واپس چلیں   پاکستان کی آواز > عمومی بحث و مباحثہ > عمومی بحث



عمومی بحث روز مرہ کی بحث کے لئے یہ سکشن الگ کیا گیا ہے اس میں آپ کسی بھی موضوع پر بات کر سکتے ہیں جس کا کوئی سکشن نہیں ہے


یہ راکھ!

short url
جواب
 
LinkBack موضوع کے اختیارات موضوع کی درجہ بندی ظاہری انداز
پرانا 31-07-10, 06:22 PM   #1
یہ راکھ!
فیصل ناصر فیصل ناصر آف لائن ہے 31-07-10, 06:22 PM

فلائٹ ای ڈی ٹو زیرو ٹو کے ساتھ بھی وہی ہوا جو ہر کریش ہونے والے طیارے کی قسمت ہے۔ ایک سو باون لاشیں چند کلومیٹر کے دائرے میں بکھر گئیں مگر ملبہ دور دور تک جا گرا۔

مارگلہ سے اڑنے والے سیاہ تیز دھار دھاتی ٹکڑوں نے کراچی میں ائر ہوسٹس حنا عثمان کے گھر کی چھت پھاڑ دی۔ چار روز پہلے شادی کرنے والے محمد اویس اور عروسہ کے بیڈ روم کو آگ لگ گئی۔ حیدرآباد میں پریم چند کی ڈیوڑھی زمیں بوس ہوگئی۔ دیر میں محمد شفیع کا حجرہ پہاڑی سے پھسل کر دریا میں جاگرا۔ موگا دیشو میں سماتر بشیر کی ماں کے سر میں ٹکڑا پیوست ہوگیا اور امریکی فٹ بالر میشا داؤد کے لان کی کیاریوں سے دھواں اٹھنے لگا۔

گیلے پہاڑوں کے درمیان سے سفید دھواں اٹھتے ہی مارگلہ کی ترائی میں بدحواسوں کا میلہ سج گیا۔ آناً فاناً سٹال کھڑے ہونے لگے۔

معلومات کے خریداروں کا اس قدر ہجوم کہ کھوے سے کھوا چھل رہا ہے۔
یہ پمز ہسپتال کا سٹال ہے۔ جہاں تسلیوں کے گولے گنڈے بیچے جا رہے ہیں۔ تھوڑی دیر بعد یہاں اعضا سے بھری گٹھڑیاں لائی جاویں گی، بدحواس لوگوں کے سامنے کھول دی جائیں گی اور تقسیم ہوجائیں گی۔ وہ نیشنل ڈز آسٹر مینجمنٹ سیل کا اطلاعاتی سٹال ہے جس پر موٹا موٹا لکھا ہوا ہے کہ برائے کرم ریسکیو ہیلی کاپٹرز کی پروازوں کی تعداد کے علاوہ ہم سے کچھ نہ پوچھا جائے۔ برابر میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کیبن ہے جہاں کاؤنٹر پر کھڑے رضاکار انتظار کر رہے ہیں ان احکامات کا کہ انہیں کیا بیچنا ہے اور کیا نہیں۔ اس کے سامنے پولیس، فوج اور رینجرز کا مشترکہ ٹینٹ لگا ہوا ہے مگر شائد انہیں کوئی بتانا بھول گیا ہے کہ میلے میں کسے روکنا ہے اور کسے داخل ہونے دینا ہے۔ بدحواس لوگوں اور رضاکاروں کی باوردی لوگوں سے تکرار کا سب سے زیادہ شور یہیں سے اٹھ رہا ہے۔

میلے کے عین وسط میں وزیرِ داخلہ رحمان ملک خالی کنستر پر کھڑے منجن بیچ رہے ہیں، 'مہربانو قدر دانو! آپ کو خوش خبری دیتا ہوں کہ پانچ لوگ زندہ بچ گئے ہیں۔ معاف کرنا میں کہہ رہا تھا کہ پانچ لوگ زندہ مل گئے پھر وہ مرگئے'۔

کچھ فاصلے پر وزیرِ اطلاعات قمر زمان کائرہ میگا فون پکڑے آموں کی دو خالی پیٹیاں جوڑ کر کھڑے ہیں۔ 'بھائیو اور بہنو! اس مسخرے کی باتوں میں نہ آئیے گا۔ یہ عادت سے مجبور ہے۔ میں خوش خبری دیتا ہوں کہ بلیک باکس مل چکا ہے۔ تھوڑی دیر میں بس عقدہ کھلنے والا ہے۔ معاف کرنا میرا مطلب ہے کہ بلیک باکس نہیں ملا ۔۔۔ ہم پھر بھی عقدہ کھولے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے'۔

