیانوے میں شادی کی تھی،دونوں نے پچھلے سال دسمبر میں کیلی فورنیا کی ایک عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی ،جس میں کہا گیا تھا کہ باہمی ناچاقی کے باعث دونوں ساتھ نہیں رہنا چاہتے ۔لیکن اب اس جوڑے نے اپنا ارادہ تبدیل دیا ہے اور عدالت سے پٹیشن واپس لے لی ہے ۔5سالہ شان پین 2004ء میں فلم ’مسٹک ریور‘ کیلئے آسکر ایوارڈ جیت چکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ چار بار آسکر ایوارڈز کیلئے نامزد ہو چکے ہیں ۔انہوں نے اپنی بیوی رابن کے ساتھ ایک فلم’دی پلیڈج‘ میں بھی کام کیا ہے ۔ان کی بیوی رابن جو خود بھی ایک اچھی اداکارہ ہیں اب تک کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں جن میں ’فارسٹ گمپ‘ اور’بیو ولف‘ قابل ذکر ہیں۔ واضح رہے کہ پین رابن سے شادی کرنے سے قبل اسی کی دہائی میں میڈونا سے چار سال تک رشتہ ازدواج سے منسلک رہ چکے ہیں۔
اداکارہ کاجول کے والدانتقال کر گئے
ممبئی…… بالی وڈ کی اداکارہ کاجول کے والد شومو مکھرجی5 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے ۔شومو مکھرجی پیشے کے اعتبار سے پروڈیوسر اور ہدایت کار تھے۔ شومو نے ’چھلیا بابو‘،’لور بوائے‘ اور ’پتھر کے انسان‘ جیسی فلمیں بنائیں ۔ان کا اپنا ایک اسٹوڈیو بھی تھا جس کا نام ’فلمالیا اسٹوڈیو‘ تھا۔شومو نے پسماندگان میں ایک بیوہ تنوجااور دو بیٹیا ں کاجول اورتنیشا چھوڑیں۔شومو کی بطور ہدایت کار آخری فلم ’سنگ دل صنم ‘ تھی جس میں سلمان خان اور منیشا کوئرالہ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔شومو کا انتقال ایسے وقت ہوا ہے جب ان کی بیٹی کاجول کی نئی فلم’یو می اور ہم‘ نمائش کیلئے پیش ہونے والی ہے۔
افغانستان میں جنگ بدستور جاری‘ہزاروں شہری اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور
کابل……افغانستان میں جاری جنگ میں توسیع ہورہی ہے جبکہ ہزاروں شہری رواں سال کے دور ان اپنے گھر چھوڑ نے پر مجبور ہوئے ۔یہ بات انٹر نیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے صدر جیکپ کیلن برگر نے کہی ۔تنظیم کی طرف سے جاری کر دہ بیان کے مطابق افغانستان میں عدم سلامتی کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور مسلح تصادم کے واقعات میں بھی شدت پیدا ہورہی ہے یہ صورتحال جنوب کے علاقہ تک محدود نہیں بلکہ مشرق اور مغرب میں یھی پائی جارہی ہے اقوام متحدہ نے بتایا کہ 8ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر انتہا پسند شامل ہیں جبکہ امریکہ کی اتحادی حکومت کے 2001ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد 2007کے حالات انتہائی ہلاکت خیز ثابت ہوئے اورکم از کم 13000افراد اپنے مکانات چھوڑکر فرار ہو چکے ہیں تنظیم کے مطابق خطرناک علاقوں تک محدود رسائی کی بناء پر فرار ہونے والے افراد کا پتہ چلانا مشکل ہے ترجمان نے بتایا کہ امریکی فوج نے کئی بے گناہ افراد کو قیدی بنا رکھا ہے بعض افرادذ کو پانچ سال سے زائد عرصہ سے حراست میں رکھا گیا ہے ـ
صدر مشرف کی چینی صدر سے ملاقات پاک چین تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال
سنیا…… صدر پرویزمشرف نے چینی صدر ہوجن تاؤ سے ثانیہ میں ملاقات کی ۔ملاقات ڈیڑھ دگھنٹے جاری رہی جس میں پاک چین تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چینی صدر نے کہاکہ صدر پرویز مشرف نے دونوں ملکوںکے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کر دار ادا کیا ہے صدر پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں آٹھ مرتبہ چین کا دورہ کیا ہے جو کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی کا اظہار ہے ۔صدر پرویز مشرف نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو وسیع البنیاد قرار دیا اور کہا کہ اب یہ تعلقات عوام میں سرایت کرچکے ہیں پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔اس موقع پر دونوں ممالک کے وزراء نے پانی و بجلی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجی اور کھیل و ثقافت کے شعبوں میں بھی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کئے ۔
