برطانوی باشندے ہر سال چالیس لاکھ ٹن خوراک ضائع کرتے ہیں
برطانوی حکومت پیر کےروز دو مطالعاتی جائزے شائع کررہی ہے جن میں سے ایک خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اور دوسرا نامیاتی ایندھن کی دیرپائی کے بارے میں ہے۔
خوراک کی پالیسی کے بارے میں کابینہ کی سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی کئی وجوہات میں سے ایک خوراک کا ضیاع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی باشندے ہر سال 40 لاکھ ٹن خوراک ضائع کرکے پھینک دیتے ہیں اور ایک گھر 800 ڈالر سے زیادہ کی مالیت کی خوراک ضائع کرتا ہے۔
خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی دوسری وجوہات میں خراب فصلیں اور زراعت اور ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی توانائی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
نامیاتی ایندھن کے جائزے کے بارے میں دوسری رپورٹ میں یہ انتباہ کیا گیا جائے گا کہ نامیاتی ایندھنوں کے اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
فصلوں کے نامیاتی ایندھن کے طورپر استعمال نے خوراک کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہونے میں کردار ادا کیا ہے۔