میلے کے بالکل شروع میں کچھ ایمولینسیں اور ان سے کہیں زیادہ وہ ویگنیں پارک ہیں جن پر ڈشیں نصب ہیں اور سیاہ، لمبی لمبی اور موٹی تاریں ویگنوں سے سانپوں کی طرح نکل نکل کر اس خالی میدان تک رینگ رہی ہیں جہاں میڈیا کا تیز رفتار رولر کوسٹر کبھی بلندی پر جا رہا ہے تو کبھی تیزی سے نیچے آ رہا ہے تو کبھی بل کھاتا ہوا زن سے گزر رہا ہے۔

رولر کوسٹر پر کھچا کھچ بیٹھنے والوں کے جوش و خروش کا اندازہ ہا ہو کے فلک شگاف زیرو بم سے لگایا جاسکتا ہے۔ سب رولر کوسٹر سواروں کے سینے پر بیج لگا ہوا ہے۔ شاہد مسعود ایوی ایشن ایکسپرٹ ، حامد میر سابق جمبو پائلٹ، نصرت جاوید ریڈیو آپریٹر، طلعت حسین ائرکموڈور، مہر بخاری فلائنگ انسٹرکٹر، مبشر لقمان فلائٹ مینٹیننس انجینیر، کامران خا۔۔۔

رات ہو چلی ہے۔ دن بھر کے تھکے ہارے بدحواس لوگ برساتی اندھیرے میں رفتہ رفتہ گم ہو رہے ہیں۔ ایک آدھ کے سوا باقی سٹالز والے اپنا اپنا مال پیٹیوں میں واپس رکھ رہے ہیں۔ صبح تک پتہ بھی نہیں چلے گا کہ کل اس میدان میں پندہرواں کل پاکستان فضائی حادثہ فیسٹیول منعقد ہوا تھا۔ صرف ٹین کا ایک کنستر، آموں کی دو خالی پیٹیاں اور بدحواسوں کی سسکیوں کا کچرا رہ جائے گا۔

سینکڑوں اور ہزاروں کلومیٹر پرے ائر ہوسٹس حنا عثمان، نویلے دولہا اویس، پریم چند، محمد شفیع، سماتر بشیر اور میشا داؤد کے گھر سمیت لگ بھگ ڈیڑھ سو چھتوں پر صبر کی راکھ اترنا شروع ہوجائےگی۔ آہستہ، آہستہ ، آہستہ ۔۔۔

یہ راکھ اس رات کا ثمر ہے
جو مجھ سے تجھ سے عظیم تر ہے

وسعت اللہ خان (بی بی سی اُردو)
__________________
(اے پروردگار) ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں

Last edited by shafresha; 31-07-10 at 11:03 PM.. وجہ: حوالہ!

 
فیصل ناصر's Avatar
فیصل ناصر
Senior Member

تاریخ شمولیت: Dec 2007
مقام: کراچی
مراسلات: 17,523
شکریہ: 36,134
13,828 مراسلہ میں 40,302 بارشکریہ ادا کیا گیا
مناظر: 83
Reply With Quote
3 قاری/قارئین نے فیصل ناصر کا شکریہ ادا کیا
shafresha (31-07-10), نورالدین (31-07-10), عبداللہ آدم (04-08-10)
جواب

Tags
color, green, ہے۔, کلومیٹر, کراچی, گھر, پاکستان, چین, میڈیا, ماں, اللہ, حنا, خوش, خان, رفتار, شور, شادی, شروع, عقدہ, عادت, عثمان, عظیم, صبح, صبر, صرف


Currently Active Users Viewing This Thread: 1 (0 members and 1 guests)
 
موضوع کے اختیارات
ظاہری انداز Rate This Thread
Rate This Thread:



تمام اوقات پاکستانی معیاری وقت ( +5 GMT) کے لحاظ سے ہیں۔ ابھی وقت ہے 04:39 AM

Powered by vBulletin® Copyright ©2000 - 2012, Jelsoft Enterprises Ltd.
Content Relevant URLs by vBSEO
جملہ حقوق نشرو اشاعت ©2000 - 2012,پاکستان کی آواز - پاکستان کے فورمزکی انتظامیہ کے پاس مخفوظ ہیں۔ ہم اردو ترجمے کے لیے جناب زبیرکے مشکور ہیں-
اپنا بلاگ مفت حاصل کریں wordpress.pk
ہم pak.net ڈومین نیم کے لیے جناب فاروق سرور خان کے مشکور ہیں

Template-Modifications by TMS
vBCredits v1.4 Copyright ©2007 - 2008, PixelFX Studios
Ad Management plugin by RedTyger