شعیب اختر کو اپنا رویہ بہتر کرنا ہو گا، مشتاق محمد
کراچی……سابق ٹیسٹ کرکٹرمشتاق محمد نے کہا ہے کہ شعیب اختر اپنے رویے میں بہتری لا کر کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ایکسپریس پر پانچ سال کی پابندی زائد ہے۔ جبکہ شعیب اختر کو بھی اپنے رویے میں بہتری لا کر کھلاڑیوں جیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔ مشتاق محمد نے کہا کہ آئی سی ایل کھیلنے والوں نے اپنے بہتر مستقبل کیلئے درست فیصلہ کیا ہے۔ کیونکہ کرکٹ اب کمرشل ہو گئی ہے بورڈ کھلاڑیوں کے ذریعے کماتا رہا ہے لیکن اب کھلاڑیوں کی آمدنی کا وقت آگیا ہے ایک سوال کے جواب میں مشتاق احمد نے کہاکہ شعیب اختر اپنے رویے میں بہتری لا کر کرکٹ کھیل سکتے ہیں
کراچی میں کوئی انٹر نیشنل میچ منعقد نہیں ہو سکے گا، میر ظفر اللہ جمالی
کراچی……پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ کراچی میں اب کوئی انٹر نیشنل میچ منعقد نہیں ہوسکے گا ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس اور جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد پی ایچ ایف کے صدر میر ظفر اللہ خان جمالی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم ایف آئی ایچ کے معیا رکے مطابق نہیں رہا ،اسلئے آئندہ یہاں کوئی انٹر نیشنل میچ نہیں ہو سکے گا ۔انہوں نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے ہاکی کلب آف پاکستان کو گرا کر اسٹیڈیم کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن ان کے رہتے ہوئے ایسا نہیں ہو سکتا ۔پی ایچ ایف کانگریس نے جنرل کونسل کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس کی جگہ ایگزیکٹیو بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں چاروں صوبائی ایسوسی ایشنز کے سیکریٹری ،پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری ،ویمنز ونگ اور ڈپارٹمنٹس کے نمائندے شامل ہوں گے ۔اس کے علاوہ اجلاس میں کھلاڑیوں کے غیر ملکی دوروں کے دوران معاوضے میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
فلم ’’ جودھا اکبر ‘‘ میں تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ‘پرنس طوسی
حیدر آباد۔۔۔۔۔مغل خاندان کے ایک رکن نے پرنس یعقوب حبیب الدین طوسی نے ایک مرتبہ فلم ’’ جودھا اکبر ‘‘ پر پابندی کا مطالبہ د ہراتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائریکٹر اشوٹوش گواریکر نے تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ اکبر کا جودھا بائی سے کوئی تعلق تھا نہ ہی وہ انکی بیوی تھیں ۔ جودھا بھائی اکبر کی بہو اور جہانگیر کی بیوی تھیں او ران کا اصلی نام من متی تھا ‘ وہ راجہ ادے سنگھ جودھ پور کی دختر تھیں چونکہ من متی کا تعلق جودھ پورسے تھا اس لئے جہانگیر نے انکا نام جودھا بائی رکھ دیا ۔ یہ باتیں انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہیں ۔انہوں نے کہا کہ فلم ریلیز ہونے سے قبل انہوں نے ڈائریکٹر اشوتوش گواریکر کو مکتوب تحریرکرتے ہوئے مطلع کیا تھا کہ وہ تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں ۔ اکبر کی پہلی بیوی کا نام رقیہ تھا جو ہندال کی بیٹی تھیں جبکہ اکبر کی دوسری بیوی عبد اللہ خاں مغل کی دختر تھیں ‘ تیسری بیوی کا نام سلطان سلیمہ بیگم اور چوتھی بیگم کا نام ہرکا بائی تھا ۔ بعد میں اکبر نے انکا نام مریم زمانی رکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے جو ابھی زیر سماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کیا جارہا ہے کہ جودھا بائی اکبر کی بیوی اور شہزادہ سلیم کی ماں تھیں جو سراسر گمران کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے پور ‘ اتر پردیش ‘ مدھیہ پردیش اور کئی ریاستوں میں اس فلم کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے اسکے باوجود فلم کی نمائش جاری ہے ۔ انہوں نے مختلف تاریخ دانوں او رماہرین کے حوالے سے جن میں پروفیسر آرناتھ راجستھان یونیورسٹی ‘ ڈاکٹر آشیر وادی لال سریو استو‘ ڈاکٹر وشوا سروپ بھار ‘ ڈاکٹر جے ایل مہتا اور ڈاکٹر ستیش چندرا شامل ہیں نے کہا کہ جودھا بائی اکبر کی بیوی نہیں تھیں ۔ راجستھان ایسوسی ایشن بھی اس فلم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کئے ہوئے ہیں۔
امیتابھ بچن کیخلاف دوبارہ پوسٹر آویزاں کر دئیے گئے
ممبئی۔۔۔۔۔بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کو نشانہ بناتے ہوئے ممبئی کے جوہو علاقہ میں ایک مرتبہ پھر پوسٹر آویزاں کئے گئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ امیتابھ بچن نے ممبئی ٹریفک پولیس کی حالیہ ’’ نو ہانکنگ ‘‘ ( ہارن بجانے سے گریز ) مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا جسے بنیاد بناتے ہوئے پوسٹر میں اسی مہم او رامیتابھ کے کردار کو مذاق کے طور پر پیش کیا گیا ہے ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ مراٹھی میں تحریر کردہ پوسٹر پر راج ٹھاکرے کی مہاراشٹرا نونر مان سینا کا ’لوگو ‘ہے ۔ تاہم پارٹی ترجمان شریش پارکر سے جب رابطہ قائم کیا گیا تو انہوںنے ایسے کسی واقعے سے لا علمی کا اظہار کیا ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امیتابھ کے خلاف پوسٹر شائع کیا گیا تھا جس میں زرعی اراضی کیس کو بنیاد بناتے ہوئے پوسٹر شائع کئے گئے تھے ۔
ایشیاء کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں فلم ’’ صدیاں ‘‘ کیلئے گانے کی شوٹنگ
سر ی نگر ۔۔۔۔۔ایشیاء کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کے حسن نے نہ صرف سارے عالم کے سیاحوں کو مسحور کر رکھا ہے بلکہ بالی ووڈ نے بھی اب یہاں فلم بندی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ اداکار و سیاستدان شترو گھن سنہا کے بیٹے لو سنہا اور فرینہ وزیر پر ایک گیت کی فلم بندی اسی حسین و پر فضا مقام پر کی گئی ۔ فلم ’’ صدیاں ‘ ‘ کے ڈائریکٹر راج کنور نے بتایا کہ فلم بندی کے ساتھ ہی سینکڑوں مقامی افراد جمع ہو گئے جن میں اسکول کے بچے بھی شامل تھے ۔ فلم میں ہیما مالنی ‘ ریکھا اور شی کپور بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں ۔
عدالت نے سنجے دت کو بیرون ممالک جانیکی اجازت دیدی
نئی دہلی ۔۔۔۔۔سپریم کورٹ نے بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے ۔ چیف جسٹس کے جی بالا کرشنن ‘ جسٹس آروی رویندرن او رجسٹس ایم کے شرما پر مشتمل بنچ نے حکام کو ہدایت کی کہ سنجے دت کا پاسپورٹ انہیں واپس کیا جائے تاکہ وہ بیرون ممالک کا سفر کر سکیں ۔
نئی آنیوالی فلم ’’ کریزی 4‘‘ کے دو گانوں پر پابندی
ممبئی۔۔۔۔۔ممبئی ہائیکورٹ نے پروڈیوسر راکیش روشن کی آنےوالی فلم ’’ کریزی 4‘‘ کے دو گانوں کو موسیقار رام سمپت کے گیتوں کی نقل قرار دیتے ہوئے اس فلم کی ان دو گیتوں کیساتھ نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ جسٹس ڈی جی کارنک نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فلم ’’ کریزی 4‘‘ کو اس کے دو گیتوں کے بغیر نمائش کیلئے پیش کیا جا سکتا ہے ۔ عدالت نے مزید کہا ہے کہ فلم کے دو گیت رام سمپت کے گیتوں سے مماثلت رکھتے ہیں ۔ عدالت نے اس فلم کے آڈیو سی ڈیز او رکیسٹس کو ان دو گیتوں کے ساتھ فروخت پر بھی پابندی لگا دی ہے ۔
عامر خان 24اپریل کو لتا منگیشکر سے ایوارڈ وصول کرینگے
