ضرورت ایجاد کی ماں ہے یہ تو ہم سب نے سن رکھا ہے ۔
انسان مٹی سے بنایا گیا پھر اسے گوشت میں بدل دیا گیا اس گوشت کے انسان نے اپنے جسم کی راحت اور سجاوٹ کے لیے کیا کیا ایجاد نہیں کیا ۔
انسانی بدن وقت کے ساتھ ساتھ اپنی حالت بدلتا رھتا ہے عروج سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والا بندن مخلتف حالات اور واقعات سے گزرتا ہوا زوال تک پہنچتا ہے اور دوبارہ مٹی میں مل جاتا ہے ۔
مگر انسان ہے کہ اسی تگ و دو میں لگا رھتا ہے کہ یہ ہمیشہ جوان اور خوبصورت ہی رہے ۔
اگر سر سے پاوں تک جائزہ لیا جائے تو کتنی ایجادات انسانی جسم کے لیے کی گئیں ہیں ۔ جیسے سر کے بال دوبارہ اگانے کے لیے ہیئر ٹرانسپلانٹ جیسی سرجری وجود میں آئی پھر اسے استعمال کروانے کے لیے احساس کمتری اور شادی کا نہ ہونا کو اہم موضوع بنایا گیا کہ اگر سر پر بال نہیں تو آپ کی شادی نہیں ہو سکتی احساس کمتری کاشکار ہو نا چھوڑیے اور آج ہی لاکھوں روپے کی تکلیف دہ سرجری کروائیں اور احساس کمتری سے نجات پائیں شادی کروا کر بال دوبارہ غائب کروائیں۔
ناک پتلا موٹا اور سیدھا کرنے چہرے کی جھریاں ڈھلتی عمر کو چھپانے کے لیے پلاسٹر سرجری کو استعمال کیا گیا۔ کئی دولت مند حسیناوں اور مردوں نے اپنے جسم کو اس سرجری سے تراش خراش کے خوبصرت بنانے کی کوشش کی ۔
آنکھوں کے لیے طرح طرح کے رنگ برنگے لینز بنائے گئے جن سے آپ گرگٹ کی طرح اپنی آنکھوں کا رنگ بدل سکتے ہیں ۔
چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں سے بال ختم کرنے کے لیے کئی طرح کی کریمیں ویکس اور لیزر مشینیں بنائی گئیں جن سے مردوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے ۔
انسان کو گورے کالے رنگ کے چکر میں ڈال کر فضول اور بے کار فارمولوں کی
کریموں سے لوٹا جا رھا ہے جن کا فائدہ کم نقصان ذیادہ ہے ۔ مزے کی بات کہ اس دوڑ میں خواتین کو بے وقوف بنا کر اچھی طرح لوٹنے کے بعد اب مردوں کی باری آ گئی ہے جن کے لیے نت نئی کریمیں بازار میں آ چکی ہیں ۔
اب کالے مرد حضرات بھی ان کریموں کی برکت سے گورے ہو سکتے ہیں ۔
انسان جسم کی خوبصورتی کے لیے نت نئے فیشن ایجاد کرتا ہے حالاں کہ اگر آپ ایسے ڈھنگ کے کپڑے ہی پہن لیں جن کو پہن کر آپ واقعی انسان ہی لگیں تو کافی ہیں۔
لیکن بے تکے فیشن کر کے مرد اور عورت دونوں سجے ہوے عید کے گاے بکرے ہی لگتے ہیں ۔
یہ تو تھی جسم کی بات جس کو سجانے سنوارنے کے لیے انسان دن رات سوچتا اور دوڑ بھاگ کرتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیکن
اس جسم کے اندر ایک ایسی روحانی ہستی بھی رہتی ہے جس کو ” روح ” کہتے ہیں۔
انسان اگر جسم اور روح کا حساب کرے تو کتنے فیصد توجہ جسم کو اور کتنے
فیصد روح کو دیتا ہے ۔
روح کو بھی غذا چاہیے روحانیت کی غذا ذکر اور افکار کی غذا جس سے یہ صحت مند اور توانا رہتی ہے ۔
مگر شیطانی کام موسیقی کو روح کی غذا کہ کر غلط تشریح کی جارہی ہے۔
جھوٹ فریب مکاری دھوکے بازی جسم کے لیے تو فائدہ مند ہو سکتے ہیں وقتی سکون دے سکتے ہیں مگر روح کے لیے یہ سب بیماریاں ہیں ۔
جسم کو بیماری لگ جائے تو ہم ڈاکٹر کی طرف بھاگتے ہیں مگر روح کا علاج کبھی نہیں کرتے ۔
سوچیں کہ آپ اپنی روح کے لیے کتنی بھاگ دوڑ کرتے ہیں؟