ممبئی۔۔۔۔۔اداکار و ہدایتکار عامر خان کو ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر سمرتی پرتیتھان کا خصوصی ایوارڈ پیش کیا جائے گا جو لتا منگیشکر 24اپریل کو انہیں ایک تقریب میں دیں گی ۔ ماسٹر دیناناتھ منگیشکر کے 66ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب میںعامر خان کو پیش کیا جانےوالا ایوارڈ ہندوستانی فلموں میں بہترین اداکاری اور بہترین ہدایتکاری کے ضمن میں پیش کیا جارہا ہے ۔ بتایا گیاہے کہ عامر خان عام طو رپر ایوارڈ تقریب میں نہیں جاتے تاہم جب ان سے ایوارڈ کی پیشکش کے بارے میں کہا گیا تو انہوں نے فوراً ہاں کر دی۔
پشتو فلموں نے معیار کے حوالے سے دیگر زبان کی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ‘ صباشاہی
لاہور۔۔۔۔۔پشتو فلموں کی نامور اداکارہ صباء شاہین نے کہا ہے کہ اس وقت فلم انڈسٹری میں پشتو فلموں نے معیار کے حوالے سے دیگر زبان کی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اورفلم انڈسٹری کو سہارا دینے کیلئے اردو اور پنجابی فلموں کو بھی اسکرپٹ کے حوالے سے معیاری اور خوبصورت بنانا ہوگا ۔ وہ یہ باتیں گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کر رہی تھیں ۔ صباء شاہین نے کہا کہ اس وقت فلم انڈسٹری کا بحران دور کرنے کیلئے سب لوگوں کو آپس میں ملکر منصوبہ بندی کرنا ہو گی اور اچھی اور معیاری فلمیں بنانی ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ سینما کلچر کو بہتر بنانے کیلئے اسکرپٹ جیسی بنیادی چیز پر توجہ دینی چاہیے ۔
زبیر شاہ نے نئی فلم کی تیاریاں شروع کر دیں
لاہور۔۔۔۔۔فلمساز زبیر شاہ نئی پنجابی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی نئی پنجابی فلم کو نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میںبھی ریلیز کریں گے ۔ انہوں نے بتایا گزشتہ ماہ ’’سوہا جوڑا ‘‘کینیڈا میں ریلیز کی گئی جسے وہاں مقیم پاکستانیوں کی اکثریت نے بہت پسند کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں بھارتی فلموں کی بڑھتی ہوئی نمائش سے مقامی انڈسٹری کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا یہ فائدہ اسی طور پر ممکن ہے جب ہماری فلمیں بھی بھارت میں نمائش کیلئے پیش کی جائیں ۔
جان ریمبو کی پرستاروں سے انکے والد کی صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل
لاہور۔۔۔۔۔نامور اداکار جان ریمبو کے والد ان دنوں راولپنڈی میں علیل ہیں ۔ جان ریمبو جو ان دنوں والد کی دیکھ بھال کیلئے راولپنڈی میں موجود ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور میری پرستاروں سے اپیل ہے کہ وہ میرے والد کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کریں ۔ جان ریمبو نے کہا کہ دنیا میں سب سے قیمتی چیز والدین ہوتے ہیں اور میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنے والدین کی دعائوں کی بدولت ہوں ۔ جان یمبو کی بیگم صاحبہ بھی ان دنوں اپنے سسر کی تیمارداری میں مصروف ہیں ۔
ُؒ

حکومت نے وعدے کے مطابق پیمرا کے کالے قوانین کے خاتمے کابل قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے، شیری رحمان
اسلام آباد ---------وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق پیمرا کے کالے قوانین کے خاتمے کابل قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے جو سپیکر نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیاہے،اب کوئی ٹی وی چینل بندنہیں ہوگا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوری اقدار کی خاطر جان دی ق لیگ کے دور میں پی ٹی وی پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف چلنے والی اشتہاری مہم کی تحقیقات کی جائیں گی، پرنٹ میڈیا کے حوالے سے کابینہ کے اگلے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا، جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پیمرا آرڈیننس سیکشن 27کے تحت دس امتیازی شقوں کو ختم کرکے پیمرا کے کالے قوانین کی منسوخی کا بل پارلیمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے آئندہ ہفتے کیبل آپریٹرز سے ملاقات ہوگی ادارے کے مالکان صحافیوں کی پرائیویٹ انسورنش کریںـپاکستان میں جمہوری قدروں اور پریس کی آزادی کیلئے آج کا دن خوش آئندہے حکومت اور پیپلزپارٹی کی طرف سے میڈیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی لمبی کاوشوں کے نتیجے میں یہ تحفہ ملا ہے جس کیلئے سب نے ملکر مشترکہ کوششیں کی ہیں انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں پمرا کے 3 نومبر 2007ء کے کالے قوانین کو منسوخ کرنے کا بل پارلیمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیاگیا جوجلد پاس ہو جائےگا اطلاعات کی کمیٹی میں ان کو قانونی شکل دی جائے گیـانہوں نے کہا کہ میڈیا کے لوگوں کو جو بھی تحفظات ہیں اس حوالے سے وہ ہمیں پہلے آگاہ کر دیں حکومت کی وزیر ضرور ہوں لیکن میڈیا کی ترجمانی کرتی ہوں اس وقت تحمل کی ضرورت ہے ـوزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ ہم کالے قوانین ختم کر دیں گے انہوں نے کہا کہ ان قوانین کی منسوخی سے الیکٹرانک میڈیا کو کچھ تو تقویت ملے گی یہ پہلا قدم ہے انہوں نے کہا کہ پمرا کے دیگر قوانین پر بھی تشویش ہے جن کو آگے جا کر دیکھیں گے انہوں نے کہا کہ میں صحافیوں کیلئے ہر وقت حاضر ہوں یہ عوامی حکومت ہے اس کا رویہ بھی ایسا ہی ہونا چاہئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کیبل آپریٹروں نے دبائو کے تحت کیبل بند کی تھیں وزارت نے احکامات جاری نہیں کئے تھےـپمرا ہماری وزارت کے متحد نہیں آتاـشیری رحمان نے کہا کہ آئندہ ہفتے کیبل آپریٹرز اور براڈ کاسٹرز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس ہو گا کابینہ سے مشاورت کے بعد ایسی باڈی تشکیل دی جائے گی جو ورکنگ جرنلسٹس اور مالکان پر مشتمل ہو گی انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرے گی تاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ضائع نہ جائےـانہوں نے کراچی میں صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو سات سالوں میں ریاستی تشدد کا سامنا کرنا پڑاـدوران ڈیوٹی زخمی یا جاں بحق ہونے والے صحافیوں اور ان کے لواحقین کیلئے فنڈ قائم کیا جائے گاـایڈیشنل سیکرٹری نے اس پر کام شروع کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت لواحقین کی داد رسی کیلئے کچھ فنڈ دے گی جو زیادہ تو نہیں لیکن اس سے کچھ نہ کچھ استفادہ ضرور ہو سکے گاـ شیری رحمان نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ہم پرامن اقتدار کی منتقلی چاہتے ہیں ہم حکومت کی رٹ اور پورے ملک میں امن قائم کریں گےـ انہوںنے بتایا کہ آر ڈیننس002کے سیکشن 27کے تحت دس امتیازی شقوں کو ختم کرکے پارلیمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ۔انہوںنے بتایا کہ لائسنس منسوخ اپیل نہ کر نے کا قانونی حق پیمرآلات سیل کر نے جیسے تمام اختیارات کو ختم کر دیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہنگامی حالات میں نیٹ ورک بند نہیں ہوگا لائیو کوریج کی مکمل آزادی ہوگی کوئی کیبل آپریٹر نشریات کو بند نہیں کرسکتا ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو اہلکار قواعد و ضوابط کے مطابق کام کریں گے ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا تاہم احتساب ہو گا جو کمیٹی اور عوام کے ذریعے کیا جائے گاـانہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کو ٹارگٹ کرنا روایتی حربہ ہے اگر بیورو کریسی قواعد یا ہمارے احکامات کے خلاف کام کرے گی تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گیـایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے دور میں پی ٹی وی پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف چلنے والی اشتہاری مہم کی تحقیقات کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کے حوالے سے کابینہ کے اگلے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گاـایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے ججز کی بحالی اور ایف سی آر کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے گیـجس میں بہت پیشرفت ہو گیـ
٭٭٭٭٭٭٭٭
ججز کی بحالی کےلئے آئندہ ہفتے کمیٹی تشکیل دی جائیگی، فاروق ایچ نائیک
اسلام آباد---------------- وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ ججوں کی بحالی کے لئے آئندہ ہفتے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جبکہ میڈیا کی آزادی کے لئے پیمرا قوانین میں ترامیم کی جارہی ہیں ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ معزول ججوں کی پارلیمنٹ میں قرارداد کے ایک حکم نامے کے تحت بحالی کے طریقے کار سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں ۔ ان کا کہناتھا کہ اگلے ہفتے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو معزول ججوں کی بحالی کا طریقے کار طے کرے گی ۔اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کے بارے میں وزیر قانون نے کہاکہ اٹارنی جنرل صرف حکومت کو ایڈوائس کر سکتا ہے ۔اگر یہ ملاقات حکومت کی اجازت کے بغیر ہوئی ہے تو اٹارنی جنرل کو ایسی ملاقاتوں سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بینظیر بھٹو کی شہادت کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کروانے کے بارے میں جلد فیصلہ کرے گی ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ ججوں کی بحالی کے لئے آئندہ ہفتے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جبکہ میڈیا کی آزادی کے لئے پیمرا قوانین میں ترامیم کی جارہی ہیں
٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Last edited by ابن جلال; 11-04-08 at 03:17 PM..

 
ابن جلال's Avatar
ابن جلال
Senior Member
تاریخ شمولیت: Apr 2008
مقام: Pakistan
مراسلات: 5,434
شکریہ: 9,850
2,670 مراسلہ میں 4,570 بارشکریہ ادا کیا گیا
مناظر: 268
Reply With Quote
جواب

Tags
فروخت, کورٹ, کراچی, گانے, ٹریفک, پولیس, پاکستانی, ڈنمارک, واقعات, وزیر, وزیراعظم, قواعد, چینل, ماں, اقوام متحدہ, امریکہ, احتجاج, اردو, بے نظیر, دوست, دعا, راستہ, سائنس, طلاق, علی


Currently Active Users Viewing This Thread: 1 (0 members and 1 guests)
 
موضوع کے اختیارات
ظاہری انداز Rate This Thread
Rate This Thread:


Similar Threads
موضوع موضوع شروع کیا فورم جوابات آخری مراسلہ
You Think, Perhaps, that You Will Live Forever زارا Chit Chat 0 14-02-11 07:20 PM
Peepli [Live] (2010) محمدخلیل گپ شپ 15 10-11-10 09:52 AM
live topic عبدالقدوس تجاویز اور شکایات 29 01-09-10 11:20 PM
skydrive.live.com Real_Light ویب سائٹس کا جائزہ 0 27-09-08 02:25 AM
EA™ NBA LIVE 07 [Mobile] عبدالقدوس سوفٹ ویرز کے بارے میں آپکی رائے اور سوفٹ ویر کی درخواست 0 05-10-07 02:28 PM


تمام اوقات پاکستانی معیاری وقت ( +5 GMT) کے لحاظ سے ہیں۔ ابھی وقت ہے 10:04 AM

Powered by vBulletin® Copyright ©2000 - 2012, Jelsoft Enterprises Ltd.
Content Relevant URLs by vBSEO
جملہ حقوق نشرو اشاعت ©2000 - 2012,پاکستان کی آواز - پاکستان کے فورمزکی انتظامیہ کے پاس مخفوظ ہیں۔ ہم اردو ترجمے کے لیے جناب زبیرکے مشکور ہیں-
اپنا بلاگ مفت حاصل کریں wordpress.pk
ہم pak.net ڈومین نیم کے لیے جناب فاروق سرور خان کے مشکور ہیں

Template-Modifications by TMS
vBCredits v1.4 Copyright ©2007 - 2008, PixelFX Studios
Ad Management plugin by RedTyger